ربانی نقطۂ نظر

اوپر کی تصویر پر ایک سرسری نگاہ ڈالیں تو اس میں تمام رکابیاں اور پیالیاں اُلٹی رکھی ہوئی دکھائی دیں گی۔ تاہم اگر آپ اپنی نگاہ کو مرکوز کرتے ہوئے مزید غور کریں اور ان میں صرف ایک رکابی یا پیالی کو سیدھا دیکھ سکیں تو آپ کو رکابیوں اور پیالیوں کا پورا مجموعہ سیدھا نظر آنے لگے گا۔ (اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی نظر کو تھوڑی دیر کے لئے ٹیبل کی بائیں سمت کے نچلے کنارے کے پاس رکھی ہوئی تین پیالیوں پر جما دیں)۔

یہ بظاہر نظر فریبی کی ایک ترکیب ہے مگر اس میں زندگی کا ایک نہایت بصیرت افروز سبق بھی مضمر ہے۔

بسا اوقات ہمارے روز مرہ کے حالات نہایت ابتر اور باہمی تعلقات انتہائی کشیدہ اور خراب ہوجاتے ہیں۔ اس وقت ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ ہماری زندگی کا سارا معاملہ ہی بگڑ چکا ہے اور ہمارے تمام شخصی روابط ناہموار اور ناخوشگوار ہو گئے ہیں۔ لیکن عین اس وقت اگر ہم شعوری طور پر یہ سنجیدہ کوشش کریں کہ حالات کے مجموعی تناظر میں کسی ایک پہلو کو درست یا بڑی حد تک مطلوبہ شکل میں دیکھ سکیں تو ان شاء اللہ دیگر تمام پہلوؤں کو بھی یک لخت یا بتدریج درست اور بہتر بنانے میں کامیاب ہو جائیں۔

ایک صاحب ایمان کے لئے کسی بھی قسم کے بحرانی اور تشویشناک حالات میں کم از کم ایکپہلوہمیشہ درست ہوتا ہے یا اسے ہمیشہ درست ہونا چاہئے۔ وہ پہلو ہے: اللہ کے ساتھ اس کا زندہ تعلق۔ اللہ، جو رب العالمین ہے؛ وہ ہر شئے سے بالا و برتر اور ماوراء ہے اور براہ راست (اگرچہ خفیہ طور پر) تمام مخلوقات ہمہ وقت صرف اسی کی نگرانی اور کنٹرول میں ہیں۔

جب رب العالمین کے ساتھ یہ زندہ و فعال تعلق شعوری اور دائمی طور پر استوار ہوجائے تو وہ ایک صاحب ایمان کو اس قابل بنا دیتا ہے کہ وہ ہر قسم کے متوقع یا غیر متوقع بلکہ انتہائی ناموافق اور بدترین حالات کے ہجوم میں بھی پُرامید رہ سکے، وہ ہر شئے کوربانی نقطۂ نظرسے دیکھے اور ہر جگہ اور ہر صورت حال میں اپنی توجہ اور توانائی کو صحیح کام کرنے اور اپنے گردو پیش کی دنیا میں ایک مثبت تبدیلی لانے پر مرکوز رکھے۔

آئیے، نئے اسلامی/ہجری سال ۱۴۴۳ کی آمد کے موقع پر ہم عہد کریں کہ آج سے ہم اپنی زندگی کے ہر انفرادی و اجتماعی معاملے میں اسربانی نقطۂ نظرکو عملاً اپنائیں گے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت، نیز ما قبل و ما بعد ہجرت، آپ کی پوری زندگی در حقیقت اسیربانی نقطۂ نظرکے مطابق جینے اور پورے انسانی معاشرے کو درست اور صالح بنیادوں پر تعمیر کرنے کا ایک مثالی عملی مظاہرہ ہے۔

والسلام

ابو صالح انیس لقمان

ابوظبی:۰۹ اگست، ۲۰۲۱

Divine Perspective

“Divine Perspective”

At a first glance, you will obviously see in the picture above that each piece of the whole set of dishes/plates/bowls are upside down (topsy-turvy).

However, if you try to observe more keenly and spot one single piece looking upright, the entire set will simultaneously look upright too! (Clue: Focus your eyes for a while on the three small bowls beside the left bottom-line corner).

This is a visual trick but it gives an insightful lesson for life.

We often find our day-to-day affairs in total chaos and inter-personal relations utterly strained. None and nothing seem to be in the right perspective or moving into the appropriate direction. But the moment we deliberately and consciously attempt to discover a single point that looks straight or fairly up to the mark, it will help us re-set everything alright instantly or gradually, in-sha-Allah🤲

For a believer, under any given set of critical or chaotic circumstances, one thing always remains or should remain alright: his/her relation with Allah, the Lord of the worlds; Who is Above and Beyond and Superior to everything and all are directly, though discreetly, sustained and controlled by Him Alone.

Consciously realized and constantly well-maintained; this dynamic relation with the Lord of the worlds, enables a believer, under all expected and unexpected or even worst expected and most disadvantageous circumstances to be optimistic, look at things in the “Divine Perspective” and actively keep on doing the right things and consistently making a positive difference within oneself and everyone around, anytime, anywhere and everywhere.

As the New Islamic/Hijri Year 1443AH is likely to dawn, let’s make a commitment to adopt this “Divine Perspective”whereby we should look at and manage every personal and inter-personal matter of our life ahead. Prophet’s Hijrah () as well as his entire prophetic life before and after was but a perfect demonstration of living one’s own life and building a sane and righteous human society in accordance with the same “Divine Perspective”.

Was-Salam,

ASA Luqman

Abu Dhabi

Monday: 09/08/2021

مایوسی کیوں مستوجبِ کفر ہے؟!

مایوسی مستوجبِ “کفر” کیوں ہے؟
ابو صالح انیس لقمان
صدر شعبۂ تحقیق- سدرہ فاؤنڈیشن
ابو ظبی- امارات
مایوسی (despair) اس ذہنی یا نفسیاتی کیفیت کا نام ہے جس کے تحت ایک انسان یہ محسوس کرتا ہے کہ وہ جس تکلیف دہ صورتِ حال یا پریشان کن مسئلہ سے دو چار ہے اس سے نکلنے کا نہ کوئی امکان ہے نہ اس کے حل ہونے کی کوئی امید۔ معروف انگریزی لغات میں اس کی تعریف یوں کی گئی ہے:

“Despair_the complete loss or absence of hope; the feeling that there is no hope and that you can do nothing to improve a difficult or worrying situation”

بعض افراد پر نا امیدی کے اس احساس کِا غلبہ اتنا شدید ہوتا ہے کہ وہ خود کشی جیسا آخری سنگین اقدام کر بیٹھتے ہیں۔

عام طور پر “مایوسی” کی اس کیفیت کو انسان کی “بے بسی، عاجزی اور بے چارگی” کی علامت یا اس کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے اور اس لئے اس میں مبتلا شخص پر لوگ بظاہر ترس کھاتے ہیں۔ مگر زیادہ گہرائی سے تجزیہ کر کے دیکھا جائے تو منکشف ہو گا کہ مایوسی، اور بالخصوص اس کی بنیاد پر خود کشی کا اقدام، انسان کا ایک خود مختارانہ فیصلہ ہے جو اس کی عاجزی اور بے چارگی کا نہیں بلکہ اس کی خود پسندی، عاجلہ پرستی اور خدا فراموشی کا ثبوت ہے، اس لئے اسے قرآن کے مطابق (سورة يوسف، آيت:87؛ سورة الحجر، آيت: 56) ان لوگوں کا شیوہ قرار دیا گیا ہے جو یا تو خدا کو مانتے ہی نہیں یا پھر اس کے سیدھے راستے سے بھٹک گئے ہیں۔

ظاہری بے چارگی اور عاجزی کے پیکر میں، “مایوسی” اور اس کی بنا پر “خود کشی” کا رجحان یا اقدام؛ ایک ایسا ذہنی وعملی رویہ ہے جو در اصل ایک نہایت لطیف قسم کے انسانی گھمنڈ اور تکبر اور انانیت سے پیدا ہوتاہے۔ یہاں ذہنی گھمنڈ کا پہلو یہ ہے کہ ایسا “مایوس اور مائل بہ خود کشی” شخص گویا اس حقیقتِ واقعہ کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں کہ اس کائنات اور اس میں برپا ہونے والے تمام حالات اور تغیرات کا “کنٹرول” اس کے یا کسی دوسرے انسان کے ہاتھ میں نہیں، بلکہ براہِ راست “خالقِ کائنات” کے ہاتھ میں ہے اور وہ انہیں، بلا شرکتِ غیر، اپنی مشیئت و حکمت سے چلاتا ہے نہ کہ کسی اور کے مشورے یا خواہش کی رعایت سے۔

دوسری طرف یہاں “عملی تکبر” کا پہلو یہ ہے کہ ایسا شخص جب اپنے بظاہر “مایوس کن حالات” کو بدل نہیں سکتا تو ان کو قبول کرنے اور ان کے ساتھ ممکنہ ہم آہنگی اختیار کرنے سے بھی انکار کرتا ہے، دوسرے لفظوں میں گویا وہ چاہتا ہے کہ خدا کو، اگر بالفرض وہ ہے؛ اس کائنات اور اس کے احوال و ظروف کا سارا انتظام اس کی مرضی کے مطابق کرنا چاہئے۔ ایسی حالت میں جو شخص خود کشی کا اقدام کر بیٹھتا ہے وہ فی الواقع خود اپنے خلاف یہ ثبوت فراہم کرتا ہے کہ وہ مطلق طور پر “بے بس، عاجز اور بے چارہ” نہیں تھا۔کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو وہ خود کشی جیسا فعل بھی نہ کر سکتا۔جب وہ “مایوس کُُن حالات” کے دباؤ کے تحت اپنی جان لینے پر قادر تھا، تو ئقیناً ان حالات کے دباؤ کو برداشت کرنا بھی اس کے لئے نہ صرف ممکن بلکہ نسبتاً زیادہ آسان تھا مگر اس نے اپنی انانیت اور عاجلہ پسندی کی وجہ سے، نہ کہ حالات سے مجبور ہو کر، ایک سنگین گناہ کے ارتکاب کا فیصلہ کیا، جس کے لئے بلاشبہ وہ زندگی اور کائنات کے خالق و مالک کے سامنے جوابدہ ہو گا۔
اس تجزیے کی روشنی میں غور کیجئے تو معلوم ہو گا کہ آلام و مصائب یا سخت حالات اور پریشان کُن مسائل کی شکایت کرنا یا ان سے گھبراکر خود کشی کا فیصلہ کرنا، خدا کی خدائی میں بے جا مداخلت کے ہم معنی ہے، وہ انسان کی “مجبوری” نہیں بلکہ اس کی “خود مختارانہ سرکشی” کا مظہر ہے۔ اردو کے ایک معروف شاعر کے مندرجۂ ذیل اشعار اسی ظاہر میں “عاجزانہ” مگر حقیقت میں “متکبرانہ” انسانی رجحان کی ترجمانی کرتے ہیں:
ناحق ہم مجبوروں پر یہ تہمت ہے مختاری کی
چاہے ہیں سو آپ کرے ہیں، ہم کو عبث بد نام کیا

اگر آپ کے حالات خراب ہیں تو ایمان اور عقل دونوں کا واحد تقاضہ یہ ہے کہ آپ انہیں بدلنے کی ممکنہ کوشش کیجئے اور ہرگز مایوس نہ ہوں۔ اگر اس کے باوجود آپ انھیں بدل نہیں سکتے تو اس یقین اور توکل کے ساتھ ان پر صبر کیجئے کہ اس کائنات کا خالق و مالک، جو روزانہ کانٹوں بھری ٹہنیوں پر نرم و نازک، خوش رنگ، حسین اور خوشبو دار پھول کِھلاتا ہے، جو رات کی تاریکیوں کے ہجوم سے روشن دن نکالتا ہے؛ جو گائے، بکری اور دیگر جانوروں کے پیٹ میں غلاظتوں کے درمیان سے صاف و شفاف، ذائقہ دار اور غذائیت بخش دودھ کشید کرتا ہے، وہ انھیں “خراب حالات” کو آپ کے لئے، جلد یا بدیر، ایک بہتر زندگی اور کامیابی کا ذریعہ بنا دے گا۔

 

مصحف مثلث التوحید کے بارے میں

افسوس ناک خبر
اسلام اور انسانیت کا دشمن امریکا نے قرآنِ مجید میں تحریف کرکے ایک نئی کتاب شائع کیا ہے جسکا نام (مثلث التوحید) رکھا ہے۔ اس کتاب کو ابھی کویت میں بیچا اور تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ ممکن ھے ہم تک بھی پہنچے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لہذا ۔۔۔ اسلام کی مدد اور اعلاء کلمۂ حق کیلیئے اس پیغام کو خوب عام کریں تاکہ ہر مسلمان اس فتنے سے آگاہ ہوکر اپنا دین و ایمان بچاسکیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگر اس فتنے کو روکنے میں آپنے اپنا کوئی کردار ادا نہیں کیا ۔۔۔ تو ۔۔۔۔ بارگاہ الٰہی میں جواب دینا ہوگا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ) اگر آپکو اس بات پر یقین نہ آئے تو خود ہی گوگل پر (مصحف مثلث التوحید) لکھ کر سرچ کیجیئے حقیقت کا انکشاف ہوجائیگا ۔
اللّٰہ کریم ﷻ دشمن کی اس سازش کو ناکام بنادے
——————
تبصرہ
یہ خبر ۲۰۰۹ سے “الفرقان الحق” اور “مصحف مثلث التوحید” کے نام سے اخبارات اور سوشل میڈیا میں گرم ہے۔ تفصیلات سے قطع نظر، اس سے صرف یہ ثابت ہوتا ہے کہ “القرآن” کس درجہ نا قابل تحریف اور ابدی طور پر “کتاب محفوظ” ہے جس میں در اندازی کی ادنی کوشش، خواہ وہ دنیا کی نام نہاد قوتِ عظمی کی طرف سے ہو، ایک عام مسلمان کے سامنے بے نقاب اور بے اثر ہو جاتی ہے۔ قرآن میں براہ راست یا بالواسطہ در اندازی کی کوششیں نزولِ قرآن کے وقت بھی ہوئیں (سورہ فصلت، آیت ۲۶) اور اس کے بعد سے آج تک مسلسل ہو رہی ہیں۔ مگر اس کے علی الرغم خدا کی یہ آخری کتاب محفوظ اتنے سینوں اور سفینوں میں من و عن نقش ہو چکی ہے اور روزانہ نقش ہوتی رہتی ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت اسے مٹانے یا بدلنے میں کبھی کسی بھی درجہ میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔
لہذا اطمئنان رکھئے۔ قرآن کو امریکا یا کسی اور کی طرف سے نہ کبھی کوئی خطرہ تھا نہ کبھی ہو سکتا ہے۔ قرآن کو اگر کوئی خطرہ تھا، ہے اور ہو سکتا ہے تو وہ صرف اس کے مخاطبین اور حاملین کی طرف سے ہے جس کی شکایت خود پیغمبر قرآن نے اپنے رب کے حضور یوں کی ہے کہ “اے میرے پروردگار، میری قوم نے اس قرآن کو ایک چھوڑی ہوئی چیز بنا دیا ہے” (سورہ الفرقان، آیت ۳۰)۔

اگر آپ کو قرآن کی فکر ہے تو اس قسم کی بے معنی خبروں کے بجائے قرآن کی تلاوت و تدبر کو اپنا یومیہ مشغلہ بنائیں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔

ابو صالح انیس لقمان

8 January, 2018

سالِ نو ۲۰۱۸

از: ابو صالح انیس لقمان
صدر شعبۂ تحقیق،
سدرہ فاؤنڈیشن- ابو ظبی-امارات
———
فیض کی روح اور ان کے شیدائیوں سے مؤدبانہ معذرت کے ساتھ!

نئے سال کے بارے میں فیض کی یہ نظم بہت مشہور ہے:

اے نئے سال بتا، تُجھ ميں نيا پن کيا ہے؟
ہر طرف خَلق نے کيوں شور مچا رکھا ہے

روشنی دن کی وہی تاروں بھری رات وہی
آج ہم کو نظر آتی ہے ہر ايک بات وہی

آسماں بدلا ہے افسوس، نہ بدلی ہے زميں
ايک ہندسے کا بدلنا کوئی جدت تو نہيں

اگلے برسوں کی طرح ہوں گے قرينے تيرے
کسے معلوم نہيں بارہ مہينے تيرے

جنوری، فروری اور مارچ ميں پڑے گی سردی
اور اپريل، مئی اور جون ميں ہو گی گرمی

تيرا مَن دہر ميں کچھ کھوئے گا کچھ پائے گا
اپنی ميعاد بَسر کر کے چلا جائے گا

تو نيا ہے تو دکھا صبح نئی، شام نئی
ورنہ اِن آنکھوں نے ديکھے ہيں نئے سال کئی

بے سبب ديتے ہيں کيوں لوگ مبارک باديں؟
غالبا بھول گئے وقت کی کڑوی ياديں

تيری آمد سے گھٹی عمر جہاں سے سب کی
فيض نے لکھی ہے يہ نظم نرالے ڈھب کی

(فیض احمد فیض)

الفاظ کے در و بست کی سطح پر یہ اگرچہ بظاہر “نرالے ڈھب کی” ایک نظم ہے، مگر فکر و خیال کے اعتبار سے اس کا پیغام بالکل ‘نرالا’ نہیں، بلکہ وہ “نراشا” (مایوسی) کی دعوت دیتا ہے، اس لئے ہمیں اس سے اتفاق نہیں۔

وقت کے بارے میں “شاعری” سے زیادہ “شعور” کی ضرورت ہے۔ انسان کا شعور اگر زندہ ہو، تو پھر محض آنے والا “نیا سال” ہی نہیں؛ بلکہ آنے والا ہر دن اس کے لئے ایک “نیا دن” ہے جو اپنے دامن میں بے شمار “نئے ممکنات” لے کر آتا ہے تاکہ باشعور افراد ان “ممکنات” کو مثبت “واقعات” میں بدلنے کی سنجیدہ تگ و دو کرکے اپنی اور اپنے گرد و پیش کی دنیا کو ہر پہلو سے “نیا اور بہتر” بنا لیں۔

“شاعر” کے بر خلاف،، “باشعور انسان ” ایک ذمہ دار اور حوصلہ مند شخص ہوتا ہے اس لئے وہ “سالِ نو” سے یہ غیر ذمہ دارانہ تقاضہ یا توقع نہیں کرتا کہ:

“تو نیا ہے تو دکھا صبح نئی، شام نئی”

اس کے بجائے وہ خود اپنی یہ بنیادی ذمہ داری سمجھتا ہے کہ اسے ہر آنے والی صبح اور شام کو، جانے والی صبح اور شام کے مقابلے میں، اپنے فکر و کردار کی مسلسل تجدید اور تزکیہ کرتے ہوئے “نیا اور بہتر” بنانا ہے۔ جو شخص اس زندہ شعوری عمل کا خوگر ہو، وہ نہ کیلنڈر میں ہندسے بدلنے کا انتظار کرتا ہے نہ سالِ نو کے تفریحی جشن کی دھوم دھام سے اسے کوئی دلچسپی ہوتی ہے۔ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ آنے والا ہر سال، بلکہ ہر اگلا دن اور اس کا ہر لمحہ اسی قدر “نیا اور با معنی” ہو گا جس قدر وہ اپنے فکر و عمل میں “جدت، جودت اور معنویت” پیدا کرنے کی سنجیدہ کوشش کرے گا۔ اس لئے وہ آنے والے ہر ماہ و سال اور ہر صبح و شام کا استقبال ایک نئے عزم و ہمت کے ساتھ کرتا ہے؛ تاکہ وہ ان میں چھپے ہوئے انوکھے اور انمول “ممکنات” کو ایسے “با معنی تجربات اور واقعات” میں تبدیل کر سکے جن سے ایک طرف اس کی اپنی شخصیت بھی مسلسل ترقی و کمال کے نئے مراحل طے کرتی رہے، اور دوسری طرف وسیع تر انسانیت کو بھی اس کا فیض ملتا رہے۔۔

جس چیز کو آنجہانی فیض صاحب نے “وقت کی کڑوی یادیں” کہہ کر نئے سال پر طنز کیا ہے؛ وہ در اصل زمانے کے سبق آموز تنبیہی اشارات (warning signals) ہیں جو اس لئے پیش آتے ہیں کہ انسان اپنی بے مقصدیت اور غفلت کی نیند سے چونک اٹھے،اس کا انفرادی اور اجتماعی شعور بیدار ہو اور وہ ہوش مندی اور مستعدی کے ساتھ اپنی زندگی کی با مقصد تعمیرِ نو کی مہم میں سرگرمِ عمل ہو جائے اور اس طرح اپنے آئندہ مرحلۂ حیات کو گزشتہ مرحلۂ حیات سے زیادہ تابناک اور کامیاب بنا لے۔

وقت کی اسی حقیقت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے قرآن (سورہ الفرقان، آیت ۶۱) میں خدا کا ارشاد ہے کہ “اور وہی ہے جس نے رات اور دن کو یکے بعد دیگرے آنے جانے والا بنایا؛ تاکہ جو چاہے اس سے نصیحت حاصل کرے اور جو چاہے شگر گزار بنے”۔

وقت کا ہر لمحہ ایک “زندہ انسان” کے لئے ایک “نیا” لمحہ ہے جو اسے یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنے فکر و عمل کی تراش خراش کر کے اسے خیر و صداقت اور حسن و کمال کے نئے نئے جلووں سے آراستہ کرے- اس لئے وہ نہ کبھی “فارغ” ہوتا ہے نہ غافل۔ اس کے بر عکس ایک “مردہ انسان” کے لئے وقت کا ہر لمحہ، خواہ وہ روشن دن کا ہو یا تاریک رات کا، بالکل یکساں ہوتا ہے، اس لئے اس کا وجود وقت کی رفتار اور اس کے تغیر پذیر اور تغیر آفرین امکانات و اشارات سے غافل، بدستور اپنی مردہ حالت میں پڑا رہتا ہے۔

اگر آپ زندہ ہیں اور زندہ رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو آخری دم تک، ہر دم حسنِ عمل اور کسبِ کمال کی تگ و دو میں ہمہ تن مشغول رہنا پڑے گا:

اندریں رہ می تراش و می خراش
تا دمِ آخر، دمے فارغ مباش

(ابو صالح) انیس لقمان
ابو ظبی- یکم جنوری، ۲۰۱۸

رمضان ڈائری 2017

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

سنیچر، 27 مئی مطابق یکم رمضان، 2017

تمام گروپ ممبران کو رمضان کی خصوصی مبارکباد۔

متعدد احباب کی گزارش پر، سال گزشتہ کی طرح، اس سال بھی “رمضان ڈائری” لکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ امید ہے اللہ کی توفیق سے یہ کوشش مکمل اور مفید ہو گی۔

رمضان کے روزے نیز، دیگر اسلامی عبادات اور جملہ شرعی احکام کا مقصد صرف ایک ہے: ہر انسان کے فکر و شعور اور کردار و عمل کو رباني سانچہ میں ڈھالنا، جیسا کہ سورہ آل عمران، آیت 79 میں کہا گیا ہے:”کونوا ربانیین”= رب والے بن جاؤ، یعنی “خود پرستی” کی بجائے “خدا پرستی” کو اپنی اصل شناخت اور اپنی زندگی کا دائمی مرکز و محور بناؤ۔

“ربانی انسان” بننے کا نقطۂ آغاز (starting point) سچی توبہ (توبۂ نصوح، سورہ التحریم، آیت 8) ہے۔ بلکہ میں اسے کسی بھی عبادت یا نیک کام کی افادیت اور قبولیت کے لئے شرطِ لازم سمجھتا ہوں۔ کمپیوٹر کی زبان میں توبہ ایک قسم کا “اینٹی وائرس” میکانزم ہے جو آپ کی ایمانی، اخلاقی اور روحانی سلامتی و ترقی کو نقصان پہنچانے والے تمام داخلی اور خارجی عناصر کا مقابلہ کرتا ہے اور آپ کو مسلسل صراط مستقیم پر جمے رہنے میں مدد دیتا ہے۔

لہذا تمام ممبران سے میری اولین اور اہم ترین گزارش یہ ہے کہ وہ ماہِ رمضان بلکہ اس کی ہر صبح و شام کا استقبال سچی شعوری توبہ سے کریں، نیز اپنے اہل و عیال اور احباب کو بھی اسی کی تلقین کریں، قرآن کی رو سے اہلِ ایمان کو فلاح و کامیابی، توبہ ہی کے راستے مل سکتی ہے: “۔۔۔ وَتُوبُوا إِلَى اللَّهِ جَمِيعًا أَيُّهَ الْمُؤْمِنُونَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ” (سورہ النور، آیت ۳۱) “۔۔۔اور مومنو! سب خدا کے آگے توبہ کرو تاکہ تم فلاح پاؤ”

توبہ کے مختلف پہلوؤں پر گزشتہ سال کی ڈائری میں گفتگو ہو چکی ہے۔ اسے مندرجہ ذیل بلاگ میں دیکھا جا سکتا ہے:

‏EBUC®https://asalnadwiebuc.wordpress.com/

اسی طرح توبہ کے موضوع پر ایک مفصل بیان (اگست 2015) اس لِنک میں موجود ہے:

‏https://youtu.be/XNkXkTi5JCk

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

اتوار، 28 مئی مطابق 2 رمضان، 2017

روزہ اور “وقت شناسی”(۲/۱)

تمام اسلامی عبادتوں کا “وقت کی تنظیم” یعنی اس کے سنجیدہ اور با مقصد استعمال سے بہت گہرا تعلق ہے۔ ان عبادتوں کو شعوری طور پر ادا کرنے کا فطری نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ایک صاحبِ ایمان “وقت” کے معاملہ میں انتہائی حساس ہو جاتا ہے۔ وہ لغو تفریحات اور بے فائدہ کاموں میں وقت کے ضیاع کو خود کشی کے مترادف سمجھتا ہے۔ ابتدائی دور کے مسلمانوں نے فلکیات اور دیگر علومِ طبعی میں جو پیش رفت اور ترقی حاصل کی، میں سمجھتا ہوں اس کا ایک بنیادی محرک، وقت کی نسبت سے ان کا وہ ذمہ دارانہ ذہنی رجحان اور منصوبہ بند عملی رویہ تھا، جو اسلامی عبادات کی شعوری ادائیگی سے پیدا ہوتا ہے۔

مثلا روزانہ کی پانچ فرض نمازوں کے مقررہ اوقات، ہمارے نظامِ شمسی کے پانچ حیرت ناک انقلابی مراحل سے وابستہ ہیں۔ اسی طرح زکوۃ کے حساب کتاب اور حج کے مخصوص دنوں کا تعین کرنے کے لئے سال بھر چاند کی گردش پر نظر اوراس پر منحصر قمری مہینوں کا شمار رکھنا ضروری ہے۔ جبکہ رمضان کے مہینے میں روزہ کے آغاز اور خاتمہ کے وقت کا ٹھیک ٹھیک اندازہ کرنا آخری حد تک نازک بن جاتا ہے۔ وہ ایک اعتبار سے گویا “زندگی اور موت” کا فیصلہ کرنے کے ہم معنی ہو جاتا ہے۔ عبادات کی یہ ترتیب بے حد حکیمانہ ہے، ان پر غور کرنے سے بیک وقت ربانی معرفت میں اضافہ ہوتا ہے، اور کائنات اور زندگی کے گہرے اسرار کا سُراغ ملتا ہے۔

ترقی یافتہ سائنسی اور صنعتی وسائل (گھڑی، کیلنڈر، سیٹلائٹ وغیرہ) نے “وقت کی پیمائش” کو بہت آسان بنا دیا ہے جن کے ذریعہ ہم روزہ اور دیگر عبادتوں کے مقررہ اوقات اور ایام کا پیشگی تعین کر لیتے ہیں۔ تاہم یہ “وقت پیمائی” وہ چیز نہیں جسے میں “وقت شناسی” کہتا ہوں، جو میری نظر میں انسانی شعور کی پختگی کی اہم ترین علامت ہے اور جس کے بغیر انسان نہ خالق کی سچی معرفت حاصل کر سکتا ہے، نہ ہی مخلوق کی سچی خدمت کے قابل بن سکتا۔ (باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

پیر، 29 مئی مطابق 3 رمضان، 2017

روزہ اور “وقت شناسی”(۲/۲)

“وقت شناسی” محض یہ جاننے کا نام نہیں کہ اس وقت دن یا رات کے کیا بجے ہیں، یا آج ھجری یا عیسوی کیلنڈر کی کون سی تاریخ ہے یا یہ تاریخ پچھلے سال کس دن تھی یا اگلے سال وہ کس دن پڑے گی، وغیرہ۔ اس قسم کی معلومات آج کے دور میں انسان سے زیادہ سرعت اور قطعیت کے ساتھ کمپیوٹر اور دوسرے مشینی آلات فراہم کر سکتے ہیں۔

بحیثیت انسان، اور بالخصوص بحیثیت ایک صاحبِ ایمان کے آپ سے جو “وقت شناسی=time-consciousness” مطلوب ہے وہ اس حقیقت کا شعوری ادراک کرنا ہے کہ جس طرح ہر “کام” کا ایک “مقرر وقت” ہوتا ہے، اسی طرح ہر “وقت” کا ایک “مقرر کام” ہے۔ بنا بریں، آپ کی ذمہ داری صرف یہی نہیں کہ آپ ہر “کام” کو اس کے مقرر وقت پر انجام دیں؛ بلکہ اسی کے ساتھ یہ بھی جانیں کہ ہر وقت؛ کسی بھی گزرتے ہوئے وقت کا “مقرر کام” کیا ہو سکتا ہے جسے حسبِ استطاعت آپ کو انجام دینا ہے۔ کیونکہ آپ کی دنیوی کامیابی اور اخروی نجات و سعادت کا دار و مدار انہیں دو طرفہ تقاضوں کی معیاری یا کم از کم ممکنہ تکمیل پر ہے۔

میرے علم میں “وقت شناسی” کے اس عارفانہ تصور کی واحد بہترین تعریف حضرت ابو بکر الصدیق (رض) کی وہ وصیت ہے جو انہوں نے اپنی موت کے وقت حضرت عمر (رض) کو ان الفاظ میں کی تھی:”اللہ کا ایک حق رات میں مطلوب ہے جو دن میں کیا جائے تو اسے قبول نہیں ہو گا اور اس کا ایک حق دن کے وقت مطلوب ہے جس کی ادائیگی کو وہ رات میں قبول نہیں کرے گا۔ نیز اللہ کوئی نفل عبادت قبول نہیں کرتا جب تک فرض ادا نہ ہو جائے۔۔۔۔جو شخص رمضان کِے مہینے میں روزہ نہ رکھے اور بقیہ تمام مہینوں میں تا عمر روزہ دار بنا رہے تو اس کی یہ روزہ داری قابلِ قبول نہ ہوگی”۔(العقد الفرید، کنز العمال)

رمضان کے روزہ کی فرضیت کا مقصد اہلِ ایمان کے اندر “تقوی” یعنی خدا شناسی اور خدا ترسی کی زندہ اسپرٹ پیدا کرنا ہے ( البقرۃ، آیت 183)۔ یہ “تقوی اسپرٹ” جب انسان کے ذہن و شعور اور مزاج میں سما جاتی ہے تو اس کا عملی اظہار سب سے زیادہ اسی کیفیت میں ہوتا ہے جسے میں نے عارفانہ “وقت شناسی” کا نام دیا ہے اور انبیاء و رسل کے بعد اس کا مثالی نمونہ حضرت ابو بکر الصدیق (رض) کے کردار میں ملتا ہے۔ ماہِ رمضان کا مخصوص نظام الاوقات “وقت شناسی” کے اس مزاج کو پروان چڑھانے کے لئے بہترین تربیتی کورس ہے بشرطیکہ اس کے ہر تقاضے کو نہایت ہوش مندی کے ساتھ پورا کیا جائے۔

روزے سے تقوی اسپرٹ اور تقوی اسپرٹ سے “وقت شناسی” کا یہ ذہنی رجحان اور عملی مزاج جس فرد یا خاندان یا قوم میں پیدا ہو جائے، اس کی زندگی حسنِ عمل اور کسبِ کمال کے لئے ایک سراپا اضطراب اور تگ و دو بن جاتی ہے۔ بظاہر سب کچھ کر کے بھی وہ یہ سمجھتے ہیں کہ گویا انہوں نے کچھ نہیں کیا، یا شاید جو کچھ کیا وہ سب وقت کے “نوافل” تھے، اور جو وقت کے اصل “فرائض” تھے انھیں وہ بر وقت اور کما حقہ انجام نہ دے سکے۔ یہ احساس ایک وقت شناس مومن کو ڈر اور امید کے درمیان مسلسل توبہ و استغفار میں غرق رکھتا ہے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

منگل، 30 مئی مطابق 4 رمضان، 2017

روزہ: برتر اسلامی کردار کی شناخت

روزہ کے تعلق سے ایک مشہور روایت صحیح البخاری وغیرہ میں اس طرح آئی ہے:

“روزہ ایک ڈھال ہے، لہذا روزہ دار نہ تو بیہودہ ہنسی مذاق کرے، نہ کسی قسم کی بد سلوکی کرے اور اگر کوئی شخص اس سے جھگڑنے لگے یا اس کے ساتھ گالی گلوچ کرے تو وہ کہے کہ:’میں ایک روزہ دار ہوں'”۔

ظاہر ہے، اس حدیث کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اگر آپ روزہ سے نہ ہوں تو پھر دوسروں کے ساتھ بیہودہ مذاق یا بد سلوکی اور لڑائی جھگڑا کرنے کے لئے آپ بالکل آزاد ہیں۔

اسلامی معیارِ اخلاق کی رو سے قول و فعل کی ہر برائی ہر حالت میں نا جائز ہے، حتی کہ ایک سچے مومن سے یہ مطلوب ہے کہ وہ برائی کے ردِ عمل میں بھی بھلائی کرے یا کم از کم اسی درجہ کی جوابی برائی نہ کرے جو انتقامی کار روائی کے طور پر ایک حد تک جائز بھی ہے (سورہ النحل، آیت 126)

برائی سے ہمیشہ بچنا اور بھلائی پر ہر حال میں جمے رہنا_ یہ وہ برتر اخلاقی صفت ہے جو، قرآن و حدیث کی رو سے، ایک مومن اور غیر مومن کے درمیان فرق کرتی ہے(سورہ الجاثیہ، آیت، 14)۔

در حقیقت روزہ سمیت تمام اسلامی عبادتوں کا ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ مومنانہ کردار کے اس امتیازی وصف کو زیادہ سے زیادہ پختہ اور پائیدار بنایا جائے۔ مثلاً قرآن میں حج کے احکام بتاتے ہوئے یہ ہدایت دی گئی ہے:” ۔۔۔جو حج کا ارادہ کر لے تو پھر وہ بے جا ہنسی مذاق، بد کلامی اور بحٹ و تکرار سے بچے” (سورہ البقرة آیت 197)۔ نماز کے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ فحشاء اور منکر ( ہر قسم کی بے حیائی اور بد اخلاقی) سے روکتی ہے (سورہ العنکبوت آیت 45) اسی طرح صدقہ و خیرات کرتے ہوئے اہل ایمان کے دلوں پر اپنی سخاوت کا فخر و ناز نہیں بلکہ خدا کے سامنے حاضری کا ڈر چھایا رہتا ہے۔ (سورہ المومنون، آیت 60)

اس برتر اخلاقی اصول کو غیر مشروط طور پر عملاً وہی شخص اپنا سکتا ہے جس کے اندر مکمل ضبطِ نفس (total self-control) کی صلاحیت ہو اور یہ صلاحیت، حقیقی معنوں میں، صرف خدا پر زندہ ایمان اور اس کے سامنے جوابدہی کے شعوری استحضار سے پیدا ہوتی ہے۔ اس اعتبار سے روزہ، دیگر عبادتوں کے مقابلہ میں، سب سے زیادہ نمایاں طور پر مکمل ضبط نفس کی تربیت دیتا ہے کیونکہ وہ اپنے خارجی اور داخلی ہر پہلو سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ آپ خدا پر اپنے ایمان کو مسلسل زندہ رکھیں اور اس حقیقت سے کبھی غافل نہ ہوں کہ آپ بالآخر رب العالمین کے آگے جوابدہ (accountable) ہیں، جس کے پاس آپ کے ذہنی ارادوں اور پوشیدہ جذبات و خیالات سے لے کر چھوٹے بڑے تمام عملی حرکات و سکنات تک کا بے کم و کاست ریکارڈ موجود ہے۔

اس بنا پر یہ کہنا بجا ہو گا کہ روزہ برتر اسلامی کردار کی شناخت ہے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

بدھ، 31 مئی مطابق 5 رمضان، 2017

روزہ: “حساسيت کے توازن ” کی بحالی کا ذریعہ(۲/۱)

انسان کی کامیابی اور نا کامیابی، خوشحالی اور بد حالی دونوں کا بہت گہرا تعلق اس کی “حساسیت” (sensitivity) اور اس کی بے حسی (insensitivity) سے ہے۔ اگر آپ وہاں بیش حساس (over-sensitive) بن جائیں، جہاں آپ کو بے حس یا کم حساس (less-sensitive or insensitive) ہونا چاہئے؛ یا آپ ایسے معاملہ میں بے حسی برتیں، جس میں آپ کو بیش حساسیت سے کام لینا چاہئے، تو بالآخر آپ کی زندگی مختلف پہلوؤں سے ناکامی و نا مرادی اور بد حالی کی ایک عبرتناک داستان اور درد ناک تصویر بن کر رہ جائے گی۔

اس درد ناک انجام سے بچنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ انسان شعوری طور پر اپنی حساسیت کے توازن کو بحال کرنے اور بحال رکھنے (restoration cum maintenance of sensitivity equilibrium) کی سنجیدہ کوشش کرے۔ رمضان کا روزہ اپنی ظاہری شکل اور اندرونی اسپرٹ دونوں اعتبار سے انسان کی حساسیت کے بگڑے ہوئے توازن کی بحالی اور بر قرآری کا موثر ترین ذریعہ ہے۔

جب ایک شخص ایمان اور احتساب کے ساتھ، صرف اپنے خالق اور رازق کے حکم کی مخلصانہ اطاعت کے لئے ایک طرف کھانا پینا اور دیگر ممنوعہ چیزوں کو ایک خاص مدت تک چھوڑ دیتا ہے، دوسری طرف اس دوران وہ اپنی زبان، اپنے منفی خیالات، اپنے شہوانی جذبات اور جسمانی حرکات و سکنات پر بالارادہ کنٹرول رکھتا ہے اور تیسری طرف وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت خدا کی عبادت، کلامِ خداوندی کی تلاوت وسماعت اور خدا کے محتاج بندوں کی غمگساری اور اعانت میں گزارتا ہے تو اس کا لازمی نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اس کی سوچ میں گہری انقلابی تبدیلی پیدا ہو، اس کی زندگی کی ترجیحات اور اس کا معیارِ قدر بدل جائے، وہ حیات اور کائنات کی ربانی اسکیم کو زیادہ واضح طور پر سمجھنے لگے اور اپنے فکر و عمل کو اس سے مکمل اور غیر مشروط طور پر ہم آہنگ کر لے۔

جو انسان اس طرح اپنے خالق و مالک کی کائناتی اسکیم سے ہم آہنگ ہو جائے وہ یقیناً حساسیت کے عدم توازن (imbalance of sensitivity) اور اس کے مہلک نتائج سے ہمیشہ کے لئے محفوظ ہو جائے گا اور وہ فلاح و سعادت کی صراطِ مستقیم پر ثابت قدمی سے چلتا رہے گا۔(باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعرات، یکم جون مطابق 6 رمضان، 2017

روزہ: “حساسيت کے توازن ” کی بحالی کا ذریعہ(۲/۲)

اکثر انسان اپنی عادات اور معمولات اور خاندانی وسماجی رسوم و روایات کے خول میں بند ہو کر زندگی گزارتے ہیں۔ یہ خول ان کے لئے ایک قسم کا “خطۂِ راحت = comfort zone” بن جاتا ہے۔ ایک طویل عرصہ تک عادتوں اور روایتوں کے اس مانوس خول میں رہتے رہتے بیشتر انسان اسی کو صحیح اور غلط کا پیمانہ اور رد و قبول کا معیار بنا لیتے ہیں۔ یعنی جس چیز کے وہ عادی ہیں وہ زندگی کی اولین ترجیح (top priority of life) کا درجہ رکھتی ہے اور ان کے گھر اور معاشرے کی روزمرہ سرگرمیاں جس طریقے اور جس رخ پر چل رہی ہیں وہ بالکل درست ہیں، ان پر نظرِ ثانی کی مطلق ضرورت نہیں۔ اس رجحان کے نتیجہ میں ان کا توازنِ حساسیت (sensitivity equilibrium) بگڑ جاتا ہے۔ وہ ایک فرسودہ روایت یا غلط عادت کو درست مان کر اس کے بارے میں بیش حساس (hyper-sensitive) بن جاتے ہیں اور اس کی پُر جوش حمایت کرتے ہیں مگر اس کے بالمقابل ایک واقعی درست بات کو بے حسی کے ساتھ نظر انداز کر دیتے ہیں خواہ اس کے حق میں کتنے ہی ٹھوس عقلی و نقلی دلائل کا انبار لگا دیا جائے۔ اس طرح وہ آہستہ آہستہ قبولِ حق اور اصلاح پذیری کی استعداد کھو دیتے ہیں۔

رمضان کا روزہ اپنے مخصوص نظام الاوقات اور دیگر عملی پابندیوں کی بنا پر گویا ایک حفاظتی ڈھال ہے جو اہلِ ایمان کو حساسیت کے عدمِ توازن کی اس تباہ کن بیماری سے بچاتا ہے۔ہر سال پورے ایک مہینے کے لئے وہ انھیں عادتوں اور روایتوں کے مانوس مگر مہلک خطۂ راحت سے باہر نکال کر ایک غیر معمولی روحانی سرگرمی میں مشغول رکھتا ہے۔ اس دوران خاص طور پر قرآن سے ان کا رشتہ استوار ہو جاتا ہے، جو انسانیت کی ہدایت کے لئے روشن دلائل پر مبنی صحیح اور غلط کا ابدی معیار (الفرقان) بنا کر اسی مہینے میں اتارا گیا۔ جس کو پڑھنے، سننے اور سمجھنے کی سنجیدہ کوشش اس بات کی یقینی ضمانت ہے کہ ایک مومن فرد یا گروہ کبھی راہِ راست سے بھٹکنے نہ پائے۔ وہ “نعمتوں” سے زیادہ “مُنعِم” کا ذاکر و شاکر بنے، وہ مخلوقات کے آئینے میں خالق کے جلال و کمال کی تجلیاں دیکھے، وہ اپنے حق سے زیادہ اپنی ذمہ داری پر نظر رکھے اور دنیا کی ظاہری اور وقتی رونقوں سے زیادہ وہ آخرت کی لا فانی مسرتوں کا طلبگار بنے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعه، 2 جون مطابق 7 رمضان، 2017

ايمان آور احتساب

رمضان کے صیام (روزے) اور قیام (تراویح، تہجد وغیرہ) کے سلسلے میں مشہور حدیث ہے کہ جو شخص ان کو “ایمان” اور “احتساب” کے ساتھ ادا کرے گا اس کے پچھلے گناہ معاف کر دئے جاتے ہیں۔ یہی الفاظ لیلۃ القدر کی عبادت کے ذیل میں بھی آئے ہیں۔ گویا ماہِ رمضان وہ سنہری موقع (Golden opportunity) ہے جبکہ آپ اپنی سابقہ لغزشوں، خطاؤوں اور کوتاہیوں کے منفی اور مضر اثرات سے پاک صاف ہو کر ایک نئی بہتر زندگی کا آغاز کر سکیں، ایسی زندگی جو قرآنی ہدایت کے روشن نشانات اور حق و باطل کے ابدی معیار (الفرقان) پر قائم ہو، جس کا مقصد خدا کی بڑائی اور شکر گزاری کے ذریعہ اس کا قرب حاصل کرنا اور خلقِ خدا کو اس کے قریب لانا ہو۔

تاہم حدیث کے مطابق اس سنہری موقعے سے فائدہ اٹھانے کا دار و مدار “ایمان اور احتساب” پر ہے۔ اس لئے گہرائی سے ان کا مطلب سمجھنا ضروری ہے۔ معمولی لفظی فرق کے ساتھ تمام شارحینِ حدیث اس پر متفق ہیں کہ یہاں “ایمان” سے مراد اس یقین کو دل و دماغ میں از سرِ نو زندہ اور پختہ کرنا ہے کہ روزہ خدا کی طرف سے فرض ہے جسے پوری مستعدی اور خوشدلی کے ساتھ ایسے ہی ادا کرنا ہے جیسے ایک وفادار غلام اپنے مالک کا حکم بجا لاتا ہے۔ جبکہ “احتساب” سے مراد بیک وقت رمضان کے صیام و قیام پر خدا کے خصوصی اجر و انعام کو پانے کا سنجیدہ شوق و ولولہ اور کسی دانستہ یا نا دانستہ سبب کی بنا پر اس سے محروم ہو جانے کا خوف و اندیشہ ہے۔

یہ “ایمان” اور “احتساب” کا اصطلاحی مفہوم ہوا۔ البتہ ہر لفظ کی طرح ان کا ایک تطبیقی مفہوم (applied implication) ہے اور وہی یہاں مقصود ہے۔ وہ یہ کہ رمضان کے فیوض و برکات سے استفادہ کے لئے اہلِ ایمان کو شعور اور فکر و عمل کی سطح پر ویسے ہی تیار (prepared) اور یکسو (dedicated) ہونا چاہئے؛ جیسے ایک ہوش مند تاجر کسی تجارتی سیزن سے منافع کمانے کے لئے ہوتا ہے۔ وہ مارکیٹ کی ڈیمانڈ کا پیشگی اور حقیقت پسندانہ جائزہ لیتا ہے اور اسی لحاظ سے ضروری سرمائے اور مطلوب اشیاء کی بر وقت سپلائی کے انتظامات پوری تندہی کے ساتھ کرتا ہے اور بالآخر وہ ایک سیزن میں اتنا منافع کما لیتا ہے کہ پچھلے نقصانات کی بھر پائی کرتے ہوئے آئندہ مزید مستحکم کاروبار کا منصوبہ بھی بنا لے۔ مادی دنیا میں ایک ہوش مند تاجر کا یہ ذہنی رجحان اور عملی رویہ جب رمضان کے صیام و قیام اور دوسرے دینی اور روحانی اعمال کے میدان میں اپنایا جائے تو اسی کا نام ایمان اور احتساب ہے، جن کے بغیر یہ اعمال بے جان اور بے سود؛ جبک ان کی شمولیت سے یہی اعمال رحمت اور مغفرت اور ابدی نجات کے زینے بن جاتے ہیں۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

سنیچر، 3 جون مطابق 8 رمضان، 2017

تلاوت اور تدبرِ قرآن (۲/۱)

رمضان وہ مہینہ ہے جس میں نزولِ قرآن کا آغاز ہو۔ اس مناسبت سے، ماہِ رمضان میں فطری طور پر قرآن کے پڑھنے اور سننے اور حسبِ امکان اسے سمجھنے کی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں۔ روایات میں آتا ہے کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال اس مہینے میں فرشتۂ وحی جبریل علیہ السلام کے ساتھ اس وقت تک نازل شدہ قرآن کا إعادہ اور مذاکرہ کیا کرتے تھے۔

لغوی اعتبار سے قرآن کے معنی ہی ایسے کلام کے ہیں جس کو بار بار مسلسل پڑھا جائے۔ بلکہ میرا خیال تو یہ ہے کہ سنہ 610 عیسوی کے ماہِ رمضان کی جس شب کو غارِ حراء میں آکر خدا کے فرشتے نے رسول اللہ (صلعم) سے کہا کہ: “اقرأ” (پڑھ)، تب سے یہ کلامِ الہی بلا انقطاع (non-stop) کسی نہ کسی شکل میں دنیا کے کسی نہ کسی خطہ میں پڑھا جارہا ہے۔ سب سے پہلے خود رسول اللہ (صلعم) اسے ہر وقت پڑھتے رہتے، پھر یہی عمل آپ پر ایمان لانے والے کرنے لگے، پھر وہ روزانہ پنج وقتہ نماز کا ایک لازمی حصہ بن گیا اور بتدریج نماز کے اندر اور باہر قرآن کو پڑھنے پڑھانے اور سننے سنانے کا یہ معمول آج ایک ارب سے زیادہ مسلم آبادی میں اس طرح رائج ہے کہ عالمی ٹائم زون کے نقشے پر دن رات کا کوئی لمحہ ایسا نہیں، جہاں وہ جاری نہ ہو۔(میری ہدایت پر میرے کچھ طلبہ نے 2010 میں اس موضوع پر ایک ریسرچ پروجکٹ تیار کیا تھا، جس کی تفصیل کی یہاں گنجائش نہیں)۔

اس سلسلے میں گزشتہ صدی کے دوران برِ صغیر کی بعض دینی تنظیموں کی طرف سے ایک قابلِ قدر کوشش یہ ہوئی ہے کہ وہ لوگوں کو “قرآن” کے الفاظ پڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کے معانی سمجھنے اور ان پر تدبر کرنے کی ترغیب دیں۔ اس مقصد کے لئے جگہ جگہ درسِ قرآن یا قرآن فہمی کی کلاسوں کا اجراء کریں، مختلف مقامی اور عالمی زبانوں میں قرآن کے ترجمے اور تفاسیر چھاپ کر مفت یا رعایتی قیمت پر تقسیم کریں۔ آگے چل کر مسلم ممالک خصوصا سعودی عرب کی سربراہی میں مترجَم قرآن کی اشاعت اور تقسیم کا یہ کام عالمی پیمانہ پر پھیل گیا۔ موجودہ صدی میں متنِ قرآن اور اس کے ترجموں کے ڈیجیٹل نسخے انٹرنیٹ اور موبائل فون کے ذریعہ امکانی طور پر اب کرۂ ارض کے ہر باشندے کی دسترس میں ہیں۔ شاید یہ حفاظت ِ قرآن کے خدائی وعدہ (سورہ الحجر، آیت ۹) کی آخری تکمیل ہے۔

اس ضمن میں بعض پُر جوش افراد قرآن کے فہم و تدبر کی اہمیت بتاتے ہوئے اس کی لفظی تلاوت کو بے فائدہ کہہ کر اس کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ مگر یہ رویہ درست نہیں۔ قرآن کا عربی متن ہی اصل ربانی کلام ہے جو بذریعہ وحی نازل کیا گیا، اور اس کو بعینہ پڑھنا، سننا اور یاد کرنا ایک مستقل نیکی ہے۔ چاہے پڑھنے والا عربی زبان و بیان سے ناواقفیت کی بنا پر اسے روانی سے نہ پڑھ سکے اور نہ ہی اس کے مطالب کو سمجھ پائے۔ اس لفظی تلاوت کا ثواب پانے کی واحد شرط یہ ہے کہ پڑھنے والا صدقِ دل سے اس کو رب العالمین کا آخری اور لا ریب کلام مانتا ہو۔ (باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

اتوار، 4 جون مطابق 9 رمضان، 2017

تلاوت اور تدبرِ قرآن (۲/۲)

متنِ قرآن کی لفظی تلاوت کے باعثِ اجر ہونے کی دلیل کے لئے ابن مسعود (رض) کی وہ حدیث کافی ہے جسے ترمذی نے روایت کیا ہے جس میں صراحةً قرآن کا ایک حرف پڑھنے پر دس نیکیوں کے اجر کی بشارت آئی ہے- قابلِ غور بات یہ ہے کہ اس میں رسول اللہ (صلعم) نے بطورِ مثال تین حرف ( الم ) کا ذکر گیا ہے، جو حروفِ مقطعات میں سے ہیں اور جمہور مفسرین کا اس پر اتفاق ہے کہ ان سے مراد کیا ہے اس کا قطعی علم خدا کے سوا کسی کو نہیں۔ اس سے ثابت ہوا کہ قرآن کی مجرد تلاوت، بشرطِ ایمان، موجبِ اجر ہے، خواہ کسی وجہ سے پڑھنے والا اس کے معانی کو نہ سمجھ سکے۔ حتی کہ اگر ایک صاحبِ ایمان، پوری کوشش کے باوجود، الفاظِ قرآن کو دشواری کے ساتھ اٹک اٹک کر پڑھے، تو بخاری و مسلم کی متفق علیہ حدیث میں اسے دہرے اجر کا مستحق بتایا گیا ہے۔

البتہ قرآن میں تدبر اور دعوت و اصلاح کے لئے اس کی تفہیم ایک مستقل دینی فریضہ ہے۔ تاہم قرآن کا ترجمہ و تفسیر، خواہ وہ کسی زبان میں کیا جائے، وہ متنِ قرآن کا بدل نہیں۔ وہ اس کے معانی کو سمجھنے اور سمجھانے کی انسانی کوشش ہے، وہ درست ہو تب بھی “وحی الہی” کا درجہ ہرگز نہیں رکھتی – اس عمل کو کرنے والا اپنے اجتہاد اور اخلاص کے بقدر یقینا عند اللہ ماجور اور مشکور ہوگا۔

مزید یہ کہ تدبرِ قرآن محض اس کے الفاظ کے مطالب و معانی کو سمجھنے کی خشک عقلی و علمی کاوش کا نام نہیں؛ بلکہ وہ اپنی عقل اور علم اور ارادہ و اختیار کو قرآن کے تابع بنانے کا نام ہے۔ تدبر کا حقیقی مقصد ہے، قرآن میں غور و فکر کر کے اس سے نصیحت لینا (سورة ص، آيت، 29) اور پھر اس کے بہتر پہلو کی عملی پیروی کرنا(سوره الزمر، آيت، 18)۔ ایسا تدبرِ قرآن جس کے نتیجہ میں “تذکر” یعنی نصیحت پذیری اور “اتباع” یعنی اس کی عملی پیروی کا دو گونہ مقصد حاصل نہ ہو، وہ ایک قسم کا ذہنی تعیش (intellectual indulgence) ہے؛اور سخت اندیشہ ہے کہ اس کو کرنے والا عند اللہ عذاب کا مستحق ٹہرایا جائے نہ کہ ثواب کا۔ اسی بنا پر مسلم کی ایک روایت میں یہ تنبیہ ہے کہ قرآن تمہارے حق میں خدا کی حجت ہے یا تمہارے خلاف (القرآن حجة لك أو عليك)۔

آسمانی کتابوں اور صحیفوں کی تاریخ میں، قرآن کی تلاوت اور حفظ کی روایت جو نزولِ قرآن کے اوّل دن سے قائم ہوئی اور بلا انقطاع جاری رہی؛ ایک انتہائی انوکھا استثناء ہے، جس کے ذریعہ، پرنٹنگ پریس، ٹیپ ریکارڈر اور الیکٹرانک میڈیا کے انقلاب سے پہلے یہ “معجزہ” ممکن ہوا کہ قرآن کے الفاظ کسی بھی قسم کی تبدیلی کے بغیر اپنی اصل شکل میں محفوظ رہیں اور آنے والی عرب اور غیر عرب تمام نسلیں ہر زمانے میں اس کی صوتی قرات ٹھیک اسی طرح کرتی رہیں جس طرح اس کے لانے والے نے خود کر کے بتایا تھا اور بتوفیق الہی، دعوت و اصلاح کی غرض سے اس کو سمجھنے سمجھانے کی ممکنہ کوشش بھی جاری رکھیں۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

پیر، 5 جون مطابق 10 رمضان، 2017

مقبول روزے کی علامت

رمضان کے روزے کی فضیلت میں غالباً سب سے زیادہ مشہور وہ حدیثِ قدسی ہے، جس میں اللہ تعالی فرماتا ہے کہ انسان کے ہر نیک عمل کا انعام دس گنا سے سات سو گنا تک بڑھا کر دیا جاتا ہے، “۔۔۔سوائے روزے کے، کیونکہ وہ میرے لئے ہے اور میں خود اس کا اجر دوں گا؛ وہ میری خاطر اپنی خواہش اور اپنا کھانا تک چھوڑ دیتا ہے” (“۰۰۰إِلَّا الصَّوْمَ ، فَإِنَّهُ لِي ، وَأَنَا أَجْزِي بِهِ ، يَدَعُ شَهْوَتَهُ وَطَعَامَهُ مِنْ أَجْلِي”۔ صحیح مسلم )

اس حدیث کی تشریح میں بہت کچھ لکھا گیا ہے۔ تاہم آج اس ہر غور کرتے ہوئے ایک بالکل ہی نیا اور لطیف پہلو یہ سامنے آیا کہ اس میں روزے کی فضیلت کے ضمن میں گویا اہلِ ایمان کو یہ بتایا گیا ہے کہ روزے کے عند اللہ مقبول ہونے کی علامت کیا ہے؟ وہ یہ ہے کہ روزہ کا عمل خود روزہ دار کو ایسا بنا دے ک وہ اپنی اندرونی سوچ اور خارجی سرگرمیوں سمیت حقیقی اور مکمل طور پر سراپا “خدا کے لئے” ہو جائے۔ اور جب کوئی اس طرح سراپا “خدا کے لئے” وقف ہو جائے تو وہ خدا جو أكرم الأكرمين ہے بلاشبہ اس کا اکرام و انعام بھی بذات خود اور بے حساب شکل میں عطا کرے گا۔

یوں تو کوئی بھی نیک عمل جو خالصۃً اللہ کے لئے نہ کیا جائے، وہ اللہ کی نظر میں بے وقعت بلکہ قابلِ مؤاخذہ ہے۔ البتہ روزہ اپنے معمول شکن نظام الاوقات(routine-breaking schedule) اور خلافِ نفس پابندیوں کی وجہ سے استثنائی طور ہر ایک ایسا فریضہ ہے، جسے انجام دینے کے لئے انسان کو خدا کے ہمہ وقت حاضر و ناظر ہونے پر یقین اور اس کے سامنے جوابدہی کے احساس کو ہر لمحہ اپنے قلب و دماغ میں زندہ اور فعال رکھنا پڑتا ہے۔ ورنہ کوئی بھی شخص صحیح معنوں میں روزہ کا حق ادا نہیں کر سکتا، بلکہ ایک حدیث کے مطابق اس کا شمار ان لوگوں میں ہوگا جن کو رمضان کے صیام و قیام سے سوائے بھوک، پیاس، تکان اور تلخ مزاجی کے اور کچھ نہیں ملتا۔

روزہ، ایک اعتبار سے قرآنی تصورِ حیات: “إنا لله وإنا إليه راجعون”(یعنی ہم اللہ کے لئے ہیں اور بالآخر ہمیں اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے) کی جیتی جاگتی تصویر بن جانے کا نام ہے۔ اس تصور کے زیرِ اثر آپ کے فکر و کردار کے ہر پہلو میں “ربانیت” کی جھلک پیدا ہو گی۔ اور آپ کی زندگی رمضان اور غیر رمضان دونوں میں ایک قسم کی “روزہ دارانہ زندگی” بن جائے گی۔ بالفاظ دیگر روزے کی قبولیت کی پہچان یہ ہے کہ آپ کی زبانِ حال یہ کہنے لگے کہ “خدایا میں اور میرا سب کچھ صرف تیرا اور تیرے لئے ہے”؛ اور اسی کی تصدیق کرتے ہوئے رب العالمین اپنے فرشتوں سے کہتا ہے کہ: “روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا انعام دوں گا”

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

منگل، 6 جون مطابق 11 رمضان، 2017

دعاء کی قیمت

“وَإِذَا سَأَلَكَ عِبَادِي عَنِّي فَإِنِّي قَرِيبٌ أُجِيبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ إِذَا دَعَانِ فَلْيَسْتَجِيبُوا لِي وَلْيُؤْمِنُوا بِي لَعَلَّهُمْ يَرْشُدُونَ” (البقرة، آيت، 186)

“اور جب میرے بندے تم سے میرے بارے میں دریافت کریں تو میں بلا شبہ قریب ہوں؛ دعاء کرنے والے کی دعاء قبول کرتا ہوں جب بھی وہ مجھ سے دعاء کرے۔ لہذا ان کو چاہیئے کہ میرا حکم مانیں اور مجھ پر ایمان لائیں تاکہ وہ ہدایت یاب ہوں” (سوره البقرة، آيت، 186)

یہ آیت رمضان کے روزے سے متعلق آیات کے درمیان آئی ہے۔ جو اس بات کا اشارہ ہے کہ روزہ کی حالت میں دعاء کی اہمیت اور اس کی قبولیت کا امکان عام دنوں کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہے۔ متعدد احادیث میں بھی اس پر زور دیا گیا ہے۔

تاہم اس آیت میں در اصل یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دعاء جہاں ایک مومن کے لئے خدا سے ہمکلام ہونے اور اس سے اپنی حاجت روائی کی درخواست کا ذریعہ ہے؛ وہیں وہ خدا کے ساتھ ایک قسم کا عہد (pledge) ہے جو گویا دعاء کو حقیقی معنوں میں مقبول بنانے کی قیمت ہے۔ وہ عہد ہے: خدا کی مخلصانہ اطاعت کا اور اس پر اپنے ایمان و یقین کو زندہ اور پختہ کرنے کا۔ اسی عہد کی شعوری پابندی کے ذریعہ اہلِ ایمان کو “رُشد و ہدایت” کی توفیق ملتی ہے یعنی ان پر ہر قسم کی فلاح و سعادت کے دروازے کھلتے ہیں۔

اگر دعاء کے ساتھ آپ کے اندر ایمان اور اطاعت کے اس عہد کی تجدید کا گہرا شعور بیدار نہ ہو، تو عین ممکن ہے اس کے باوجود خدا اپنی بے نیازی اور سخاوت سے آپ کو وہ چیز دے دے جو آپ نے طلب کی مگر اندیشہ ہے کہ وہ چیز انجامِ کار آپ کے لئے “رُشد و ہدایت” کا باعث نہ ہو، بلکہ خدا سے “غفلت” اور اس کی “معصیت” کا سبب بن جائے۔ گویا خدا سے مانگتے ہوئے آپ کو یہ بھی یاد رکھنا ہے کہ آپ کو اسے کچھ “دینا” بھی ہےاور وہ ہے ایمان اور اطاعت کا سچا عہد و پیمان۔ آپ کی “مانگ” اسی وقت آپ کے حق میں با برکت اور موجبِ سعادت بنے گی جب آپ اس کی مطلوبہ قیمت چکانے کے لئے صدقِ دل سے تیار ہوں۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

بدھ، 7 جون مطابق 12 رمضان، 2017

روزہ: قرآنی زندگی کی تمہید

سورہ البقرة، آیت 183 میں رمضان کے روزے کی فرضیت کا مقصد اللہ تعالی نے یہ قرار دیا ہے کہ اس کے ذریعہ اہلِ ایمان کے اندر تقوی (خدا شناسی اور خدا ترسی) کی صفت پیدا ہو۔ پھر اس کی اگلی آیت کے بعد (البقرة، 185) میں بتایا گیا ہے کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل ہوا، تمام انسانوں کی رہنمائی کے لئے اور ہدایت کے روشن دلائل اور حق و باطل کا فیصلہ کُن معیار فراہم کرنے کے لئے۔

دوسری طرف قرآن کے بالکل شروع (سورہ البقرة، آیت 2) میں یہ وضاحت کی گئی ہے کہ اس کتابِ لا ریب سے عملاً وہی لوگ ہدایت اور رہنمائی لے سکتے ہیں جن میں تقوی کا جوہر موجود ہو (ھُدیً للمتقین)۔

مذکورہ تینوں آیات کا مجموعی خلاصہ یہ ہو گا کہ روزہ بیک وقت ایک مستقل عبادت بھی ہے اور قرآنی زندگی کی تمہید بھی – روزہ کو کما حقہ ادا کرنے سے ایک طرف تقوی اسپرٹ پیدا ہو گی اور پھر یہی تقوی اسپرٹ وہ قوتِ محرکہ (driving force) ہے جو ایک صاحبِ ایمان کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ قرآنی ہدایات کے مطابق اپنی شخصیت کی ربانی تشکیل اور اپنی زندگی کو قرآن کی عملی تصویر بنا سکے تاکہ آخرت میں خدا کی ابدی جنت کا مستحق قرار پائے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعرات، 8 جون مطابق 13 رمضان، 2017

صبر کا مہینہ

رمضان کو ایک حدیث میں “شھر الصبر” یعنی صبر کا مہینہ کہا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ روزہ صبر کی تمام قسموں کا جامع ہے۔ چنانچہ یہ پورا مہینہ، صبر کا مہینہ قرار پایا۔

علماء نے صبر کی مختلف تعریفیں اور اقسام بیان کی ہیں جن کا خلاصہ تین وسیع عنوانات کے تحت یہ ہو گا (۱) اللہ کے احکام کی اطاعت پر صبر؛ جو راہِ راست پر استقامت اور ثابت قدمی کے ہم معنی ہے (۲) اللہ کی ممنوعہ چیزوں سے بچنے پر صبر (۳) قدرتی آلام و مصائب( مثلاً: بھوک ، پیاس، بیماری، مالی تنگ دستی، اور ناگہانی آفتیں وغیرہ) نیز دعوت و اصلاح کی راہ میں پیش آنے والی مشکلات، دل شکن تجربات اور دوسروں کی ایذاء رسانیوں پر صبر۔

تاہم صبر کی ایک نہایت لطیف اور شاید اعلی ترین قسم وہ ہے جسے “ربانی صبر” (divine patience) کہہ سکتے ہیں۔ اس سے مراد اس ذہنی تکلیف اور نفسیاتی اذیت کو برداشت کرنا ہے جو اپنے ایک جائز اصولی حق کو لینے کی قدرت رکھنے کے باوجود اس سے دست بردار ہونے کے نتیجہ میں پیدا ہوتی ہے۔ جب ایک شخص آپ کے ساتھ بد کلامی کرے، یا آپ کی کسی چیز پر نا جائز قبضہ کر لے، یا آپ کا کوئی علمی یا عملی کارنامہ اپنے یا کسی اور کے نام منسوب کردے، یا جس پوزیشن کے آپ حقدار تھے اسے کسی سازش کے تحت کوئی اور حاصل کر لے۔

ان تمام حالتوں میں آپ کو ایک نا قابلِ برداشت ذہنی کرب کے طوفان سے گزرنا پڑتا ہے اور بظاہر آپ کے لئے یہ ممکن نظر آتا ہے کہ جوابی یا انتقامی کارروائی کے ذریعہ اپنا حق بحال کرلیں یا کم از کم اپنے جذبات کی تسکین کا سامان کریں مگر آپ صرف خدا کی خاطر اس کو بلا بحث سہ جاتے ہیں تو اس وقت گویا آپ “ربانی صبر” کا تجربہ کرتے ہیں۔ یعنی جس طرح خدا، قادرِ مطلق ہونے کے باوجود، اپنی شان میں گستاخی کرنے والے مجرموں کو اپنی بنائی ہوئی کائنات میں برداشت کرتا ہے اور انہیں مقررہ وقت تک زندگی کی تمام آسائشوں کا سامان فراہم کرتا ہے، اسی طرح آپ اپنی محدود قدرت کا استعمال اپنے حریف یا بد خواہ کے خلاف نہیں کرتے اور اس کے معاملہ کو قادرِ مطلق کے حوالے کر دیتے ہیں۔

روزہ مختلف پہلوؤں سے اہلِ ایمان کو اسی ربانی صبر کی عملی تربیت دیتا ہے اور ایسے ہی صابر بندوں کے لئے خدا نے بے حساب اجر کا وعدہ کیا ہے۔ (إنما یوفی الصابرون أجرھم بغیر حساب (سورہ الزمر، آیت ۱۰)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعہ، 9 جون مطابق 14 رمضان، 2017

تخلیہ اور تحلیہ

تزکیۂ نفس کے دو بنیادی پہلو ہیں، ایک تخلیہ اور دوسرے تحلیہ۔

تخلیہ کا لفظی مطلب ہے خالی کرنا۔ یہ گویا ایک قسم کی ذہنی و نفسیاتی جراحی (intellectual & psychological surgery) ہے، جس کے ذریعہ آپ اپنے اندرون کو، قرآنی اصطلاح میں “فجور” سے پاک کرتے ہیں۔ یعنی ہر قسم کی وہ اعتقادی خامیاں (شرک و ریاء وغیرہ) اور فکری وجذباتی کمزوریاں (غصہ، انانیت، سطحیت، عاجلہ پرستی، حرص و حسد، بغض و عناد، گھمنڈ وغیرہ)، جن کی بنا پر آپ روز مرہ زندگی میں اخلاق و عمل کی مختلف برائیوں کا ارتکاب کرتے ہیں۔

تحلیہ کے لفظی معنی ہیں سنوارنا۔ اس سے مراد اپنے باطن اور ظاہر کو قرآن کی اصطلاح میں “تقوی” کے اوصاف سے آراستہ کرنے کی سنجیدہ اور منظم کوشش ہے، یعنی توحید پر ایمان کو اپنے دل و دماغ کی گہرائیوں میں اس طرح زندہ اور پختہ کرنا کہ وہی آپ کے فکر و شعور اور احساسات و جذبات کا دائمی مرکز و محور بن جائے اور پھر عملِ صالح (خالق کی مخلصانہ عبادت اور مخلوق کی بے لوث خدمت وغیرہ) کے ذریعہ اپنے اخلاق و کردار کی ربانی تشکیل کے لئے آپ کو ہمہ تن اور ہمہ وقت پُر جوش طور پر سرگرم رکھے۔

رمضان کے صیام و قیام اور اس کے متعلقہ ضوابط کو اگر گہرے فہم و شعور کے ساتھ اپنایا جائے، تو وہ حیرت انگیز طور پر ایک صاحبِ ایمان کو اس قابل بنادیتے ہیں کہ وہ تزکیۂ نفس کے ان دو گونہ تقاضوں (تخلیہ اور تحلیہ) کو پورا کر سکے اور اپنی شخصیت اور کردار کو ربانی پیکر میں ڈھال کر بالآخر جنت کی شہریت کا مستحق بن جائے۔ ان شاء اللہ۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

سنیچر، 10 جون مطابق 15 رمضان، 2017

اسوۂ یوسفی (۲/۱)

آج تراویح میں سورۂ یوسف پڑھی گئی۔

سورۂ یوسف ایک سو گیارہ آیتوں پر مشتمل ہے۔ قرآنی ترتیب میں وہ بارہویں نمبر پر ہے۔ پوری سورہ میں پچیس سے زاید بار حضرت یوسف (علیہ السلام) کا بنام ذکر آیا ہے۔ مفسرین کے مطابق وہ ہجرتِ مدینہ سے کچھ پہلے “عام الحزن” یعنی سالِ غم میں اس وقت نازل ہوئی جبکہ ابو طالب اور حضرت خدیجہ (رض) کی وفات کے صدمے کے ساتھ ساتھ پیغمبرِ اسلام (صلعم) کے خلاف مکہ والوں کی دشمنی اور ایذاء رسانی اپنی آخری حد کو پہنچ چکی تھی اور تمام قبائل نے مل کر آپ کے قتل کا ظالمانہ منصوبہ بھی بنا لیا تھا۔

اس پسِ منظر میں سورۂ یوسف گویا پیغمبرِ اسلام (صلعم) اور اہلِ اسلام کے لئے بالواسطہ انداز میں اس بات کی پیشگی خوش خبری تھی کہ “آج” کے بظاہر مایوس کن اور حوصلہ شکن حالات کے باوجود ان کا “کل” بہت شاندار اور کامیاب ہونے والا ہے۔ البتہ اس کی لازمی شرط یہ ہے کہ وہ ہر حال میں “تقوی” اور “صبر” کی روش پر ثابت قدم رہیں۔ کیونکہ محض تقوی اور صبر ہی کے ذریعہ یہ ممکن ہےکہ انسان ایک طرف زندگی اور کائنات کی ربانی اسکیم کو گہرائی سے سمجھے اور غیر مشروط طور پر اس سے ہم آہنگ ہو جائے اور دوسری طرف وہ “اپنوں” اور “غیروں” کی تمام “سازشوں” کے منفی اثرات کی زد سے نہ صرف محفوظ ہو جائے بلکہ وہی “سازشیں” بالآخر اس کی کامیابی کے مواقع کھولنے اور اس کی سر بلندی کی راہیں ہموار کرنے کا ذریعہ بن جائیں۔

سورۂ یوسف ربانی معرفت، روحانی بصیرت اور اخلاقی حکمت و عبرت کا اتھاہ خزانہ ہے۔ اس کے نمایاں ترین اسباق کی مختصر فہرست یہ ہو گی: خدا پر زندہ ایمان، آخرت پر گہرا یقین، دنیوی آلام و مصائب اور انسانی ظلم و زیادتی پر صبر، حاسدوں اور بد خواہوں کی سازش کا مقابلہ بذریعہ توکل علی اللہ و استعانت باللہ، توحید کی دعوت، پاکدامنی اور عالی ظرفی، تقوی، احسان، امانت داری، قناعت پسندی اور خود داری، نعمتوں کی قدر شناسی اور شکر گزاری، قدرت کے با وجود عفو و در گزر، علم و دانش اور مستقبل بینی کی بنیاد پر سرکاری مالیات کا مثالی نظم و نسق، تنظیمِ بحران (crisis management) اور رفاہِ عام کی منصوبہ بندی (public welfare planning) اور اس کا مؤثر عملی نفاذ وغیرہ۔(باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

اتوار، 11 جون مطابق 16 رمضان، 2017

اسوۂ یوسفی (۲/۲)

موجودہ عالمی حالات کے پسِ منظر میں تدبر کیا جائے تو میں سمجھتا ہوں سورۂ یوسف یا “أسوۂ یوسفی” میں آج کے مسلمانوں کے لئے سب سے بڑا اور اہم ترین for سبق وہ حکمتِ عملی ہے جسے سیاسی ہم آہنگی (political adjustment) کہہ سکتے ہیں۔ یعنی کسی بھی ملک کے قائم شدہ نظامِ اقتدار اور اس کے آئینی یا تعزیری قوانین کو

“اعتقاد” (دوسرے لفظوں میں کفر اور ایمان) کا مسئلہ بنائے بغیر اس کے دائرے میں پُر امن طور پر رہتے ہوئے اپنے انفرادی، خانگی اور اجتماعی مسائل کا مثبت عملی حل تلاش کرنا۔ ذاتی طور پر اپنے عقیدۂ توحید کو درست اور مستحکم بناتے ہوئے، حسبِ امکان اس کی دعوت دینا، جیسا کہ معلوم ہے حضرت یوسف (علیہ السلام) نے جیل خانے میں قیدیوں کو دعوتِ توحید دی، مگر شاہی محل میں اس کا امکان نہیں تھا۔

اسی طرح قید خانہ میں انہوں نے صرف دعوتِ توحید دی۔ وقت کے سیاسی نظام کے خلاف کوئی انقلابی منصوبہ نہیں پیش کیا نہ ہی مروجہ عدالتی قوانین اور ضوابط پر کسی قسم کا تبصرہ یا تنقید کی۔ بلکہ اسے “قضاءِ الہی” قرار دے کر خاموشی کے ساتھ تسلیم کیا (سورۂ یوسف، آیت، 41)- مزید یہ کہ اس کے تحت اگر ایک مومن و مسلم کو کوئی سرکاری عہدہ مل جائے تو وہ پوری امانت اور دیانت داری اور وفاداری کے ساتھ اپنی امتیازی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرتے ہوتے بہترین خدمات پیش کرے جیسا کہ حضرت یوسف (علیہ السلام) نے وزیرِ خزانہ کی حیثیت سے پیش کیا۔

خود اپنے چھوٹے بھائی بنیامین کو اپنے پاس روکنے کے لئے انہوں نے خدا کی طرف سے جو خصوصی الہامی تدبیر اختیار کی، وہ بھی دین الملک (آیت 76) یعنی مروجہ شاہی ضابطوں کے عین مطابق تھی۔ اس سلسلے میں مشہور مفسر شیخ جمال الدین القاسمی اپنی تفسیر “محاسن التنزیل” میں لکھتے ہیں کہ “یہاں یہ بتایا گیا ہے کہ یوسف علیہ السلام بادشاہ کے قانون سے تجاوز نہیں کرتے تھے ورنہ وہ اپنی مرضی چلاتے۔ یہ طرزِ عمل ان کی کامل ذہانت اور حکمت کا ثبوت ہے۔ نیز اس آیت میں یہ دلیل بھی ہے کہ کافرانہ مذاہب کے قوانین کو “دین” کہنا جائز ہے اور اس ضمن میں اور بہت سی آیات موجود ہیں (“۔۔۔وفيه إعلام بأن يوسف ما كان يتجاوز قانون الملك ، وإلا لاستبد بما شاء، وهذا من وفور فطنته وكمال حكمته . ويستدل به على جواز تسمية قوانين ملل الكفر ( ديناً ) لها والآيات في ذلك كثيرة .”)

بحیثیتِ مجموعی اہلِ اسلام کے لئے “اسوۂ یوسفی” کی اہمیت کی تایید میں اتنا کافی ہے کہ اس سورہ کے خاتمے پر آیت نمبر 108 میں پیغمبرِ اسلام کی زبانی یہ اعلان کرایا گیا ہے: “قُلْ هَٰذِهِ سَبِيلِي أَدْعُو إِلَى اللَّهِ عَلَىٰ بَصِيرَةٍ أَنَا وَمَنِ اتَّبَعَنِي وَسُبْحَانَ اللَّهِ وَمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِكِينَ” (سورۂ یوسف، آیت، 108)

“کہہ دو: یہ ہے میرا راستہ؛ میں خدا کی طرف بلاتا ہوں؛ خوب سمجھ بوجھ کر میں بھی اور میرے پیرو بھی۔ اور tخدا پاک ہے۔ اور میں شرک کرنے والوں میں سے نہیں ہوں” (سورۂ یوسف، آیت، 108)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

پیر، 12 جون مطابق 17 رمضان، 2017

عادت اور عبادت

الطبرانی نے سہل بن معاذ بن انس (رض) سے ایک روایت ان الفاظ میں نقل کی ہے:” ایک شخص نے رسول اللہ (صلعم) سے پوچھا کہ: اے اللہ کے رسول، سب سے بڑا اجر پانے والا مجاہد کون ہے؟ آپ نے کہا: جو سب سے زیادہ خدا کو یاد کرے۔ اس نے پھر پوچھا کہ: سب سے بڑا اجر پانے والا روزہ دار کون ہے؟ آپ نے کہا: جو سب سے زیادہ خدا کو یاد کرے۔ پھر اس شخص نے نماز اور زکوۃ اور حج اور صدقہ کے حوالے سے یہی سوال کیا اور ہر بار اس کے جواب میں آپ نے فرمایا: جو سب سے زیادہ خدا کو یاد کرے- تب حضرت ابوبکر (رض) نے حضرت عمر (رض) سے کہا کہ: ذکر کرنے والے تو سارا خیر لے کر چلے گئے۔ اس پر آپ (صلعم) نے فرمایا: یقیناً”۔

الله کے ذکر سے مراد یہاں محض کچھ اوراد و وظائف کی زبانی تکرار نہیں ہے۔ بلکہ اس سے مراد خدا کی ذات و صفات کا وہ شعوری ادراک و استحضار (conscious awareness & visualization) ہے جس کے تحت ایک مومن

اپنے دل و دماغ کی سطح پر گویا ہر وقت خدا کو دیکھتا ہے یا کم از کم خدا کے دیکھنے کو دیکھتا ہے۔

خدا کے ہمہ وقت حاضر و ناظر ہونے کا یہ یقین جس قدر آپ کے اندرون کی گہرائی میں سمایا ہو گا اسی قدر آپ کا روزہ اور نماز اور زکوۃ اور حج اور صدقہ وغیرہ بے جان “عادات” کے بجائے زندہ “عبادات” کی شکل اختیار کریں گے اور اسی تناسب سے آپ کو ان کا اجر بھی ملے گا۔

اس کی وضاحت مسندِ احمد کی ایک اور حدیث سے ہوتی ہے جو حضرت عمار بن یاسر (رض) سے یوں مروی ہے کہ رسول اللہ (صلعم) فرمایا کرتے کہ:”بندہ نماز پڑھتا ہے مگر وہ اس کے حق میں نہ آدھی شمار ہوتی ہے، نہ ایک تہائی، نہ ایک چوتھائی اور نہ اس کا پانچواں اور چھٹا اور دسواں حصہ اجر ہی اس کو ملتا ہے۔ کیونکہ بندہ کو اس کی نماز سے اسی قدر (اجر یا فائدہ) حاصل ہوتا ہے جس قدر وہ اس کا شعوری ادراک کرتا ہے:” إنما يكتب للعبد من صلاته ما عقل منها “

ذکرِ الہی در حقیقت فکر و شعور کی پاکیزگی اور ارتقاء کا وہ مقام ہے جہاں ایک صاحبِ ایمان “ان دیکھے خدا” کو سب سے زیادہ “دیکھنے” لگتا ہے، محسوسات کے ہجوم میں وہ خدائی صفات کی “غیر محسوس” تجلیات کو سب سے زیادہ محسوس کرنے لگتا ہے۔ ہر چھوٹی بڑی “نعمت” اسے “مُنعِم” کی حمد و ثناء سے سرشار کرتی ہے اور ہر چھوٹی بڑی “مصیبت” اسے اپنی عاجزی کے احساس میں ڈبو کر قادرِ مطلق کی پناہ کا طلبگار بنادیتی ہے۔ یہی وہ کیفیت ہے جو اس کی ہر “عادت” کو “عبادت” بناتی ہے اور جس کے بغیر ہر عبادت محض ایک بے روح عادت بن کر رہ جاتی ہے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

منگل، 13 جون مطابق 18 رمضان، 2017

دو مسرتیں

سورج ڈوبا۔ مغرب کا وقت ہوا۔ روزہ دار نے کھجور، پانی، پھل اور دیگر اشیائے خور و نوش کے ذریعہ افطار کیا۔ دن بھر بھوک اور پیاس کی شدت سے مرجھانے ہوئے چہرے پر تازگی اور بشاشت کی لہر دوڑ گئی اور پورے بدن میں، نڈھال پن کی جگہ سیرابی اور شکم سیری کا مسرت بخش احساس ایک نئی زندگی، نئی توانائی بن کر جاری و ساری ہو گیا۔ اسی کے ساتھ ایمانی حِس اور اسلامی شعور کے تحت، اس کی زبان سے بے ساختہ خدا کی حمد و ثناء اور شکر گزاری کے کلمات نکلنے لگے۔ جس نے اس کو مزید روحانی کیف و سرور سے سرشار کردیا۔ یہ ایک ایسی مسرت ہے جس کا تجربہ ایک باشعور روزہ دار کو روزانہ بوقتِ افطار ہوتا ہے یا ہونا چاہئے۔

روزہ دار اگر افطار کے وقت مزید غور و فکر سے کام لے تو اس کا دستر خوان صرف جسم کو تقویت پہنچانے والی خوراک کا نہیں، بلکہ اس کی روح کا تزکیہ کرنے اور اس کے ملکوتی جوہر کو نکھارنے والا ربانی معرفت کا دستر خوان بن جائے- وہ سراپا عجز اور حیرت کا پیکر بن کر سوچے گا کہ یہ پانی جو میری پیاس بجھاتا ہے اور یہ کھانا جو میری بھوک مٹاتا ہے، ان کو وجود میں لانے کے لئے زمین و آسمان سمیت اس لامتناہی کائنات کے کھربوں عناصر، خود میرے وجود میں آنے سے کھربوں سال پہلے سے مسلسل اور حد درجہ ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ میرا وہ خالق اور رازق کتنا مہربان، کتنا حکیم اور کیسی بے پناہ قدرتوں کا مالک ہے، جو تنہا مجھ جیسی عاجز و ناتواں مخلوق کو اتنی فیاضی سے تمام سامانِ زندگی فراہم کرتا ہے۔

پھر اسی کے ساتھ اس کے اندر یہ یقین ابھرتا ہے کہ جس طرح میری موجودہ زندگی کے لئے خدا نے مجھے ایسے بیش قیمت اسباب پیشگی مہیا کئے ہیں، وہ مرنے کے بعد آنے والی میری ابدی زندگی کو بلاشبہ ان تمام آسودگیوں اور مسرتوں سے بھر سکتا ہے جو کبھی میرے خواب و خیال میں گزریں یا میرے تخیل کی گرفت سے باہر رہیں۔ یہ یقین اس کے اندر اپنے رحمن و رحیم پروردگار سے ملاقات کا سچا شوق اور تڑپ پیدا کر دیتا ہے۔

اس طرح گویا روزہ اور افطار ایک باشعور مومن کے لئے روزانہ دو لطیف مسرتوں کا عملی تجربہ بن جاتا ہے۔ حضرت ابو ھریرہ (رض) سے مروی ایک مشہور حدیث میں رسول اللہ(صلعم) نے انہیں دو مسرتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ: “روزہ دار کے لئے دو خوشیاں ہیں، ایک خوشی افطار کرتے وقت اور دوسری خوشی جب وہ اپنے پروردگار سے ملے گا”۔(للصائم فرحتان: فرحة حين يفطر، وفرحة حين يلقى ربه)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

بدھ، 14 جون مطابق 19 رمضان، 2017

روزہ: حیات بعد الموت کی تیاری (۲/۱)

آج بوقتِ سحر ایک رشتے دار خاتون کے انتقال کی خبر ملی۔ “إنا لله وإنا إليه راجعون”…اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان ہر اپنی رحمتوں کا سایہ کرے، ان کے درجات کو بلند فرمائے، انھیں جنت الفردوس میں جگہ دے۔

موت کو حدیث میں “ھادم اللذات” ( لذتوں کو ڈھا دینے والا) کہا گیا ہے اور اسے مسلسل یاد کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔اس کا یہ مطلب نہیں کہ آدمی صبح وشام اپنی انگلیوں یا تسبیح کے دانوں پر “موت، موت” کا ورد کرے۔ یہ در اصل موت کے بعد کی زندگی کے بارے میں سنجیدہ غور و فکر کی نصیحت ہے تاکہ انسان اپنی موت سے پہلے اس کی مطلوبہ تیاری کر لے ورنہ اس کے بعد کسی کو ایک لمحے کے لئے بھی اس بات کی مہلت نہ ملے گی کہ وہ اپنی کسی سابقہ کوتاہی یا بد عملی کی تلافی کر سکے- گویا موت کو یاد کرنے کا مطلب اسے اپنے لئے حسنِ عمل اور خدا کی صراطِ مستقیم پر چلنے کا محرک بنانا ہے۔

انسان کی موجودہ زندگی جتنی یقینی ہے اتنا ہی یقینی موت کے ذریعہ اس زندگی کا خاتمہ بھی ہے۔ جس سے ہر شخص کو جلد یا بدیر لا محالہ دوچار ہونا ہے۔ (كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ -سورة آل عمران، آيت، 185) مگر اکثر لوگ اس سنگین، اٹل اور یقینی خاتمۂ حیات سے اتنا غافل ہیں جیسے اس کی کوئی حقیقت نہ ہو۔ جیسے انہیں کبھی مرنا ہی نہیں۔

موجودہ زندگی ہر انسان کو “بے مانگے” ملتی ہے۔ وہ خالق کا ایک یک طرفہ عطیہ ہے اور موت اس عطیۂ زندگی کا کسی پیشگی اعلان یا “نوٹس” کے بغیر اس کے خالق کے حکم سے واپس لئے جانے کا نام ہے۔ “عطیۂ زندگی” کو دینے اور پھر اسے ایک مختصر یا نسبتاً طویل مدت کے بعد اچانک واپس لینے کا فیصلہ یک طرفہ طور پر خالق خود کرتا ہے۔ ظاہری اسباب خواہ کچھ ہوں، تاہم زندگی اور موت دونوں کا اوّل اور آخری صرف ایک ہی حقیقی سبب ہے اور وہ ہے خالق کا خود مختارانہ فیصلہ، جس میں کسی مخلوق کو کسی قسم کی مداخلت کا مطلق اختیار نہیں۔ چھوٹے اور بڑے، بادشاہ اور فقیر اور طاقتور اور کمزور سب زندگی اور موت کے اس خدائی فیصلے کے آگے یکساں طور پر بے بس ہیں۔ بقیہ تمام “اسباب” در اصل اس “اولین حقیقی سبب” کے نتائج ہیں نہ کہ بذاتِ خود سبب۔

خالقِ موت و حیات کے اس خود مختارانہ فیصلہ کو شعوری طور پر ماننے اور اس پر راضی ہونے کا اظہار ایک مومن و مسلم “استرجاع” کےان با معنی الفاظ میں کرتا ہے”إنا لله وإنا إليه راجعون”، یعنی ہم اللہ کی ملکیت ہیں اور ہم بالآخر اسی کے پاس لوٹ کر جانے والے ہیں۔ (باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعرات، 15 جون مطابق 20 رمضان، 2017

روزہ: حیات بعد الموت کی تیاری (۲/۲)

البتہ زندگی اور موت کے درمیان کی جو مختصر یا طویل مدت ہے، اس میں ہر انسان کو اپنی مرضی سے کچھ “کرنے” اور کچھ “نہ کرنے” کے “اختیارات” حاصل ہیں۔ انھیں محدود وقتی اختیارات کے صحیح یا غلط؛ بالفاظ دیگر اپنی ذاتی مرضی یا خالقِ موت و حیات کی مرضی کے مطابق استعمال پر انسان کی اگلی زندگی کی ابدی کامیابی یا ابدی ناکامی کا دار و مدار ہے۔

اس اعتبار سے دیکھا جائے تو روزہ ایک مومن کو حیات بعد الموت کی ابدی کامیابی کے لئے تیار کرتا ہے۔ کیونکہ روزہ عملاً اپنے نفس کی سطح پر خود کو جیتے جی مارنا ہے۔ وہ موت کی طرح اپنے تئیں “ھادم اللذات” بن جانا ہے۔ وہ اپنے اختیار سے خود کو بے اختیار بنا لینے اور آنے والی دائمی راحت و مسرت کی خاطر اپنی موجودہ وقتی راحت و مسرت کو اپنے ہاتھوں ڈھانے کی مشق ہے۔

یہ “خود مختارانہ بے اختیاری” اور خالقِ موت و حیات کے حکم سے “کل” کے لئےاپنے “آج” سے دست بردار ہو جانا، در اصل یہی وہ “اسلام” (فرمانبردارانہ خود سپردگی obediently self-surrender) ہے جو خدا کو اپنے بندوں سے مطلوب ہے، اور جس کے عوض میں آخرت کی پُر مسرت اور ہر قسم کے خوف و غم سے خالی، لا زوال بہشتی زندگی کا وعدہ کیا گیا ہے: {بَلَى مَنْ أَسْلَمَ وَجْهَهُ لِلَّهِ وَهُوَ مُحْسِنٌ فَلَهُ أَجْرُهُ عِنْدَ رَبِّهِ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ}.. [البقرة ، آیت 112].

جو شخص اس “اسلامی اسپرٹ” کے مطابق رمضان کے روزے رکھے، اس کی پوری شخصیت اور کردار مستقل طور پر اسلام کے پیکر میں اپنے آپ ڈھلتے چلے جائیں گے اور وہ اس صراطِ مستقیم پر ثابت قدم رہ سکے جو اسے موت کے بعد خدا کی جنت تگ پہنچائے گا۔ یہ نا ممکن ہے کہ ایک شخص رمضان میں بظاہر کھانا پینا اور دوسری جائز چیزوں بلکہ ناگزیر ضرورتوں کو ترک کر دے، وہ رمضان یا غیر رمضان میں، جھوٹ، غیبت، کینہ، بغض، سود خواری، شراب نوشی، مکر و فریب، عہد شکنی، کردار کشی اور فتنہ انگیزی جیسی حرام چیزوں سے خود کو نہ بچائے۔ اگر کوئی روزہ رکھتے ہوئے یا اس کے بعد ان محرمات کا دانستہ ارتکاب کرتا ہے تو اس کا روزہ محض ایک سماجی روایت یا بے جان عادت شمار ہوگا نہ کے ایک حي و قیوم پروردگار کی زندہ عبادت۔

سچا روزہ دار وہی ہے جس کا روزہ اسے زندگی کے ہر معاملے میں اپنے “مختارِ کُل” خالق و مالک کے آگے “بے اختیار” ہو جانے کا سلیقہ سکھائے تاکہ وہ اس دنیا کو اپنی آخرت کی کھیتی پروان چڑھانے اور موجودہ زندگی کو حیات بعد الموت کی حقیقی تیاری میں استعمال کر سکے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعہ، 16 جون مطابق 21 رمضان، 2017

دعائے لیلة القدر (۳/۱)

مشہور حدیث ہے کہ حضرت عائشہ (رض) نے رسول اللہ (صلعم) سے غالباً رمضان کے آخری عشرہ کے دوران پوچھا کہ اگر مجھے لیلة القدر مل جائے تو میں اللہ سے کیا دعاء مانگوں؟ اس موقع پر آپ (صلعم) نے انھیں یہ مختصر اور جامع دعاء سکھائی؛”أللهم إنك عفو تحب العفو فاعف عني”؛ یعنی اے اللہ تو بہت زیادہ معاف کرنے والا ہے، تو عفو و در گزر کو پسند کرتا ہے لہذا مجھے معاف کر دے”۔

اس دعائے نبوی میں تفکر اور تدبر کرنے سے ایک صاحبِ ایمان کو دین کی چند نہایت گہری حقیقتوں کا عرفان حاصل ہوتا ہے۔ ایک یہ کہ خدا سے مانگنے کی اہم ترین چیز کیا ہے، دوسرے یہ کہ جو چیز آپ خدا سے مانگ رہے ہیں، وہی چیز آپ گو بشریت اور عبدیت کے دائرۂ استطاعت میں خدا کو بھی آپ سے مطلوب ہے۔ تیسرے یہ کہ خدا کی معافی کسی کو بے طلب نہیں مل سکتی بلکہ وہ صرف معافی کے ایسے سنجیدہ طلبگار کو ملے گی جو خدا سے مانگنے کے سب سے بہترین موقع پر اسی کا عاجزانہ اور والہانہ سوال کرے۔

مذکورہ دعائے نبوی کی تعلیم جس پسِ منظر میں دی گئی وہ یہ بتانے کے لئے کافی ہے کہ خدا سے مانگنے کی اصل چیز دنیا کی وقتی آسائشیں اور فانی رونقیں نہیں، بلکہ وہ چیز ہے جو آپ کے لئے آخرت کی ابدی فلاح و سعادت کا دروازہ کھول دے اور وہ اس کے سوا کچھ نہیں کہ حشر کے دن جب آپ خدا کے سامنے حاضر ہوں تو وہ آپ کے ساتھ “عفو و در گزر” کا معاملہ کرے، اس کی بنائی ہوئی حسین کائنات میں اپنی آزادی کے دانستہ یا نادانستہ غلط استعمال سے آپ نے خود اپنی اور دوسروں کی زندگی میں جو مادی آلودگی اور معنوی اور اخلاقی فساد پیدا کیا تھا، اسے وہ اپنی قدرت کاملہ سے مٹادے تاکہ آپ “نفسِ مزکی” بن کر جنت کی نفیس دنیا میں رہائش کے قابل ہو سکیں۔ (باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

سنیچر، 17 جون مطابق 22 رمضان، 2017

دعائے لیلة القدر (۳/۲)

دوسری حقیقت جو اس پیغمرانہ دعاء میں مضمر ہے وہ یہ ہے کہ جب آپ یہ الفاظ کہتے ہیں کہ “اے اللہ، تو بہت معاف کرنے والا ہے؛ تو معافی کو پسند کرتا ہے”، تو اس کے ساتھ آپ یہ غیر ملفوظ اعلان بھی کرتے ہیں کہ خدا کو جس طرح “معافی پسند ہے”، اسی طرح وہ “معاف کرنے والے کو بھی پسند کرتا ہے” اور اس کا لازمی تقاضہ یہ ہو جاتا ہے کہ آپ خود بھی دوسروں کی خطاؤوں اور کوتاہیوں کو معاف کرنے والے بنیں۔ اگر آپ بندگانِ خدا کو عفو و در گزر دینے کا حوصلہ نہیں رکھتے، جو خود آپ کے اقرار کے مطابق خدا کو بہت پسند ہے؛ تو پھر آپ کا اس سے اپنے لئے عفو و درگزر کا سوال کرنا ایک ایسا غیر سنجیدہ فعل بن جاتا ہے جو ایمان اور اسلام کی حقیقی روح کے منافی ہے کیونکہ ایک سچا مومن و مسلم دوسروں کے لئے وہی چاہتا ہے، جو وہ خود اپنے لئے چاہتا ہے (لا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه ما يحب لنفسه-رواه البخاري)

چنانچہ اس صفتِ عفو و درگزر کو اہلِ ایمان کے انفرادی اور اجتماعی کردار کا اٹوٹ اور سب سے نمایاں حصہ بنانے کے لئے ایک موقع پر جب کسی نے پوچھا کہ”دن بھر میں مجھے اپنے نوکر کو کتنی بار معاف کرنا چاہئے”، تو پیغمبرِ اسلام (صلعم) نے جواب دیا:”روزانہ ستّر (70) بار معاف کرو”۔ گویا آپ کو خدا کی “معافی پانے والا” (pardon-receiver) بننے کے لئے اس کے بندوں کو “معافی دینے والا” (pardon-giver) بننا ہو گا۔ اِس مفہوم کی تایید اُس حدیث سے بھی ہوتی ہے جس میں پیغمبرِ اسلام (صلعم) نے فرمایا کہ:”جو رحم کرنے والے ہیں، انہیں کے ساتھ خدائے رحمان بھی رحم کا معاملہ کرے گا” (الراحمون یرحمھم الرحمان-رواه الترمذي)۔ (باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

اتوار، 18 جون مطابق 23 رمضان، 2017

دعائے لیلة القدر (۳/۳)

اس دعاء کا تیسرا غور طلب اور نہایت سنگین پہلو یہ ہے کہ خدا کی معافی، بالخصوص آخرت میں، کسی کو “بے مانگے” نہیں ملے گی، بلکہ ہر شخص کو بطورِ خود اس دنیا میں مرنے سے پہلے اس سے معافی کی سنجیدہ، عاجزانہ اور والہانہ دعائیہ درخواست کرنی پڑے گی نیز اس کے لئے شب و روز کے دوران قبولیتِ دعاء کے خاص اوقات کا مستعدی اور دلجمعی سے استعمال کرنا ہوگا جو اس معاملے میں اس کی سنجیدگی کا ثبوت ہو۔ ورنہ اندیشہ ہے کہ وہ آخرت میں “عفوِ الہی” کا سزاوار نہ ٹھہرایا جائے۔ 

خدا نے اپنی فیاضانہ ربوبیت کے تحت اس دنیا میں انسان کو ہر وہ شئے مفت دے رکھی ہے جس کی اسے زندہ رہنے لئے ضرورت پڑتی ہے یا پڑ سکتی ہے۔ یہ ہوا اور پانی اور روشنی جن کے بغیر زندگی نا ممکن ہے، یہ زرخیز زمین جو ہر ذی حیات کے لئے خوراک کا قدرتی بھنڈار بھی ہے اور خالق کی معجزاتی صناعی اور اس کے جمال و کمال کا پُر اسرار اور دل آویز مرقع بھی۔ پھر یہ سورج  اور چاند اور ستاروں کا جُھرمُٹ اور فضائے آسمانی کی لا متناہی وسعتوں میں بکھری ہوئی اس سے بھی اربوں گنا بڑی کھربوں کہکشائیں_ یہ سب کچھ رب العالمین نے، محض اپنے فیضانِ رحمت سے، بے مانگے اور بلا معاوضہ فراہم کر رکھا ہے جن پر انسان کا حیاتیاتی بقاء اور تہذیبی و تمدنی ارتقاء منحصر ہے۔ 

تاہم آخرت میں “عفوِ الہی” اور اس کی بنا پر جنت میں داخلہ کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ جنت خدا کی سب سے بیش قیمت تخلیق ہے۔ ایک حدیث میں اسے خدا کا مہنگا سامانِ فروخت کہا گیا ہے (أَلاَ إِنَّ سِلْعَةَ اللَّهِ غَالِيَةٌ أَلاَ إِنَّ سِلْعَةَ اللَّهِ الْجَنَّةُ) گویا وہ اس پوری کائنات سے بے حساب گنا زیادہ قیمتی اور بے نظیر اور لا زوال حسن و کمال کا مظہر ہے، اس لئے وہ کائنات کی طرح کسی کو مفت میں نہیں مل جائے گی۔ وہ صرف انہیں بندگانِ خدا کو دی جائے گی جو اپنی زندگی کے بہترین لمحات میں اس کے لئے عاجزی اور عبودیت کے آنسوؤں میں ڈوبی درخواست اپنے پروردگار کے سامنے پیش کرتے تھے۔ 

“اے اللہ، مجھے معاف کر دے”__ بظاہر ایک سادہ سا جملہ ہے۔ مگر حقیقت میں وہ ایک مومن کی خود شناسی، خدا شناسی اور آخرت شناسی کی نہایت جامع اور موزوں ترین تعبیر ہے۔ ان الفاظ کو زندہ ایمانی شعور اور اخلاص سے کہنے والا در اصل ڈر اور امید کے مشترک جذبات پر مشتمل  یہ اقرار آمیز التجا کرتا ہے کہ:’خدایا، میں خطا کار ہوں اور ایک دن یقیناً تو مجھ سے ان خطاؤوں کی باز پُرس کرنے والا ہے۔ تو اس “یوم الحساب” یا “روزِ جزاء” کا مالک اور مُنصف ہے۔ اس لئے تو مجھے ان خطاؤوں پر سخت ترین سزا دینے کا پورا اختیار اور قدرت رکھتا ہے۔ تاہم اسی کے ساتھ تو رحمن و رحیم اور عفو و غفور اور تواب و حکیم بھی ہے اور تیری انھیں کریمانہ صفات کے واسطے سے میں یہ عاجزانہ گزارش کرتا ہوں کہ تو مجھے معاف کر دے’۔

غالباً اسی جامعیت اور وسیع و عمیق معنویت کی بنا پر اسے لیلة القدر جیسی مبارک ترین رات کی خصوصی دعاء قرار دیا گیا۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

پیر، 19 جون مطابق 24 رمضان، 2017

روزہ داری: ربانی اوصاف کی آئینہ داری(۲/۱)

“روزے کے مقاصد و فوائد کو چند لفظوں میں کس طرح بیان کیا جائے؟”۔ آج فجر بعد ذہن میں یہ سوال ابھرا اور پھر اس کا جواب سوچتے ہوئے بے ساختہ یہ عبارت زبان پر آ گئی : “روزہ داری: ربانی اوصاف کی آئینہ داری”، جو میرے خیال میں بڑی حد تک روزے کے اغراض و مقاصد اور اس کے متوقعہ عملی نتائج کا احاطہ کرتی ہے۔

غور کیجئے تو روزہ بحیثیتِ مجموعی ایک مومن کی شخصیت کو گویا “صبغة اللہ”یعنی خدائی صفات کے رنگ میں رنگنے کا عمل ہے۔ اس بنیادی فرق کے ساتھ کہ جو صفاتِ جمال و کمال خدائے وحدہ لا شریک کی برتر و بے مثل ذات میں مطلق اور ازلی طور پر موجود ہیں ایک صاحبِ ایمان کو روزہ (نیز کم و بیش دیگر عبادات کے ذریعہ) ان کا بشری سطح پر ایک محدود تجرباتی عرفان حاصل ہوتا ہے جس سے اس کے احساسِ عبدیت میں گہرائی اور پختگی آتی ہے اور وہ ربانی اوصاف بتدریج اس کے فکر و کردار کا مستقل شعوری حصہ بنتے جاتے ہیں۔

مثلاً روزے میں کھانے پینے اور دیگر نفسانی تقاضوں سے وقتی طور پر دستبردار ہونا، اللہ کی صفت “الصمد” (ہر شئے سے بے نیاز،ہر ضرورت سے پاک، بذاتِ خود قائم و دائم) کا محدود عابدانہ تجربہ ہے- یہ صفت خدا کی ذاتِ اقدس میں مطلق اور ازلی طور پر موجود ہے اور وہی اس کو معبودِ برحق بناتی ہے۔ جبکہ روزہ میں اس کا ایک ظاہری اور محدود تجربہ مومن کے اس یقین میں لا محدود اضافہ کردیتا ہے کہ حقیقی “الصمد” صرف خدا کی ذات ہے، وہ کھانے پینے اور دیگر تمام ضرورتوں سے پاک اور اپنی تمام مخلوقات سے مکمل بے نیاز ہے۔ انسان اگرچہ عارضی طور پر اپنی بعض ضروریات اور خواہشات سے “بے نیازی” کا مظاہرہ کر سکتا ہے مگر اس تجربے سے اس پر صرف یہ حقیقت مزید شدت سے منکشف ہوتی ہے کہ وہ “مخلوق” ہے جو سراپا عجز و احتیاج ہے اور اللہ “خالق” ہے جو قدرتِ کاملہ اور مطلقہ کا مالک ہے۔ اور مخلوق اور خالق کے درمیان صحیح رشتہ عبادت کا رشتہ ہے یعنی مخلوق عابد ہے اور خالق معبود۔ (باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

منگل، 20 جون مطابق 25 رمضان، 2017

روزہ داری: ربانی اوصاف کی آئینہ داری(۲/۲)

ٹھیک اسی طرح حالتِ روزہ میں خدا کی بعض دیگر صفات جیسے الصبور الحلیم (بہت صبر و تحمل والا)، الجواد آلکریم(بہت سخاوت اور نوازش کرنے والا)، العفو الغفور(بہت در گزر اور معاف کرنے والا)، الرؤوف الرحیم (بہت نرمی اور مہربانی کا معاملہ کرنے والا) وغیرہ کے عابدانہ تجربے کا موقع ملتا ہے۔ مثلاً روزہ دار کو لازم ہے کہ وہ ہر حال میں مکمل ضبطِ نفس (total self-control) سے کام لے، وہ دوسروں کی زبانی یا عملی زیادتی اور بد سلوکی پر صبر و تحمل اور عفو و در گزر کرتے ہوئے سراپا احسان اور خیر خواہی کی روش پر قائم رے۔ ایسی صورت حال میں وہ یہ سوچے کہ جب خدا قادرِ مطلق ہو کر اپنے سرکش اور نافرمان بندوں سے فوری انتقام نہیں لیتا بلکہ انھیں تائب ہو کر راہِ راست پر آنے کی مہلت اور ہر ممکن سہولت فراہم کرتا ہے تو پھر مجھے بھی اس کی رضا پانے کے لئے ایسا کرنا چاہئیے نہ کہ اپنی محدود قدرت کے بھرم میں منفی ردِ عمل اور انتقام کا طریقہ اختیار کرنا چاہئے ۔

اس کا بدن اگرچہ خود بھوک اور پیاس اور شب بیداری کی وجہ سے نڈھال ہے، مگر اسے دوسرے روزہ داروں کو افطار فراہم کرنے، تنگ دستوں اور ناداروں کی حاجت روائی (صدقہ، زکوة اور عطیات) کرنے میں ایسا فراخ دل اور نشیط ہونا چاہئے جیسے وہ، حدیث کے مطابق، لطیف ہوا کا نرم خرام جھونکا (کالریح المرسلة) ہو جو نہ کہیں اٹکتا نہ کسی پر بار بنتا اور بلا امتیازِ نیک و بد، ہر ایک کے اندر یکساں طور پر ایک حیات افروز خوشگواری کا احساس جگاتا ہوا خاموشی سے آگے کی طرف بڑھتا چلا جاتا ہے، وغیرہ

ہر روزہ دار اپنے مخصوص احوال و ظروف اور دائرۂ عمل میں اگر اپنے قول و فعل کی مسلسل شعوری نگرانی کرے، تو اسے خود بخود یہ رہنمائی ملتی جائے گی کہ کس موقع پر وہ خدا کی کس صفت کا “عابدانہ تجربہ” کر سکتا ہے یا اسے کرنا چاہئے تا کہ بتدریج اس کی شخصیت اور کردار “ربانیت کے آئینہ دار” بنتے جائیں۔ ان شاء اللہ العزیز۔

یہ تقریباً وہی بات ہے جو مشہور عارفانہ مقولہ “تخلَّقوا بأخلاق الله” میں کہی گئی ہے_ یعنی “اللہ کے اخلاق کو اپنا اخلاق و کردار بنانے کی کوشش کرو”۔ “اللہ کے اخلاق” سے مراد یہاں خدا کی وہ صفاتِ کمال ہیں، جنہیں قرآن و حدیث میں اللہ کے بہترین نام “أسماء اللہ الحسنی” کہا گیا ہے۔ بعض لوگ اس جملہ کو حدیث نبوی کے طور پر نقل کرتے ہیں۔ مگر تحقیق سے یہ ثابت نہیں۔ البتہ فی نفسہ وہ ایک نہایت با معنی کلامِ معرفت ہے۔ حتی کہ بعض علماءِ تزکیہ اور مشائخِ تصوف اسے تمام عبادتوں اور ریاضتوں کا نصب العین اور آخری حاصل (ultimate outcome) قرار دیتے ہیں۔ امام غزالی نےاپنی کتاب شرح أسماء الله الحسنی کی چوتھی فصل میں اسے کمالِ عبدیت اور حصولِ سعادت کا راستہ بتایا ہے(الفصل الرابع في بيان أن كمال العبد وسعادته في التخلُّق بأخلاق الله تعالى والتحلِّي بمعاني صفاته وأسمائه بقدر ما يُتصوَّر في حقه)۔

قرآن کی تلاوت و سماعت اور اس میں تدبر کی ایمان پرور سرگرمیوں سے معمور، رمضان کا یک ماہی سالانہ تربیتی نظام غالباً اسی لئے قائم کیا گیا ہے کہ ہر فردِ مومن اپنے فکر و کردار کو ممکنہ حد تک ربانی اوصاف کا آئینہ دار بنا سکے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

بدھ، 21 جون مطابق 26 رمضان، 2017

قرآن:انسانیت کی تقدیر

‏(Al Quran: The Destiny of Humanity)

سورۂ القدر کی پہلی آیت اور اسی طرح سورۂ الدخان کی دوسری آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ قرآن کا نزول ایک بہت ہی عظیم الشان اور با برکت رات میں ہوا جو “ہزار مہینوں سے بہتر ہے” (سورہ القدر، آیت ۳)؛ اس رات میں “ہر حکیمانہ امر کو طے کیا جاتا ہے” (سورہ الدخان، آیت ۳)۔ احادیث سے مزید یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس رات (لیلة القدر) میں خدا کے حکم سے فرشتے ہر انسان کی سابقہ سال کی کار کردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور اس کے آئندہ سال کی تقدیر کا مفصل ریکارڈ تیار کرتے ہیں۔

اس ضمن میں خصوصی طور پر یہ بتانے کا مقصد کہ قرآنِ مجید اسی رات کو نازل کیا گیا، غالبا اس حقیقت کا اعلان ہے کہ قرآن در اصل پوری کائنات اور انسانیت کی تقدیر کا نوشتہ ہے۔ دونوں کا آغاز اور آخری انجام اس میں درج ہے۔ اور جو کچھ “لیلة القدر” میں ہر سال لکھا اور طے کیا جاتا ہے وہ اسی “نوشتۂ تقدیر” کے رہنما اصول و ضوابط کی روشنی میں ہر انسان کا بالفعل (actual) یا بالقوة (potential) ذاتی کسب (کمائی) کی سالانہ تحریری رپورٹ ہے۔

دوسرے لفظوں میں یہ کہ اس کتابِ لا ریب (قرآن) میں واضح دلائل کے ساتھ یہ بیان کر دیا گیا ہے کہ ابدی سعادت اور ابدی شقاوت کا معیار کیا ہے۔ خدا کا انعام یافتہ بننے کی سیدھی راہ کون سی ہے اور گمراہی کے خود ساختہ طریقے کیا ہیں جو انسان کو خدا کے غضب کا مستحق بناتے ہیں۔ لہذا ہر انسان کے لئے یہ ممکن ہے کہ وہ خود اپنی اور اس کائنات کی “تقدیر” کو قرآن میں پڑھ لے اور چاہے تو اسے سنجیدگی سے مان کر اس کی تحصیل میں مکمل یکسوئی کے ساتھ سرگرم ہو جائے یا اسے اپنی غفلت یا جھوٹے غرور کی بنا پر رد کر دے۔ ان دونوں طرزِ عمل کا آخری انجام کیا ہے وہ کائنات اور انسانیت کے اس “نوشتۂ تقدیر” میں صاف صاف لکھا ہوا ہے جسے کوئی بدل نہیں سکتا (لا تبديل لكلمات الله).

میں سمجھتا ہوں سورہ الانبیاء کی آیت ۱۰ سے اس مفہوم کی تایید ہوتی ہے جس میں اللہ تعالی کا ارشادِ ہے: “لَقَدْ أَنزَلْنَا إِلَيْكُمْ كِتَابًا فِيهِ ذِكْرُكُمْ أَفَلَا تَعْقِلُونَ” یعنی “ہم نے تمہاری طرف ایسی کتاب اتاری ہے جس میں تمہارا تذکرہ ہے۔ پھر کیا تم سمجھتے نہیں “۔

اس بنا پر شاید یہ کہنا درست ہو گا کہ لیلة القدر کو پانے والا وہی ہے جو قرآن کو اپنے رہنمائے حیات کی حیثیت سے پالے اور بلا بحث اس کی ہدایات کی روشنی میں اپنی “تقدیر” کے بہترین ممکنات کو بالفعل واقعہ بنانے میں اپنی عمر کھپا دے۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعرات، 22 جون مطابق 27 رمضان، 2017

تقدیر کیا ہے (۳/۱)

کل رات بحوالہ سورۂ القدر، سورۂ الدخان اور سورۂ الانبیاء، قرآن کے “تقدیرِ انسانیت” ہونے کے بارے میں جو بات لکھی تھی وہ اب تک کسی بھی قدیم و جدید تفسیر یا کتبِ علمِ کلام میں میری نظر سے نہیں گزری ۔ آج سورۂ الأعلی میں تدبر کرتے ہوئے مجھے اس پر مزید شرحِ صدر حاصل ہوا۔

ذاتی طور پر مجھے تقریباً پورا یقین ہے کہ قرآن، جو وحی الہی کا آخری مستند اور محفوظ ترین ایڈیشن ہے؛ بیک وقت انسان کے لئے “کتابِ ہدایت” بھی ہے اور وہی اس کی “بالقوة تقدیر” (potential destiny) کا نوشتہ کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔ اس استنباط کے حق میں بطورِ دلیل یہی واقعہ کافی ہے کہ قرآن کا نزول “لیلة القدر” میں ہوا، جو “ہزار مہینوں سے بہتر” اور خدا کے “تمام حکیمانہ فیصلوں” کی رات ہے جن کے مطابق بالآخر کائنات کی ہر مخلوق کی “قسمت” یا “تقدیر” متعین ہوتی ہے۔ انسان چونکہ عقل اور ارادہ و اختیار کی آزادی کی بنا پر دیگر مخلوقات سے ممتاز ہے، اس لئے اس کی تقدیر کے مضمرات اور ممکنات سے اس کو کتابِ الہی کی شکل میں آگاہ کیا گیا تاکہ وہ اپنی عقلی و ارادی قوتوں کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے ان “مقدر ممکنات” (predestined possibilities) میں سے جن کا چاہے اپنے لئے انتخاب اور اکتساب (selection & acquisition) کرے۔ پھر اسی انتخاب اور اکتساب کے صحیح یا غلط ہونے کی بنیاد پر آخرت میں اس کی ابدی فلاح و سعادت یا ابدی خسران و شقاوت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

گویا انسان اگرچہ اپنی تقدیر کے “ممکنات” کا ذمہ دار نہیں، مگر ان “ممکنات” کو بالفعل “واقعات” (actual events) میں بدلنے کی عملی اور اخلاقی ذمہ داری اس پر ضرور عائد ہوتی ہے۔ (باقی)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

جمعہ، 23 جون مطابق 28 رمضان، 2017

تقدیر کیا ہے (۳/۲)

سورۂ الأعلی کی آیات ۱-۳ سے تقدیر کے اس تصور کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے جن میں کائنات کی ہر جاندار اور غیر جاندار مخلوق (بشمول انسان) کے چار وجودیاتی مراحل بتائے گئے ہیں: پہلا اس کو پیدا کرنا (خلق یا تخلیق)، دوسرا اس کو اپنے مقصدِ تخلیق کے لحاظ سے موزوں ترین ساخت میں ڈھالنا (تسویہ)، تیسرا اس کی “تقدیر” متعین کرنا اور چوتھا اس کو اس “تقدیر” پر چلنے کی رہنمائی دینا۔ (سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى، الَّذِي خَلَقَ فَسَوَّىٰ ، وَالَّذِي قَدَّرَ فَهَدَىٰ)

بالکل سادہ زبان میں “قدر” یا “تقدیر” کے معنی ہیں کسی شئے کی نشوونما ، افادیت اور کارکردگی کا امکانی اندازہ اور پیمانہ مقرر کرنا۔ یعنی یہ طے کرنا کہ اس چیز کا مقصدِ وجود کیا ہے، اس کے بقاء و ترقی کا نظام اور دائرۂ کار کیا ہے اور وہ اپنی داخلی قوتوں اور خارجی عناصر کے باہمی تعامل سے کیا بن سکتی ہے اور کیا کر سکتی ہے۔

انسان (نیز جن) کے سوا دوسری ہر مخلوق کی جو “تقدیر” مقرر کردی گئی ہے وہ اس کی مجبورانہ پابند ہیں کیونکہ یہی ان کے خالق کی “ہدایت” ہے، انھیں اس کے سوا کسی دوسرے طریقے کا نہ علم ہے نہ اس پر چلنے کا اختیار۔ مثلا شہد کی مکھی کی “تقدیر” یہ ہے وہ “شہد سازی” کا قدرتی کارخانہ چلائے۔ اس “مقدر” کو امکان سے واقعہ بنانے کے لئے اسے خدا نے یہ “ہدایت” دی کہ وہ صبح و شام باغ اور بیابان میں گشت لگائے اور وہاں طرح طرح کے پھولوں اور پھلوں کا رس جمع کرے، پھر اپنے پیٹ کی رطوبتوں کے ساتھ آمیزش کرتے ہوئے ان سے مختلف ذائقوں اور رنگوں کا شیریں مشروب تیار کرے، جو شہد کہلاتا ہے اور جس میں لوگوں کے لئے شفاء ہے (سورۂ النحل، آیت 68-69)۔

گویا شہد کی مکھی اور اس جیسی تمام مخلوقات کی “بالقوة تقدیر” (potential destiny) اور “بالفعل تقدیر” (actual destiny) دونوں ایک ہے، کیونکہ عملاً وہ دونوں خدا کے براہِ راست کنٹرول میں ہیں۔ بالفاظ ِ دیگر ان کی “ہدایت” ان کی “تقدیر” کا اٹوٹ حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ تمام ارضی و سماوی مخلوقات کبھی خدا کی “ہدایت” کے سیدھے راستے سے منحرف نہیں ہوتیں اور ان کی تقدیر کے ممکنات اور واقعات کے درمیان کبھی کوئی فرق یا تضاد پیدا نہیں ہوتا۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

سنیچر، 24 جون مطابق 29 رمضان، 2017

تقدیر کیا ہے (۳/۳)

البتہ انسان کا معاملہ اس سے مختلف ہے۔ اگرچہ بحیثیتِ مجموعی اس کا مادی وجود و بقاء اور ارتقاء بھی خالق کے مقررہ نظامِ “تقدیر” کا ایسے ہی پابند ہے جیسے شہد کی مکھی اور دیگر مخلوقات۔ مثلا وہ آنکھ سے دیکھے گا، کان سے سنے گا، ہاتھ پیر سے پکڑنے اور چلنے کا اور منہ سے بولنے اور کھانے پینے کا کام لے گا، وغیرہ۔

تاہم وہ آنکھ سے کیا دیکھے اور کان سے کیا سنے، زبان سے کیا بولے اور منہ سے کیا کھائے اور کیا پئے، اپنے پیروں کو کس سمت میں یا کس راستے پر چلائے اورہاتھوں سے کیا کام لے، وغیرہ۔ اس قسم کی تمام عملی تفصیلات میں انسان کو پوری آزادی دی گئی ہے اور اس کے سامنے متعدد اور متنوع اختیارات (diverse and multiple choices) رکھ دئے گئے ہیں۔ جنہیں ان کے اخلاقی و روحانی نتائج کے اعتبار سے دو وسیع متقابل قسموں میں بانٹا جا سکتا ہے یعنی: خیر اور شر، تقوی اور فجور، ایمان اور کفر، احسن تقویم کی روش اور اسفل سافلین کی روش، جنت کا راستہ اور جہنم کا راستہ، ربانی کردار اور شیطانی کردار، وغیرہ۔

در اصل یہی “اختیارات” انسان کی “بالقوة تقدیر” (potential destiny) اور “بالفعل تقدیر”(actual destiny) کے درمیان فرق یا تضاد پیدا کرتے ہیں جس کا ذمہ دار وہ خود ہے۔ کیونکہ خدا نے اپنے پیغمبروں اور کتابوں کے ذریعہ اس کی “ہدایت” کا مسلسل انتظام کیا، تاکہ وہ اپنی “تقدیر” کے دو متقابل ممکنات سے پوری طرح آگاہ ہو جائے اور سوچ سمجھ کر اسی “ممکن” کو عملاً “واقعہ” بنانے کا انتخاب کرے جس کا آخری انجام اس کے حق میں بہتر ہو۔ اسی آگہی اور انتخاب کی صلاحیت کو قرآن (یعنی خدائی ہدایت کے آخری مستند ترین نسخے) میں دو دشوار گزار چڑھائی (النجدین) کی ہدایت سے تعبیر کیا گیا ہے: “وَهَدَيْنَاهُ النَّجْدَيْنِ”۔(سورۂ البلد، آیت ۱۰)۔

خلاصہ یہ کہ ہر انسان کی “تقدیر” دو متقابل “ممکنات” (paradoxical possibilities) پر مشتمل ہے جن کو قرآن نے نہایت کھلے لفظوں میں نہ صرف بیان کیا بلکہ عقلی دلائل اور تاریخی حقائق کی روشنی میں یہ بھی بتا دیا کہ انسان ان “ممکنات” کے بہتر اور احسن پہلو کو کس طرح اپنی دنیا اور آخرت کو سنوارنے والے “حقیقی واقعات” میں تبدیل کرے۔ اس طرح یہ کہنا بجا ہو گا کہ قرآن ہی ہر انسان کی ممکن یا متوقع “تقدیر” کا آئینہ بھی ہے اور اس ممکن اور متوقع تقدیر کو بالفعل واقعہ بنانے کا ہدایت نامہ بھی۔ ہر سال لیلة القدر میں فرشتۂ وحی جبریلِ امین کے ساتھ بڑی تعداد میں فرشتوں کا نزول غالباً عالمِ بالا کو اس بات کا عینی مشاہدہ کرانے لئے ہوتا ہے کہ کتنے انسانوں نے قرآن میں بیان کردہ اپنی “تقدیر کے ممکنات” کو حقیقی واقعات میں بدلنے کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوشش کی تاکہ ان کی سعی کو خدا کی طرف سے قبولیت بخشی جائے اور کتنے ہیں جو اس کوشش کا سچا شعور اور سچا ارادہ رکھتے ہیں اور کتنے ہیں جو اس سے مطلق غافل پڑے ہوئے ہیں تاکہ اسی لحاظ سے ہر ایک کے حق میں خدائی تایید و توفیق یا اس سے محرومی کا فیصلہ کیا جائے- و اللہ اعلم۔

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

اتوار، 25 جون مطابق یکم شوال، 2017

ہلالِ عید کا پیغام (۲/۱)

تمام گروپ ممبران کو عید الفطر کی پُر خلوص مبارکباد۔

ہلال (نیا چاند)، خواہ وہ عید کا ہو یا غیرِ عید کا، وہ خالقِ کائنات کے ایک حکیمانہ تخلیقی قانون کی علامت اور یاد دہانی ہے۔ وہ یہ کہ اس دنیا میں کسی شئے کے لئے ایک حالت پر ٹہرنا نا ممکن ہے۔ یہاں عروج اور زوال،، طلوع اور غروب، بڑھنا اور گھٹنا اور ترقی اور پسماندگی کے دو متقابل مرحلوں سے گزرنا ہر شئے کا “مقدر” ہے۔ اس کائنات میں کوئی مخلوق اس قانون سے مستثنی نہیں ۔ یہ صرف خالقِ کائنات کی بلند و برتر، عظیم اور بے مثل ہستی ہے جو “لا زوال” ہے، کسی بھی خارجی عامل کے زیرِ اثر اس میں کوئی تغیر نہیں آتا، تمام “کائناتی تغیرات” اس کے علم اور حکم اور قدرت سے ہوتے ہیں مگر وہ خود ہمیشہ “غیر متغیر” رہتا ہے کیونکہ وہ “الصمد” ہے؛ یعنی ہر شئے سے بے نیاز؛ مگر ہر شئے اپنے وجود و بقاء و ارتقاء کے لئے اس کی محتاج اور نیاز مند۔

ہلالِ عید کے اس علامتی پیغام کا ایک اور خاص عملی پہلو یہ ہے کہ وہ جہاں ایک “پُر مشقت” مہینے (رمضان) کے خاتمے کا اعلان ہے وہیں وہ ایک نئے مہینے (شوال) کے”پُر مسرت” آغاز کا نشان بھی ہے، جو گویا زندگی کے ایک دوسرے خدائی قانون کی یاد دہانی ہے اور وہ قانون ہے: ہر دشواری کے بعد یا اس کے ساتھ ساتھ آسانی کا موجود ہونا؛ ہر مشقت کے پہلو بہ پہلو راحت کا راستہ ہموار ہونا۔

اس طرح ہلالِ عید بیک وقت ایک مومن کو خدا کی لا زوال عظمت و کبریائی کے احساس سے سرشار کرتا ہے نیز اسی کے ساتھ زندگی کے بارے میں خدا کی حکیمانہ ہدایت کے گہرے اسرار و رموز کو سمجھنے کے لئے اس کے ذہن کو مہمیز بھی کرتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ صیامِ رمضان سے متعلق آیات کے ذیل میں یہ ارشاد ہوا کہ:”۔۔۔اللہ تمہارے ساتھ آسانی کرنا چاہتا ہے وہ تمہارے لئے دشواری نہیں چاہتا اور تاکہ تم روزے کی مقررہ مدت پوری کرو اور اللہ کی ہدایت ہر اس کی بڑائی بیان کرو اور اس کے شکر گزار بن جاؤ۔” انھیں دو گونہ کیفیات کا اظہار عید کے دن تکبیر اور حمد اور صدقہ وغیرہ کی شکل میں کیا جاتا ہے۔(سورۂ البقرة، آیت 185)

—————-

رمضان ڈائری 2017

ابو صالح انیس لقمان-ابو ظبی

اتوار، 25 جون مطابق یکم شوال، 2017

ہلالِ عید کا پیغام (۲/۲)

خالص اسلامی نقطۂ نظر سے ہلالِ عید (یا کسی بھی نئے مہینے کے چاند) کی فکری معنویت اور اس کا عملی پیغام بس یہی ہے یعنی ایک طرف اس کو دیکھ کر ایک مومن کے عقیدۂ توحید میں یقین کا تازہ اور پختہ ہونا؛ اور دوسری طرف اسے اپنے لئے “آغازِ نو” کی علامت (symbol of a new beginning) سمجھنا تا کہ وہ اپنے پُر مشقت حال یا تلخ ماضی کی یادوں میں دل شکستہ اور افسردہ ہو کر نہ بیٹھ جائے بلکہ ان سے نئی بصیرت کی روشنی اور نئے عزم و ہمت کی توانائی کشید کرے اور “اللہ الصمد” پر توکل کرتے ہوئے، ایک نئے، بہتر اور روشن تر مستقبل کا آغاز کرے۔

میرا یہ استنباط، پیغمبرِ اسلام (صلعم) کی اس دعاء میں طویل اور گہرے تدبر کا حاصل ہے، جو کتبِ احادیث میں “دعائے رؤیتِ ھلال” کے تحت نقل کی گئی ہے۔ الترمذی کے مطابق اس کے الفاظ یہ ہیں: «اللَّهُمَّ أَهِلَّهُ علَيْنَا بِالأَمْنِ والإِيمَانِ ، وَالسَّلامَةِ والإِسْلامِ ، رَبِّي ورَبُّكَ اللَّه ، هِلالُ رُشْدٍ وخَيْرٍ » یعنی “اے اللہ، اس نئے چاند کو ہمارے اوپر امن اور ایمان اور سلامتی اور اسلام کے ساتھ نمودار کر۔ میرا اور تیرا پروردگار اللہ ہے، اے خیر اور بھلائی کے نئے چاند!”۔

تاہم یہ اسلامی تاریخ کا شاید سب سے بڑا ملی المیہ ہے کہ اس بصیرت افروز اور حیات آفرین پیغمبرانہ سنت کو سمجھنے اور اس کے سانچے میں اپنے انفرادی اور اجتماعی رجحانات کی تشکیل کرنے کے بجائے، “ھلال” کو خود ساختہ طور پر مسلمانوں کا “عسکری و سیاسی نشان”(military & political symbol) بنا دیا گیا۔ خصوصا عثمانی ترکوں نے اسے عیسائیوں کے قومی نشان صلیب (Cross) کے مقابلہ میں ہر سطح پر استعمال کیا، یہاں تک کہ سیاسی اور فوجی پرچم سے لے کر انسانی رفاہِ عام میں سرگرم تنظیموں کے نام اور دستاویزات میں ہلال (Crescent) کا نشان مسلمانوں کی ملی شناخت بن کر ابھر آیا۔ حالانکہ اس کا اسلامی شریعت یا اسلامی تہذیب و ثقافت سے مطلق کوئی تعلق نہیں۔ محققین جانتے ہیں کہ “ہلال” کا نشان اسلام سے بہت پہلے قدیم یونانی ، رومن، مجوسی اور مصری تہذیبوں میں ان کے مشرکانہ دیو مالائی عقائد پر مبنی ایک “مقدس علامت” کی حیثیت سے صدیوں تک استعمال ہوتا رہا ہے۔

اس خلافِ سنت روش کا نتیجہ یہ ہوا کہ جس “ہلال” کو ہر مہینہ یا کم از کم ہر سال عید الفطر کے موقع پر، مسلمانوں کے اندر “اللہ الصمد” پر ایمان و توکل تازہ اور پختہ کرنے اور امن و سلامتی کی نئی امید سے مسلح ہو کر، نئے عزم اور ولولے کے ساتھ زندگی کی تعمیر و ترقی کے سفر کا آغازِ نو کرنے کا محرک بننا چاہئے، وہی “ہلال” ان کے نام نہاد قومی شاعر کے بقول اب پوری ملتِ اسلام کی ذلت و خواری کا تماشہ کرتا ہے۔ آج سے تقریبا سو برس پہلے عید کا چاند دیکھ کر اس شاعر نے کہا تھا:

“خزاں میں مجھ کو رُلاتی ہے یادِ فصلِ بہار

خوشی ہو عید کی کیونکر کہ سو گوار ہوں میں

اجاڑ ہو گئے عہدِ کہن کے مے خانے

گزشتہ بادہ پرستوں کی یادگار ہوں میں

پیامِ عیش و مسرت ہمیں سناتا ہے

ہلالِ عید ہماری ہنسی اڑاتا ہے”

یہ “مضحکہ خیز ذلت و خواری” در اصل نتیجہ ہے کئی صدیوں سے چھائے ہوئے اس غلط فکری اور عملی رجحان کا جس کے زیرِ اثر مسلمانوں نے “ہلال” کو “خنجر” کے روپ میں دیکھا اور اسے اپنا “قومی نشاں” بنا لیا، جو قرآن و سنت کی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔

مسلمانوں کی موجودہ اور آئندہ نسلوں کو اگر اس عبرتناک زبوں حالی سے نجات پانی ہے تو انھیں شعوری طور پر از سرِ نو یہ دریافت (re-discover) کرنا ہوگا کہ “ہلال” نہ تو “خنجر نما” ہہے نہ ہی وہ مسلمانوں کا قومی نشان ہو سکتا ہے۔ قرآن (سورۂ یس، آیت 39) کے مطابق وہ شکلی طور پر کھجور کی پرانی ٹہنی کی مانند (کالعرجون آلقدیم) نظر آتا ہے جبکہ اپنے رمزیاتی پہلو (symbolic aspect) کے لحاظ سے وہ دیگر اجرامِ سماوی کی طرح خدا کی ایک نشانی ہے اور انسانوں کے لئے وقت شناسی کا ایک ذریعہ۔ نیز پیغمبرِ اسلام (صلعم) کے سچے پیرو کار کے لئے ہر نیا چاند، “آغازِ نو” کا امید افزا پیغام لے کر آتا ہے تاکہ وہ اپنے گردوپیش کے منفی حالات اور ماضی و حال کے تلخ تجربات سے اوپر اٹھ کر، امن و سلامتی اور ایمان و اسلام اور خیر و فلاح کی مثبت بنیادوں پر اپنی زندگی کی مسلسل تعمیرِ نو کرتا رہے۔ (أللهم أرنا الحق حقاً وارزقنا اتباعه وأرنا الباطل باطلاً وارزقنا اجتنابه وأرنا الأشياء كما هي___آمين).

———————————————–

رمضان ڈائری ۲۰۱۶

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز پیر- ۶ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

رمضان المبارک کو ایک حدیث میں “شہر التوبہ” یعنی توبہ کا مہینہ کہا گیا ہے۔ شاید اس لئے کہ سچی توبہ کے بغیر کوئی بھی شخص رمضان اور قرآن کی ہدایات اور برکات سے حقیقی فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔ تاہم توبہ سے میری مراد کچھ الفاظ کی زبانی تکرار نہیں، بلکہ توبہ ایک ذہنی انقلاب اور عملی رویہ میں ٹھوس تبدیلی کا نام ہے جس کی تشریح میں نے گزشتہ سال کی بعض نشستوں میں کی تھی۔ اسی کی یاد دہانی کے لئے ایک نشست کی ریکارڈنگ یہاں منسلک کی جاتی ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان بندوں میں شامل ہونے کی توفیق دے جن کو قرآن میں “بہت زیادہ توبہ کرنے والے اور مسلسل اپنے آپ کو پاک کرنے والے” کے الفاظ سے موصوف کیا گیا ہے:”إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ التَّوَّابِينَ وَيُحِبُّ الْمُتَطَهِّرِينَ” (سورہ البقرہ- آیت، ۲۲۲)

توبہ کے موضوع پر راقم الحروف کا ایک مفصل بیان (۲۰۱۵) مندرجہ ذیل لنک میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:

‏https://youtu.be/XNkXkTi5JCk

-——

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز منگل- ۷ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

توبہ و استغفار، محض چند مخصوص الفاظ کو سینکڑوں اور ہزاروں اور لاکھوں یا کروروں بار زبان سے دہرانے کا نام نہیں، بلکہ وہ ربانی معیار کے مطابق، انسانی فکر و کردار کی تطہیر اور تعمیر کا ایک نہایت سنجیدہ عمل ہے، جو ساری زندگی ایک مومن کے اندر گہرے شعور و ادراک کی سطح پر؛ ہر لمحہ جاری رہتا ہے۔ اس کے بغیر کوئی بھی شخص عبدیت اور عبودیت کے اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا، جہاں رب العالمین بذات خود اپنے سچے بندوں کو یہ ابدی مژدہ سنائے گا کہ:” اے اطمینان پانے والے نفس، اپنے مالک کی طرف لوٹ چل، اس حال میں کہ تو اس سے راضی اور وہ تجھ سے۔ لہذا اب تو شامل ہو جا میرے بندوں میں اور داخل ہو جا میری جنت میں”

(( يَا أَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ ارْجِعِي إِلَى رَبِّكِ رَاضِيَةً مَرْضِيَّةً فَادْخُلِي فِي عِبَادِي وَادْخُلِي جَنَّتِي )) (سورة الفجر27-30)

———

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز بدھ- ۸ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

توبہ و استغفار کی ضرورت جتنی ایک “خطا کار اور گنہگار” کو ہے؛ اسی قدر ایک “متقی اور پرہیز گار” کو بھی ہے۔

اپنی اسپرٹ کے اعتبار سے، توبہ و استغفار در حقیقت بے لاگ خود احتسابی کا عمل ہے، یعنی اپنی نیت اور اپنے قول اور فعل کا مسلسل تنقیدی جائزہ لے کر یہ دیکھنا کہ وہ درست ہے یا نا درست؛ وہ اعلی ربانی معیار کے مطابق ہے یا نہیں۔ اگر وہ نا درست ہے تو گناہ ہے اور اس پر اصرار ظلمِ عظیم، اس لئے اس سے فوری طور پر مخلصانہ توبہ اور استغفار کرنا ایمان اور اسلام کا اولین تقاضہ ہے۔

تاہم اگر اپنا قول یا فعل یا نیت بظاہر درست معلوم ہو، تو اسے اعلی ربانی معیار کے مطابق بنانے کی سنجیدہ تگ و دو کرنا اور اس پر ثابت قدم رہنا؛ ایک مستقل اور نہایت پُرمشقت کام ہے؛ جس سے ایک صاحبِ معرفت مومن عمر بھر ایک لمحہ کے لئے بھی فارغ نہیں ہوتا۔حتی کہ ربانی معیار کی عظمت کا شعور اور اس کے ساتھ ہم آہنگی کی تڑپ اکثر اس کو اتنا حساس بنا دیتی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں فرصت یا فراغت یا خود پسندی کے محض ایک وقتی احساس کو بھی خدا کی تحقیر یا قدر ناشناسی کے ہم معنی “کناہ” تصور کرتا ہے اور بے اختیار وہ توبہ و استغفار میں سرگرم ہو جاتا ہے۔

————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعرات- ۹ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

روحانی تزکیہ اور اخلاقی ارتقاء کا واحد یقینی ذریعہ، مسلسل توبہ و استغفار کا شعوری عمل ہے۔ اس کے زیر اثر سچے مومن کا ضمیر ایک طرف، انتہائی حساس ہو جاتا ہے جو اسے اپنی ہر چھوٹی یا بڑی غلطی پر شدت سے ٹوکتا اور ملامت کرتا رہتا ہے تاکہ وہ اس کی تلافی کے لئے ہمہ وقت فکر مند اور متحرک رہے۔ جبکہ دوسری طرف، اس کا ذہن کمال پسندی کے اس اعلی ترین ربانی معیار سے ہم آہنگ ہو جاتا ہے، جو جنت کی کامل اور لا زوال دنیا سے کم تر یا اس کے سوا کسی بھی دوسری شئے پر اسے قانع ہونے نہیں دیتا۔ یہ ذہنی رجحان عملاُ اسے اپنی ہر خوبی میں خامی کا متلاشی اور اپنے ہر خوب کو مسلسل خوب تر دیکھنے کا آخری حد تک حریص بنادیتا ہے۔ اس طرح توبہ و استغفار کا عمل ایک سچے مومن کی زندگی میں کبھی جمود یا ٹھراؤ آنے نہیں دیتا۔ بلکہ وہ ایک ایسے “روحانی ایندھن” کا کام کرتا ہے جو بیک وقت اسے ربانی بصیرت کی روشنی بھی عطا کرے جس میں وہ کھرا اور کھوٹا اور صحیح اور غلط کو پہچان لے؛ نیز اسی کے ساتھ ایسی خود کار قوت محرکہ بھی فراہم کرے جو اسے خدا کی رضا اور جنت تک پہنچانے والی صراط مستقیم پر تا عمر رواں دواں رکھے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعہ- ۱۰ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

۱-“اپنا حساب خود لے لو؛ قبل اس کےکہ تم سے حساب لیا جائے؛ اور اپنے عمل کو خود تول لو؛ قبل اس کے کہ اس کو تمہارے لئے تولا جائے”۔

۲-“اللہ اس شخص پر رحم کرے جو مجھے میری خامیوں کا تحفہ دے” (یعنی میری کمزوریوں سے مجھے خبردار کرے تا کہ میں اس کو دور کرکے خود کو مزید بہتر بنا سکوں)۔

ایک سچے مومن کی شخصیت کی امتیازی خصوصیت کیا ہے؟ اس کی بہترین ترجمانی حضرت عمر (رض) کے مذکورہ بالا حکیمانہ اقوال میں موجود ہے۔ وہ ہے: مسلسل اپنا محاسبہ کرنا، اپنے ہر عمل کا، خواہ بظاہر وہ اچھا دکھائی دے، بے لاگ تنقیدی جائزہ لیتے رہنا تاکہ آپ خود فریبی اور خود پسندی کی مہلک بیماری سے محفوظ رہ سکیں اور اس سلسلہ میں اپنے کمالات اور خوبیوں سے زیادہ اپنی کمیوں اور کمزوریوں کو ٹٹولنا تاکہ آپ دنیا و آخرت میں گرفت ہونے سے پہلے ان کا ہر ممکن تدارک اور ازالہ کر سکیں۔

ایسی زندہ ضمیر اور ربانی معیارِ کمال کی جستجو میں سرگرمِ عمل ایمانی شخصیت، کسی روایتی درسگاہ یا خانقاہ میں پیدا نہیں ہوتی؛ بلکہ وہ گہرے شعور و ادراک کی سطح پر ہمہ وقت دہکنے والی توبہ و استغفار کی بھٹی میں برسہا برس تپ کر بنتی ہے۔

————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز سنیچر- ۱۱ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

نجات کا سہ نکاتی نبوی فارمولا

ترمذی کی ایک روایت کے مطابق عقبہ بن عامر (رض) نے رسول اللہ (صلعم) سے پوچھا کہ:”نجات کیا ہے؟”، آپ (صلعم) نے فرمایا:” اپنی زبان اپنے قابو میں رکھو، اپنے گھر میں رہو، اور اپنی خطاؤوں پر رویا کرو” ((عن عقبة بن عامر رضي الله عنه قال: قلت يا رسول الله ما النجاة؟، قال صلى الله عليه وسلم [أمسك عليكَ لسانكَ وليَسعْـكَ بَيتـُك وابكِ على خطيئتكَ]. رواه الترمذي))

یہ حدیث موجودہ دنیا میں امن و آشتی اور آخرت میں ابدی نجات اور سلامتی پانے کا مختصر مگر مفید ترین فارمولا پیش کرتی ہے؛ جو شاید ماضی سے زیادہ آج کے پُر فتن دور کے انسانوں کے لئے مشعل راہ بلکہ ایک نسخہ کیمیاء کی حیثیت رکھتا ہے۔ بشرطیکہ اس کے مفہوم کو گہرائی سے سمجھا جائے اور پھر اس پر سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ عمل کیا جائے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز اتوار- ۱۲ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

مسند احمد اور البیہقی کی ایک روایت کے مطابق، رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا:”النَّدَمُ تَوْبَةٌ ” یعنی ‘ندامت ہی توبہ ہے’۔

گناہ یا غلطی پر ندامت اور شرمندگی کا احساس ، در اصل انسانی فطرت کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔ اسی کا نام قرآن کی اصطلاح میں نفس لوامہ ہے جو انسان کی صلاح و فلاح کا واحد سب سے طاقتور وسیلہ ہے ۔اگر وہ زندہ اور بیدار ہو تو کسی گناہ یا غلطی کے سر زد ہوتے ہی وہ اندر سے انسان کو سخت ملامت کرتا ہے؛ جو شدید ندامت اور شرمندگی کی شکل میں اس کے ذہن پر اس طرح چھا جاتا ہے کہ اسے ہر طرف اپنی ذلت اور ہلاکت کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا اور وہ عاجزانہ خدا سے مسلسل توبہ و استغفار کرنے لگتا ہے، نیز اس کے لازمی تقاضہ کے طور پر وہ ایک طرف اپنی غلطی یا گناہ کے منفی اثرات کو حسنِ عمل سے دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے اور دوسری طرف اس کے اندر دوبارہ اسے کبھی نہ کرنے کا سچا عزم ابھرتا ہے۔

مگر شاید انسان کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اپنی انانیت اور خود پسندی (قرآنی اصطلاح میں نفس امارہ) کے تحت اکثر وہ ندامت اور شرمندگی کے اس فطری احساس کو دباتا یا چھپاتا ہے بلکہ اپنے ظاہری وقار کے تحفظ کی خاطر یا سطحی خاندانی رجحانات کی رو میں بہہ کر یا مروجہ سماجی اور ثقافتی روایات کے زیر اثر؛ وہ کسی غلطی کے اقرار یا گناہ پر اظہارِ ندامت کو اپنی “شان کے خلاف” ایک معیوب فعل یا بزدلی سمجھ لیتا ہے، اس لئے نفسِ لوامہ کے بالکل بر عکس، اس کا نفس امارہ اسے اپنی ہر غلطی اور گناہ کا خوبصورت جواز تلاش کرنے اور بسہ اوقات اس کو ناگزیر بتانے حتی کہ اسے ایک قسم کی ‘نیکی’ ثابت کرنے میں سرگرم کر دیتا ہے-اس طرح جو گناہ بر وقت سنجیدہ ندامت کے ذریعہ ‘توبہء نصوح’ بن کر اس کے ڈگمگاتے قدموں کو خدا کی صراطِ مستقیم پر جما دیتا، وہ “گناہ پر دانستہ اصرار” کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور اس کے نتیجہ میں انسان بتدریج صراطِ مستقیم سے بھٹک کر خدا کے غضب کی راہ پر چل پڑتا ہے، پھر شیطان ایسے شخص کو اپنے جھوٹے بھرم اور خود فریبی کے جال سے نکلنے نہیں دیتا بلکہ اپنی وسوسہ اندازیوں کے ذریعہ گناہوں کے بارے میں اس کی بے حسی اور ڈھٹائی کو بڑھاتا رہتا ہے تا کہ وہ کبھی آدم کی طرح سچی توبہ و استغفار کی توفیق نہ پا سکے۔ غالب کا یہ شعر اسی “شیطانی مزاج” سے مغلوب انسان کی تصویر کشی کرتا ہے:

نا کردہ گناہوں کی بھی حسرت کی ملے داد

یارب اگر ان کردہ گناہوں کی سزا ہے

یاد رکھئیے، خدا کی داد و بخشش، کردہ یا ناکردہ گناہوں کی حسرت پر نہیں؛ بلک سچی ندامت پر ملتی ہے۔ اسی سچی ندامت کے احساس کو زندہ کرنے اور زندہ رکھنے کے لئے ایک اور حدیث میں اہل ایمان کو یہ نصیحت کی گئی ہے کہ: “اپنے گناہوں پر رویا کرو”۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز پیر- ۱۳ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

نجات کا سہ نکاتی نبوی فارمولا-مختصر تشریح (۱)

ترمذی کی ایک روایت کے مطابق عقبہ بن عامر (رض) نے رسول اللہ (صلعم) سے پوچھا کہ:”نجات کیا ہے؟”، آپ (صلعم) نے فرمایا:” اپنی زبان اپنے قابو میں رکھو، اپنے گھر میں رہو، اور اپنی خطاؤوں پر رویا کرو”۔

جیسا کہ پہلے عرض کیا گیا، مذکورہ حدیث موجودہ دنیا میں امن و آشتی اور آخرت میں ابدی نجات اور سلامتی کا ایک نہایت سادہ عملی فارمولا پیش کرتی ہے؛ جو ایک با مقصد انسان کے لئےہر زمانے میں، بالخصوص آج کے پُر فتن دور میں نسخہ کیمیاء ہے۔ اس فارمولے کے تینوں نکات گویا سنگ میل ہیں، جو ایک سچے تائب اور جنت کے طالب کو صراطِ مستقیم سے بھٹکنے نہیں دیتے اور ان کی مدد سے وہ اپنے ماحول کے پُرکشش تماشوں سے بچتے ہوئے اپنی اخروی منزلِ مقصود کی سمت یکسوئی کے ساتھ رواں دواں رہتا ہے۔یہاں اس کے ہر نکتے کی مختصر تشریح کی جاتی ہے:

۱-“اپنی زبان اپنے قابو میں رکھو”:- اس کا مطلب سادہ طور پر صرف چپ رہنا نہیں، بلکہ زبان یا الفاظ کا “ذمہ دارانہ” استعمال ہے۔ “زبان”، انسان کی سوچ، اس کی نیت اور ارادہ، اور اس کے تخیلات، جذبات اور احساسات کی ترجمان بھی ہے اور بیک وقت ان کو خوبصورت اور پُر فریب اور گمراہ کن الفاظ کے پردے میں چھپانے کا ذریعہ بھی۔ اس کا ذمہ دارانہ استعمال، جہاں فرد اور سماج اور وسیع تر انسانیت کے لئے فائدہ مند ہے؛ وہیں اس کا غیر ذمہ دارانہ استعمال ہر ایک کے لئے بے پناہ حد تک نقصان دہ اور تباہ کن ہے۔ اسی لئے قرآن و حدیث کی رو سے قول اور فعل دونوں کو خدا کی میزان میں یکساں طور ہر قابلِ ثواب یا قابلِ عذاب بتایا گیا ہے۔ توحید اور شرک، محبت اور نفرت، تجارت اور سیاست، دوستی و دشمنی جیسے شخصی تعلقات، نکاح و طلاق جیسے خاندانی روابط، اور امن و جنگ،جیسے قومی اور بین اقوامی معاملات وغیرہ وغیرہ؛ زندگی کے ہر شعبہ میں انسان کے اندرونی ارادہ و اذعان کا پہلا اظہار زبان (قول) سے ہوتا ہے اور پھر وہ اس کی نیت اور خارجی حقیقت کے ساتھ مطابقت یا عدم مطابقت کے تناسب سے، اچھے اور برے فعل، یا مفید اور مضر سرگرمی کی صورت اختیار کرتا ہے۔ اس طرح ہر نیکی یا بدی کا بیج، پہلے فکر اور خیال اور سوچ اور نیت اور آرزو بن کر انسانی ذہن میں پنپتا ہے پھر انسان اسے اپنے قول اور فعل کے ذریعہ پروان چڑھاتا ہے۔لہذا انسان اگر “زبان” اور “الفاظ” کے بارے میں اپنی جوابدہی اور ذمہ داری کا حقیقی احساس کر لے تو وہ حد درجہ محتاط ہو جائے-خصوصاً آج کے دور میں جبکہ جدید ذرائع ابلاغ نے “زبان” کے منفی یا مثبت دائرہ اثر کو انتہائی غیر محدود اور ناقابلِ انضباط بنا دیا ہے۔ مثلاً کسی ملی یا قومی معاملہ میں ایک غلط رائے یا فتوی محض ایک فرد یا چند افراد کو نہیں بلکہ لاکھوں اور کروروں انسانوں کی گمراہی اور ہلاکت کا باعث بن جاتا ہے، جس کا تدارک کرنا شاید کئی صدیوں اور نسلوں میں بھی ممکن نہیں۔

“اپنی زبان اپنے قابو میں رکھو”۔۔۔اس نکتہ کا سب سے زیادہ پُر حکمت اور غور طلب پہلو یہ ہے کہ نفسیاتی اور عملی دونوں اعتبار سے انسان صرف ‘زبان’ اور ‘قول’ پر ہی کنٹرول کر سکتا ہے۔ وہ اپنے ذہن میں ابھرنے والے قول کے محرکات (فکرو خیال، نیت اور جذبات وغیرہ) پر کوئی کنٹرول نہیں رکھتا نہ ہی زبان سے نکلے ہوئے اقوال پر مترتب ہونے والے افعال اور ان کے نتائج اس کی دسترس میں ہوتے ہیں۔اسی بنا پر اسلام نے “زبان” کے صحیح یا غلط استعمال اور بالآخر اس کے متعلقہ اچھے یا برے اثرات کے لئے ہر انسان کو مکمل طور پر جوابدہ اور ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور اس کو اپنے قابو میں رکھنے کی بار بار تلقین کی گئی ہے۔ چنانچہ سورہ الاحزاب کی آیت نمبر 70 میں اہل ایمان کو “قول سدید” کا حکم دیا گیا ہے، یعنی زبان سے صرف ایسی بات کہنا جو آپ کی نیت اور ارادہ کا سنجیدہ بیان ہو اور جو اس کے مطابق جلد یا بدیر خارجی دنیا میں حقیقی عمل یا مثبت واقعہ بن سکے جس پر بالآخر آپ کو اجر ملے گا۔ دوسری طرف سورہ الصف کی آیت (2-3) میں “زبان” کے غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ استعمال پر سخت تنبیہ کرتے ہوئے اہلِ ایمان کو کہا گیا ہےک:”ایسی بات کیوں کہتے ہو جسے کرتے نہیں، یہ خدا کی نظر میں بہت زیادہ ناگوار امر ہے کہ تم وہ بات کہو جس کو کرتے نہیں”۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز منگل- ۱۴ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

نجات کا سہ نکاتی نبوی فارمولا-مختصر تشریح (۲)

۲-“اپنے گھر میں رہو”۔۔۔یہاں “گھر” سے مراد بنیادی طور پر وہی جگہ ہے جہاں آدمی تنہا یا اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رہتا ہے۔ البتہ اس کے توسیعی مفہوم میں عام رہائش گاہ کے ساتھ آدمی کا دائرہ اختیار و نفوذ (area of capacity & influence) بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ غالباً یہاں “اپنے گھر میں رہو” کے الفاظ سے روزمرہ زندگی میں اسی حکمت عملی کو اپنانے کی تلقین مقصود ہے جو حضرت موسی (۴) نے بنی اسرائیل کو اس طرح کی تھی کہ “اپنے گھروں کو قبلہ بنا لو”(سورہ یونس، آیت 87) یعنی اپنی توجہ اور سرگرمیوں کا مرکز، خدا پرست، با مقصد اور آخرت پسند گھرانے اور خاندان کی تعمیر کو بناؤ۔ صالح افراد کے ذریعہ صالح خانوادے اور صالح خانوادوں کے ذریعہ صالح معاشرہ اور صالح قوم۔ یہ ہے انسانی اصلاح اور تعمیر و ترقی کا پیغمبرانہ فریم ورک۔

زمانی فرق کو ملحوظ رکھا جائے تو اپنی توجہ، توانائی اور سرگرمی کا مرکز و محور اپنے “گھر” اور توسیعی معنی میں اپنے “دائرہ اختیار و نفوذ” کو بنانا، بیک وقت انتہائی دانشمندی اور اعلی درجہ کی شائستگی کی علامت ہے۔ جو مرد یا عورت اپنے گھر اور دائرہ اختیار و نفوذ سے باہر کے معاملہ میں جتنی زیادہ دلچسپی لے گا اتنا ہی وہ اپنے گھر اور دائرہ اختیار و نفوذ کے اندر اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کرنے میں کوتاہ یا ناکام ثابت ہو گا اور اس سے بڑی نادانی کی بات اور کوئی نہیں۔ کیونکہ مشاہدہ بتاتا ہے کہ ایسا شخص اکثر حقیقت کی دنیا میں عملاً اپنے “گھر” کے “اندر” اور “باہر”، دونوں ہی جگہ اپنے فرض منصبی کو ادا کرنے سے قاصر رہ جاتا ہے۔ اس لئے کہ اپنے”خارجِ استطاعت” دائرہ میں داخل ہوتے ہی آدمی اپنے “داخلِ استطاعت” دائرہ سے خارج ہو جاتا ہے اور بالآخر دونوں جگہ اس کا اثر و نفوذ کم یا بالکل ختم ہو جاتا ہے۔

مزید یہ کہ مختلف تاریخی و تمدنی اسباب کے نتیجہ میں موجودہ دور آخری حد تک انفرادیت پسندی اور دوسروں کے معاملات میں “عدم مداخلت ” کا زمانہ ہے۔ اس طرح “اپنے گھر میں رہو” کا اصول زمانی شائستگی کے برتر معیار سے ہم آہنگ بھی ہے۔ تیز رفتار مواصلات اور فوری کمیونیکیشن کے ترقی یافتہ وسائل نے ساری دنیا کو سمیٹ کر نہ صرف ایک ‘گلوبل ویلیج’، بنا دیا ہے، بلکہ تقریباً ہر گھر کو ایک “گلوبل ہاؤس” میں تبدیل کر دیا ہے۔ اب پہلے سے کہیں زیادہ ایک با مقصد اور خدا شناس انسان کے لئے یہ ممکن ہو گیا ہے کہ وہ اس پیغمبرانہ حکمتِ عملی کے مطابق اپنے “گھر” اور “دائرہ اختیار و نفوذ” میں رہتے ہوئے بھی اپنے وسیع تر خاندان، معاشرہ اور انسانی برادری کے ساتھ خوش گوار تعلقات استوار رکھے، ان کی حتی الامکان خبر گیری اور حسب استطاعت دستگیری کرے اور رفاہ عام اور اصلاح و دعوت کے کام میں اپنا مؤثر کردار بھی ادا کر سکے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز بدھ- ۱۵ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

نجات کا سہ نکاتی نبوی فارمولا-مختصر تشریح (۳)

۳-“اپنی خطاؤوں پر رویا کرو”۔ اس نکتہ کی تشریح مسند احمد کی روایت “الندم توبة” یعنی ندامت ہی توبہ ہے کے ذیل میں ہو چکی ہے (ملاحظہ ہو، رمضان ڈائری، بروز اتوار، ۱۲ جون، ۲۰۱۶)۔ تاہم یہاں مزید چند نازک پہلوؤں کی وضاحت ضروری معلوم ہوتی ہے۔

“خطاؤوں پر رونا” در اصل شرمندگی اور ندامت کا سنجیدہ احساس کرنے کا نام ہے جو اکثر آنکھوں سے آنسو بن کر بے اختیار چھلک پڑتا ہے۔ تاہم اصل مطلوب سچا احساس ندامت ہے، خواہ اس پر کبھی رونا آئے یا نہ آئے۔ یہ احساسِ ندامت کوئی سلبی (passive) عمل نہیں، بلکہ اپنے ضمیر یا نفس لوامہ کو زندہ اور بیدار رکھنے کا واحد مؤثر ترین وسیلہ ہے جس کے براہ راست مثبت نتیجہ کے طور پر ایک خدا شناس آدمی کے اندر یہ صحت مند جذبہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ اپنے حسن عمل اور نیکیوں میں مسلسل کمیاتی اور نوعیاتی اضافہ کا حریص بن کر اپنی خطاؤوں کی تلافی کرتا رہے نیز اپنے آپ کو وہ قساوتِ قلب، غفلت اور اخلاقی بے حسی کے مہلک روگ سے محفوظ رکھے تاکہ آئندہ اس قسم کی دوسری خطائیں اس سے سرزد نہ ہوں۔

اپنی خطاؤوں پر رونا بمعنی نادم اور تائب ہو کر اس کی تلافی کیے لئے مثبت عمل میں ہمیشہ سرگرم رہنا، “آدمیت” ہے، جبکہ اس کے بر عکس “ابلیسی یا شیطانی” ماڈل ہے: اپنی خطاؤوں اور خامیوں کا خوبصورت جواز تلاش کرنا؛ اپنی سوچ اور عملی روش پر کبھی نظر ثانی نہ کرنا بلکہ مختلف دینی ودنیوی تنبیہات کے باوجود انھیں بدلنے کی سنجیدہ کوشش کے بجائے خود ساختہ بہانوں اور جھوٹے عذر کی بنیاد پر اپنے آپ کو معصوم اور مظلوم ثابت کرنا۔

قرآن میں آدم اور ابلیس کا قصہ انھیں دو متضاد کرداروں کو واضح کرنے کے لئے بار بار بیان ہوا ہے تاکہ ہر انسان خدا کی اسکیم اور اس کی نظر میں مقبول (آدمی) اور غیر مقبول (ابلیسی) کردار سے اچھی طرح با خبر ہو جائے اور اس زندگی میں اپنی آزادی سے جس کردار کو چاہے اپنائے تاکہ اسی کے مطابق اسے آخرت کی دنیا میں جنت یا جہنم کا مستحق قرار دیا جائے۔ جنت اس کے لئے ہے جو آدم کی طرح بلا بحث اپنی خطا کی پوری ذمہ داری قبول کرے، اس پر شرمندہ اور نادم ہو کر خدا سے سچی توبہ کرے اور نیک عملی کو اپنا نصب العین بنائے۔ جبکہ جہنم اس کے لئے ہے جو ابلیس کی طرح اپنی خطا کو اپنا کمال یا دوسروں کا ظلم بتائے اور پھر خطا در خطا کا مرتکب ہوتا چلا جائے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعرات- ۱۶ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

توبہ اور جدید علم نفسیات

توبہ اور اس پر مبنی ذہنی تصورات اور عملی سرگرمیوں (جیسے گناہ پر ندامت و شرمندگی، خدا کی پکڑ کا ڈر، آخرت کا ابدی عذاب اور اس سے بچنے کے لئے کفارہ وغیرہ) کو جدید علم نفسیات میں خلشِ گناہ (Guilt) کا نام دے کر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، حتی کے سگمنڈ فرائڈ اور اس کے نظریۂ لا شعور پر مبنی وسیع و عریض لٹریچر میں، ضمیر یا خدا یا والدین یا کسی اور برتر مذہبی یا اخلاقی اتھارٹی کے خوف کو اکثر دماغی بیماریوں(mental disorders)، نفسیاتی الجھنوں (complex)، متعدد جسمانی عوارض اور مجرمانہ رجحانات(criminal tendencies) کا اصل سبب بتایا گیا ہے۔ کارل مارکس نے اگر مذہب کو ‘افیون’ کہہ کر اس کا مذاق اڑایا تھا تو فرائڈ اور اس کے ہمنوا جدید ماہرینِ نفسیات نے مذہبی عقائد و اعمال کو ایک قسم کا ‘جنون’ ثابت کرنے کی کوشش کی۔ کم و بیش موجودہ زمانے کا ہر تعلیمی، سماجی، سیاسی، سماجی اور ثقافتی ادارہ ان نظریات سے متاثر ہے اور ان کے تصوراتی ڈھانچہ اور عملی نظام پر ان کی براہ راست یا بالواسطہ گرفت ہے۔ ناول، ڈرامے، فلم انڈسٹری اور فنون لطیفہ کے تمام شعبوں پر ان کی چھاپ شاید سب سے زیادہ گہری اور ہمہ گیر ہے۔

یہاں ان کے تفصیلی تجزیہ یا تنقید کا موقع نہیں۔ مگر مختصراّ یہ کہنا ضروری ہے کہ تاریخ، علم الانسان اور انسانی نفسیات کا گہرا علمی مطالعہ بر عکس طور پر یہ ثابت کرتا ہے کہ مذہب انسان کی ایک فطری ضرورت ہے، جس کی صحیح تسکین کے بغیر انسان کو حقیقی معنوں میں صحت مندی اور سعادت مندی کا تجربہ نہیں ہو سکتا۔

جو چیز انسان کی نفسیاتی اور جسمانی صحت کے لئے نقصان دہ اور تباہ کن ہے وہ فی نفسہ “مذہب” نہیں، بلکہ مذہب کی غیر مستند شکلیں ہیں جو غیر مشتبہ وحی و الہام کے بجائے انسانی توھمات، دیو مالائی قصوں اور خود ساختہ فلسفوں کی بنیاد پر قائم ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ گناہ پر “ندامت اور شرمندگی” کا سچا احساس کسی بھی درجہ میں انسان کے لئے مضر نہیں، بلکہ اصل مضرت انگیز چیز ہے اس احساس کو دبانے یا اس سے بچنے کی کوشش میں خود گناہ کے گناہ ہونے کا آنکار کرنا، یا اس کو جواز کا رنگ دینا، یا اس کی ذمہ داری اپنے سوا کسی اور (ماحول، والدین، خاندانی و سماجی روایات، دوست یا دشمن، ظالم دنیا کے ناسازگار حالات، قسمت کی خرابی اور خدا کی نا مہربانی وغیرہ) کے اوپر ڈالنا ہے۔ کائنات میں اس مہلک رجحان کا بانی ابلیس ہے، جدید نفسیات کے بعض مذہب بیزار عناصر نے اسے محض سائنسی توجیہات کا پر فریب لبادہ پہنانے کی کوشش کی ہے۔

“خلشِ گناہ یا گِلٹ” اگر حقیقی خوفِ خدا اور آخرت کی جوابدہی کے احساس کا نتیجہ ہو تو وہ جتنا شدید اور گہرا ہوِگا، اتنا ہی انسان کی صلاح اور فلاح و سعادت کے لئے اکسیر کا کام کرتا ہے۔ پہلے انسان (آدم علیہ السلام) سے لے کر تاريخ کے ہر دور میں انبیاء و رسل اور دیگر صالحین، بلا استثناء عام لوگوں سے زیادہ “احساسِ خطا” اور “خوفِ خدا” میں جینے والے افراد تھے اور اس کے باوجود بلکہ اسی بنا پر ان کی شخصیت تمام نفسیاتی پیچیدگیوں سے پاک، ہر پہلو سے متوازن (balanced) اور زندگی کے مختلف مسائل اور چیلینجوں سے نہایت حکیمانہ انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی تھی نیز اکثر ظاہری شان و شوکت کے اسباب سے محرومی اور سخت مخالفت اور دشمنی کے ہجوم میں بھی وہ اپنے ذہنی سکون اور خود اعتمادی کو بحال رکھتے ہوئے اپنے اصولوں اور ترجیحات کے مطابق اپنے مقصدِ حیات کے لئے یکسو رہے۔اس قسم کی متوازن، یکجہت اور ہر طرح کے حوصلہ شکن اور نامساعد حالات کے سایہ میں اپنے مذہبی عقیدہ اور مقصدِ اعلی کے لئے تاعمر پوری دلجمعی کے ساتھ سرگرمِ عمل رہنے والی شخصیتیں، اس حقیقت کا تاریخی ثبوت ہیں کہ سچا مذہب در اصل انسان کی ہمہ جہتی صحت و سلامتی اور کامیابی و سعادت کا واحد سر چشمہ ہے اور اس سے انحراف، ہر قسم کی الجھنوں، پریشانیوں اور روحانی و اخلاقی بیماریوں کا سب سے بڑا سبب۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعہ- ۱۷ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

‘احساسِ خطا’ – ایک شخصیت ساز عامل

جدید نفسیات کا یہ انتہائی پُر فریب نظریہ ہے جو ساری دنیا کے ذہین طبقوں پر چھایا ہوا ہے، کہ احساسِ خطا یا “خلشِ گناہ” (guilt) انسان کی عقلی و جسمانی صحت اور اس کی شخصیت کی متوازن نشوونما میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس مفروضہ کی بنا پر، مذہبی عقائد یا اخلاقی قدروں کے حوالے سے کسی گناہ یا غلطی پر ملامت کرنا یا خدائی عذاب سے ڈرنا اور ڈرانا یا ندامت و شرمندگی وغیرہ کا اظہار کرنا، نام نہاد ماہرین کے بقول، مختلف قسم کے ذہنی اضطراب اور نفسیاتی الجھنیں پیدا کرنے کا باعث ہوتا ہے جو بالآخر اخلاقی انحراف سے لے کر جسمانی امراض اور بعض مجرمانہ افعال تک کے ارتکاب کا سبب یا محرک بن جاتی ہیں۔

مگر اس سلسلہ میں میری تحقیق اور غور و فکر کا حاصل یہ ہے کہ در حقیقت جو چیز انسان کے عقلی نشو و نما اور اخلاقی ارتقاء کی قاتل ہے وہ خود “احساسِ خطا’ یا ‘خلشِ گناہ’ نہیں؛ بلکہ اس سے بچنے یا اس پر پردہ ڈالنے کی مصنوعی کوشش ہے جو اپنے خود ساختہ بھرم یا ‘وقار’ یا وقتی مفاد کو بچانے کے لئے اکثر و بیشتر لوگ کرتے ہیں۔

احساسِ خطا فی نفسہ ایک فطری ردِ عمل ہے، جو گناہ یا غلطی سر زد ہوتے ہی ہر انسان کے اندر خود بخود ایسے ہی ابھرتا ہے جیسے آگ میں ہاتھ ڈالنے سے درد اور جلن کا احساس۔ اب اگر انسان اسے وقار اور بھرم اور انا کا مسئلہ نہ بنائے اور اپنی ساری توجہ اور توانائی بلا بحث اس احساس کے فطری تقاضے(مثلاً گناہ سے اجتناب، غلطی کی تلافی اور مغفرت طلبی وغیرہ) کے اوپر مرکوز کر دے؛ تو یہی احساسِ خطا سب سے بڑا شخصیت ساز عامل بن جاتا ہے۔ جیسا کہ پہلے انسان آدم (۶) کی زندگی میں ہوا اور اسی طرح تاریخ کے ہر دور میں آدم کے رول ماڈل کو اپنانے والے بے شمار سلیم الفطرت انسانوں نے اپنی امتیازی شخصیتوں اور میدانِ حیات میں اپنی ہمہ جہتی کامیابیوں کے ذریعہ بار بار ثابت کیا ہے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز سنیچر- ۱۸ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

اسلامی تاریخ میں عمر بن عبد العزیز، اس حقیقت کی ایک لا زوال مثال ہیں کہ سچا ‘احساسِ خطا’ (یا خلشِ گناہ=Guilt)، جو آخرت میں خدا کی باز پُرس سے ڈر کا نتیجہ ہو؛ وہ انسانی شخصیت کو تمام نفسیاتی پیچیدگیوں سے پاک و صاف ‏(complex free) رکھنےاور اسے ہر قسم کے اعلی ربانی اوصاف اور روحانی اور اخلاقی کمالات کی جستجو میں ہر لحظہ بیکَل اور سرگرمِ عمل بنانے کا سب سے طاقتور محرک ہوتا ہے۔

البخاری کی التاریخ الکبیر (جلد سوم، مطبوعہ دائرہ معارف عثمانیہ، حیدرآباد، صفحہ ۲۰۸) کے مطابق، عمر بن عبدالعزیز جب مدینہ کے گورنر ہوا کرتے تھے تو اموی خلیفہ الولید بن عبدالملک کے حکم سے انہوں نے وقت کے معروف عالم اور فقیہ خُبیب بن عبد اللہ بن الزبیر کو سو کوڑے لگوائے اور سخت سردی میں انھیں رات بھر کھڑا رکھا؛ جس کی وہ تاب نہ لا سکے اور چل بسے۔

خبیب کی موت اگرچہ بظاہر ایک اتفاقی واقعہ تھا، نیز ان کے خلاف یہ تادیبی کارروائی خلیفہ وقت کے براہ راست حکم کی تعمیل میں کی گئی تھی جو اموی خاندان کے بارے میں ان کی جارحانہ تنقید سے سخت ناراض تھا۔ مگر عمر بن عبد العزیز نے ایک شریکِ کار ہونے کی حیثیت سے اس “اجتہادی خطا” اور اس کے تلخ نتیجہ کی اخلاقی ذمہ داری کسی بحث یا توجیہ یا تبریر (justification) کے بغیر مکمل طور پر اپنے اوپر لے لی اور وہ اسے کبھی فراموش نہ کر سکے۔ اس واقعہ کے بعد جب کوئی شخص ان کے کسی بڑے نیک کام یا غیر معمولی دینی اور انسانی خدمت کا حوالہ دیتے ہوئے انھیں نجات کی بشارت دیتا تو وہ بے اختیار کہہ اٹھتے کہ:”نجات کیسی، جبکہ خبیب راستہ میں حائل ہیں!”(فکان عمر إذا قيل له: أبشر. قال: كيف بخبيب على الطريق!؟)۔

گویا اپنی “خطا” کی سنگینی پر گہری ندامت کے احساس اور اس پر آخرت کی پکڑ سے بچنے کی سچی تڑپ نے انہیں بعد کے مرحلہ حیات میں ہر طرح کی انانیت، خوش فہمی اور خود پسندی کے فریب سے بچایا اور اس کی ہر ممکن تلافی یا کفارہ کی خاطر انھیں تا عمر خوب سے خوب تر کی مثبت تلاش میں ہمہ وقت متحرک رکھا، جس نے بالآخر انھیں مسلمہ طور پر “پانچواں خلیفہ راشد” اور پہلا “مجددِ اسلام” بنا دیا۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز اتوار- ۱۹ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

موجودہ زمانے کے نام نہاد سیکولر کلچر کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ روزمرہ معاملات میں ہر چھوٹی بڑی بات پر اپنی غلطی کو کسی تحفظ کے بغیر فورّا مان لینا اور متعلقہ فرد یا ادارہ یا گروہ سے کھلے لفظوں میں معافی مانگنا، شائستگی اور پختگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ چنانچہ سرکاری دفتروں سے لے کر بازاروں تک، ہر جگہ اس قسم کے الفاظ بار بار سننے کو ملتے ہیں:

میں شرمندہ ہوں =I am sorry

میں مخلصانہ معذرت خواہ ہوں=I sincerely apologize

میں آپ سے معافی مانگتا ہوں=I beg your pardon

میں غلطی پر تھا= I was wrong

در اصل ساری غلطی میری ہی تھی= In fact, it was all my fault وغیرہ۔۔

کاروبار اور تجارت اور سیاست وغیرہ کیے میدان میں تو ‘معافی مانگتا’ ایک مستقل آرٹ بن گیا ہے جس کے لئے کارندوں کو باقاعدہ ٹریننگ دی جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں ملٹی نیشنل کمپنیوں اور کارپوریٹ آفسوں کا ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ ‘گاہک ہمیشہ درست ہوتا ہے’ (Customer is always right)، بالفاظ دیگر، اگر کبھی کوئی اختلافی صورتِ حال پیدا ہو جائے، تو کمپنی کے ملازم کو اس کی اجازت نہیں کہ وہ کسٹمر سیے تکرار کرے؛ بلکہ اسے اپنے آپ کو غلط مان کر، معذرت کے ساتھ، کسٹمر کے حسبِ منشا اس معاملہ کا تصفیہ کرنا چاہئے۔

جدید کلچر کا یہ عجیب تضاد ہے کہ اس میں “انسان” کو راضی رکھنے اور وقتی کاروباری مفاد کے تحفظ یا تجارتی “نقصان” سے بچنے کی خاطر بلا بحث اپنی غلطی مان لینے اور معافی مانگنے کو بہت بڑا ہنر اور “مہذب دنیا” میں کامیابی و ترقی کا راز بتایا جاتا ہے۔مگر اس کے علمبرداروں کی نگاہ میں بعینہ وہی رویہ جب خالص دینی عمل (توبہ و استغفار) کی شکل اختیار کرے؛ جس کا محرک “خالقِ انسان” کو راضی کرنا اور آخرت کے “ابدی نقصان” سے بچنا ہو؛ تو وہ نفسیاتی الجھنوں کا باعث ایک فعلِ معیوب اور انسانی شخصیت کے صحت مند ارتقاء میں ایک رکاوٹ بن جاتا ہے!!

لیکن حقیقت اس کے بالکل بر عکس ہے۔ میں سمجھتا ہوں۔ آج عالمی کاروبار اور بین اقوامی تعلقات کی سطح پر چھایا ہوا یہ “معافی کلچر=sorry culture”، تمام انسانیت کے اوپر خدا کا اتمامِ حجت ہے۔ کیونک خدا کو انسانوں سے یہی “معافی کلچر=sorry culture” دینی سطح پر توبہ و استغفار کی صورت میں مطلوب تھا تاکہ وہ آخرت میں اس کی خوشنودی اور اس کے ابدی عذاب سے نجات کے مستحق ٹھہریں۔مگر انسانوں نے “خالقِ انسان” اور اس کے ساتھ حسنِ معاملہ کی اتنی پرواہ بھی نہ کی جتنی انہوں نے “انسان” کے معاملہ میں کی۔ اپنی انانیت اور عاجلہ پسندی کی بنا پر اس “معافی کلچر” کو انہوں نے صرف دنیوی میدان میں پورے جوش اور اخلاص سے اپنایا اور آخرت کے بارے میں بالکل بے حس بنے رہے۔

خود فریبی اور آخرت فراموشی پر مبنی اکثر انسانوں کی اسی مہلک ذہنی و عملی روش پر سورہ الکھف کی آیات 103-104 میں یوں تبصرہ کیا گیا ہے:

قُلْ هَلْ نُنَبِّئُكُم بِالْأَخْسَرِينَ أَعْمَالًا ؛ الَّذِينَ ضَلَّ سَعْيُهُمْ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَهُمْ يَحْسَبُونَ أَنَّهُمْ يُحْسِنُونَ صُنْعًا

(کہو: کیا ہم تمہیں بتائیں کہ عمل کے اعتبار سے سب سے زیادہ گھاٹا اٹھانے والے کون ہیں؟ وہ جن کی کوششیں دنیاوی زندگی میں کھو کر رہ گئیں اور وہ سمجھتے رہے کہ وہ بڑے اچھے کام کر رہے ہیں)

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز پیر- ۲۰ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

“شکریہ کلچر” (۲/۱)

“معافی کلچر=Sorry Culture” کی طرح، جدید عالمی تہذیب کا ایک اور نمایاں پہلو وہ ہے جسے “شکریہ کلچر= Thank you Culture” کہہ سکتے ہیں، جس کے لفظی اور غیر لفظی مظاہر روزانہ ہر جگہ اور ہر سطح پر بار بار دیکھنے اور سننے کو ملتے ہیں۔ تجارت اور بزنس کے میدان میں “شکرگزاری” کی اہمیت اور ضرورت ‘معافی مانگنے’ سے بھی کچھ زیادہ معلوم ہوتی ہے۔ چنانچہ سیلزمین اور ملازمین سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ شو روم یا کمپنی میں آنے والے ہر کسٹمر اور وِزِٹر کو مسکراتے ہوئے ‘تھینک یو’ کہہ کر رخصت کریں؛ چاہے اس نے خریدی یا کوئی اور لین دین کا معاملہ کیا ہو یا نہ کیا ہو۔ “غیر مشروط شکر گزاری” کا یہ منظر دیکھ کر کبھی کبھی مجھے خیال آتا ہے کہ اس پالیسی کو شاید میرے محلے کے تجربہ کار گشتی فقیر بھی اپنے پیشہ کے لئے بہت مفید سمجھتے تھے، اسی لئے وہ اپنی صداؤوں کے شروع اور آخر میں قدرے زیادہ اونچے سُر میں یہ جملہ ضرور دہراتے :”جو دے اس کا بھی بھلا؛ جو نہ دے اس کا بھی بھلا!”

یہ کہنے کی ضرورت نہیں، کہ اپنی مروجہ عالمی شکل میں یہ ‘شکرگزاری’ محض ایک سماجی اور کاروباری چلن ہے؛ جسے انسانوں نے باہمی تعلقات اور مشترک دنیوی مفادات کے تحفظ کے لئے ظاہری طور پر اپنا لیا ہے نہ کہ حقیقی معنوں میں ممنونیت اور احسان شناسی کے لطیف احساسات کا وہ اظہار جو دینی واخلاقی اعتبار سے ایک انسان کو اپنے محسن کی نسبت سے کرنا چاہئے۔ غالباً اس سطحی کاروباری رواج کے اثر سے مذہب پسند طبقہ بھی محفوظ نہیں؛ جس کے افراد اگر چہ صبح و شام ‘الحمد للہ’ اور ‘سبحان اللہ’ کا وظیفہ پڑھتے نظر آتے ہیں مگر اپنے محسنِ اعلی اور منعمِ حقیقی رب العالمین کے لئے مطلوب حمد و شکر کی روح و سے وہ بھی اتنا ہی خالی ہیں جتنا عام دنیا دار انسانوں کی اکثریت۔

سچ تو یہ ہے کہ شیطان کی پُر فریب وسوسہ اندازیوں کا شکار ہو کر(سورة الأعراف، آيت ١٧)، انسان نے اپنے منعمِ حقیقی کا سچا شکر ہمیشہ بہت دہی کم کیا ہے ؛جبکہ وہی خدا کو اس سے ہمیشہ سب سے زیادہ مطلوب ہے۔ چنانچہ قرآن نے انسان کو بالعموم اپنے پروردگار کے حق میں بے حد نا شکرگزار قرار دیا ہے(سورة العاديات، آيت ٦؛ سورة سبأ، آيت ١٣)۔

کافی غوروفکر کے بعد میں نے دریافت کیا کہ اپنے محسنِ اعلی کی ناشکرگزاری کی اس عام انسانی روش کی وجہ کیا ہے۔ وہ یہ ہے کہ بہت کم لوگ اس حقیقت کا شعوری ادراک رکھتے ہیں کہ رب العالمین کو جو “حمد و شکر” مطلوب ہے اس کی کاشت کاری “صبر” کی زمین میں ہوتی ہے۔ جو شخص ہر حال میں رب کی خاطر “صابر” نہ ہو؛ وہ کسی بھی حال میں رب کا سچا “شاکر” نہیں ہو سکتا۔ صبر اور شکر دونوں لازم و ملزوم ہیں اور ایک دوسرے کی روحِ رواں ہیں۔ ایک دوسرے کے بغیر دونوں بے معنی اور بے نتیجہ۔ اس لئے “شاکر” ہونے کی خاص پہچان یہ ہے کہ انسان “شاکی” نہ ہو، نہ شدتِ حالات کا شاکی، نہ آلامِ روزگار کا۔ شکایت، خواہ بظاہر وہ کتنی ہی جائز اور معقول ہو، بے صبری ہے اور بے صبری، رب العالمین پر “بے اعتمادی” کے مرادف؛ نیز اس کی مطلوب حمد وثناء اور شکر وسپاس کے لئے زہرِ ہلاہل ہے۔ اسی لئے قرآن میں خدائی تجلیات اور نعمتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کئی مقامات پر کہا گیا ہے کہ ان میں اس کے لئے نشانیاں ہیں جو بیک وقت “صبار شکور” یعنی ہمیشہ ‘صبر۔شکر’ کرنے والا ہے(سورہ سبأ، آیت ۱۹؛ سورہ لقمان، آیت ۳۱؛ سورہ الشوری، آیت ۳۳)۔ اسی طرح پیغمبر کو ہر قسم کی ناخوشگوار حالت میں صبر کرتے ہوئے؛ صبح و شام اپنے رب کی حمد اور تسبیح میں سرگرم رہنے کی ہدایت بار بار دی گئی (سورہ طٰہ، آیت ۱۳۰؛ سورہ ق، آیت ۳۹)۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز منگل- ۲۱ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

“شکریہ کلچر” (۲/۲)

قرآن کا آغاز “الحمد للہ رب العالمین” سے ہوتا ہے یعنی ہر طرح کی تعریف وستائش اور شکر و سپاس کے لطیف جذبات و احساسات اور والہانہ کلمات کا اصلی مستحق وہ خدا ہے جو ساری کائنات کا پروردگار ہے۔ قرآن کے مطابق (سورة الإسراء، آيت 44); زمین و آسمان کی ہر جاندار اور غیر جاندار مخلوق ہمہ وقت خدا کی تسبیح اور حمد میں مصروف ہے اور یہی “حمدِ رب” وہ آخری نغمہ ہے جسے آخرت کی ابدی دنیا میں تمام فرشتے جنّٓتی انسانوں کے ساتھ مل کر وہاں کی لا فانی ربانی نعمتوں کے سائے میں ہمیشہ ہمیش گاتے رہیں گے(سورة الزمر، آيت 75)۔ گویا یہ کہنا بالکل بجا ہو گا کہ “قرآنی کلچر” ایک لفظ میں “حمد کلچر” یا “شکریہ کلچر” ہے۔

تاہم خدا کی مطلوب حمد اور شکر گزاری محض یہ نہیں ہے کہ آپ کو جب ایک خوشی کا تجربہ ہو، یا حسبِ توقع یا خلافِ توقع آپ کی آمدنی میں اچانک اضافہ یا پوزیشن میں غیر معمولی ترقی یا کوئی اور ظاہری نعمت حاصل ہو جائے تو آپ کیف و سرور اور بسہ اوقات فخر و ناز کے ساتھ “الحمد للہ” اور “اللہ ترا لاکھ لاکھ شکر ہے” جیسے الفاظ زبان سے بے ساختہ دہرانے لگیں- لیکن جب صورتِ حال اس کے برعکس ہو تو آپ سراپا غم و حسرت اور افسردگی و مایوسی کی تصویر بن جائیں اور قولاً یا فعلاً حالات کے خلاف شکایت و احتجاج کرنے لگیں، جو خدا کے فیصلہ پر اعتراض کے ہم معنی ہے۔

جیسا کہ اس سے قبل عرض کیا گیا، سچی حمد اور شکر گزاری کی کسوٹی سچا “صبر” ہے۔ یعنی آپ کے خارجی حالات چاہے خوشگوار ہوں یا ناخوشگوار، مگر خدا کی نسبت سے آپ کی ذہنی کیفیات، اندرونی احساسات نیز آپ کے قولی اور عملی رویے میں کوئی فرق نہ آنے پائے۔ ہر طرح کے تلخ و شیریں احوال و ظروف میں جب آپ کے خیالات اور آپ سے صادر ہونے والے کلمات اور حرکات و سکنات میں وہی ربانیت اور آخرت پسندی کا رنگ ہو، آپ ہر صورتِ حال میں یکساں طور پر خدا کے ممنون اور محتاج بندے بن کر اس کی رضا جوئی کی خاطر دوسروں کے ساتھ تواضع اور خیر خواہی کا معاملہ کرتے رہیں؛ تب آپ کی حمد اور شکر گزاری ایک با معنی ‘عبادت’ بنتی ہے؛ ورنہ وہ ایک سطحی لفاظی پر مبنی سماجی عادت ہے یا ایک خود غرضانہ تجارت۔

اس اہم فیصلہ کن حقیقت کی طرف قرآن نے متعدد مقامات پر مختلف انداز سے توجہ دلائی ہے مثال کے طور ملاحظہ ہو: سوره الفجر، آیت ۱۵-۱۶؛ سورة المعارج، آيات ١٩-٢١؛ سورہ فصلت، آیت ۵۱؛ سورہ الإسراء، آیات ۸۳-۸۴، وغیرہ۔

خدائے رحمان و رحیم رات اور دن کی طرح، موجودہ دنیا میں ہر انسان کے اوپر کبھی اچھے اور کبھی بُرے حالات طاری کرتا ہے تاکہ وہ “صبر-شکر” کی دوگونہ صفات کا پیکر بن کر اگلی دنیا میں ابدی جنت کی شہریت حاصل کر سکے۔ یہ انسان کے حسنِ فہم اور حسنِ عمل، دونوں کا بڑا کڑا امتحان ہے مگر اس کا اجر بھی اتنا ہی بے حساب حد تک بڑا ہے۔ نوح (۴) کو قرآن میں “عبدًا شکورًا” یعنی بہت زیادہ شکرگزار بندہ کہا گیا ہے (سورة الإسراء، آيت ٣) کیونکہ ساڑھے نو سو سال تک انہوں نے اپنی قوم اور اپنے بعض اہلِ خانہ (بیوی اور ایک بیٹے وغیرھما) کی مخالفتوں اور ایذا رسانیوں پر صبر کیا۔ بالفاظ دیگر، وہ اپنی روز مرہ عملی زندگی میں “عبدِ صبور” تھے اس لئے وہ “عبدِ شکور” بن سکے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز بدھ- ۲۲ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

سید الاستغفار: ایک انقلابی تصور

صحیح البخاری میں شداد بن أوس (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:” سید الاستغفار یہ ہے کہ بندہ یوں کہے:”اے اللہ، تیرے سوا کوئی معبود نہیں، تو نے مجھے پیدا کیا اور میں تیرا بندہ ہوں؛ اور میں اپنی استطاعت کے بقدر تیرے عہد اور وعدہ پر قائم ہوں۔ میں تیری پناہ مانگتا ہوں اس برائی سے جو میں نے کی ہے اور میں تجھ سے اپنے اوپر تیری نعمت کا اعتراف کرتا ہوں نیز میں اپنے گناہ کا اقرار کرتا ہوں؛ لہذا تو مجھے بخش دے کیونکہ تیرے سوا کوئی نہیں جو گناہوں کی بخشش کر سکے’۔ جو شخص پورے یقین کے ساتھ دن کے وقت ایسا کہے اور شام ہونے سے پہلے مر جائے تو وہ جنتی ہے اور جو شخص پورے یقین کے ساتھ رات کے وقت ایسا کہے اور صبح ہونے سے پہلے مر جائے تو وہ جنتی ہے”۔

((عنْ شَدَّادِ بْنِ أَوْسٍ رضي اللَّه عنْهُ عن النَّبِيِّ صَلّى اللهُ عَلَيْهِ وسَلَّم قالَ : « سيِّدُ الاسْتِغْفار أَنْ يقُول الْعبْدُ : اللَّهُمَّ أَنْتَ رَبِّي ، لا إِلَه إِلاَّ أَنْتَ خَلَقْتَني وأَنَا عَبْدُكَ ، وأَنَا على عهْدِكَ ووعْدِكَ ما اسْتَطَعْتُ ، أَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّ ما صنَعْتُ ، أَبوءُ لَكَ بِنِعْمتِكَ علَيَ ، وأَبُوءُ بذَنْبي فَاغْفِرْ لي ، فَإِنَّهُ لا يغْفِرُ الذُّنُوبِ إِلاَّ أَنْتَ . منْ قَالَهَا مِنَ النَّهَارِ مُوقِناً بِهَا ، فَمـات مِنْ يوْمِهِ قَبْل أَنْ يُمْسِيَ ، فَهُو مِنْ أَهْلِ الجنَّةِ ، ومَنْ قَالَهَا مِنَ اللَّيْلِ وهُو مُوقِنٌ بها فَمَاتَ قَبل أَنْ يُصْبِح ، فهُو مِنْ أَهْلِ الجنَّةِ » رواه البخاري ))

یہ بظاہر چند الفاظ کا مجموعہ ہے، مگر اس میں تدبر کریں تو معلوم ہوگا کہ اسلامی عقیدہ و عمل کے وہ تمام انقلاب آفریں عناصر اس میں مرتکز ہو گئے ہیں، جو ایک فرد کی زندگی کو مکمل طور پر بدل کر اسے نیا ربانی انسان بنا دیتے ہیں:(۱)توحید کا اعلان، (۲) خالق کی حیثیت سے خدا کے ساتھ بندگی کے عہد و پیمان کا زندہ شعور اور اس کی ممکنہ ادائیگی کا عزم اور کوشش،(۳) اپنی بد عملی کی بنا پر عدمِ تحفظ کا احساس اور اس کے سنگین نتائج سے خدا کی پناہ مانگنا (۴)اعترافِ نعمت،(۵) اقرارِ گناہ اور (۶) اس بات کا پختہ یقین کہ گناہوں کی مغفرت اور ان کےمہلک نتائج سے حفاظت صرف خدا کے ہاتھ میں ہے۔

یہ برتر حقائق جس انسان کے شعور و ادراک کی گہرائی میں اتر جائیں، وہ زبان سے ان کا اظہار کرنے کے بعد اگر حیاتیاتی سطح پر نہ مرے؛ تب بھی فکری اور عملی اعتبار سے گویا کہ اس کا سابقہ وجود مر جاتا ہے اور وہ از سرِ نو ایک ربانی پیکر میں ڈھل کر نمودار ہوتا ہے؛ جس کا نصب العین جنت کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ اس کا جسم گو اب بھی زمین پر رہتا ہے مگر اس کی روح جنت کی فضاؤوں میں بسیرا کرنے کے لئے ہمہ وقت بے قرار رہتی ہے اور بلا شبہ خدائے غفورو رحیم ایسے بندے کو اپنی مغفرت اور جنت سے محروم نہیں کرے گا۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعرات- ۲۳ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

زندگی: ایک انمول ربانی عطیہ

آپ اس وقت زندہ ہیں اور اس قابل ہیں کہ یہ سطریں پڑھ سکیں؛ یہی بذات خود نا قابلِ بیان حد تک عظیم الشان اور با معنی واقعہ ہے۔جس کے بارے آپ جتنا بھی لفظی و غیر لفظی تحیر و استعجاب اور تشکر و امتنان کا اظہار کریں؛ کم ہے۔ یہ کائنات کے خالق و مالک کا یک طرفہ فضل و کرم ہے کہ اس نے آپ کو وجود بخشا اور اپنی عظیم تخلیقی اسکیم میں آپ کو ایک ‘رول’ ادا کرنے کا موقع عطا کیا۔ نیز اپنے نبیوں اور رسولوں کے ذریعہ آپ کی رہنمائی کا انتظام کیا، اس رہنمائی کے آخری مستند اور ناقابلِ تحریف متن کو قرآن کی صورت میں محفوظ کر دیا تاکہ آپ اپنا ‘مقررہ رول’ ٹھیک ٹھیک انجام دے سکیں اور بالآخر موت کے بعد آنے والی ابدی دنیا میں جہنم کے گڑھے سے بچا کر جنت کے لا فانی نعمتوں بھرے باغات میں ہمیشہ کے لئے داخل کر دئیے جائیں۔

اس ضمن میں رب العالمین کی بے پناہ رحمت اور بے مثال عدل و انصاف کا ایک عجیب مظہر یہ بھی ہے کہ اس نے اگرچہ ایک انسان اور دوسرے انسان کو ظاہری شکل و صورت اور خارجی حالات کے لحاظ سے مختلف بنایا،؛ مثلاً کوئی کالا ہے تو کوئی گورا، کوئی امیر ہے تو کوئی غریب، کوئی صاحبِ جاہ و اقتدار ہے تو کوئی بے حیثیت اور کمزور، وغیرہ وغیرہ۔ مگر اس کی رضا اور جنت تک پہنچنے کا راستہ بلا امتیاز سب کے لئے یکساں طور پر کھلا اور ہموار بنایا۔پھر اپنی تخلیقی اسکیم میں ہر ایک کی حیثیت و استطاعت کے دائرہ میں، سب کے لئے ایک ہی بنیادی ‘رول’ مقرر کیا اور وہ عبادت ہے (وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ”، سوره الذاريات، آيت، ۵۶) اسی کے ساتھ اس ‘رول’ کے رد و قبول کا معیار بھی سب کے لئے ایک ہی طے کیا اور وہ ہے تقوی۔ جو ایک ممکن الحصول اندرونی روحانی و اخلاقی صفت ہے اور ہر وقت ہر شخص کی دسترس میں ہے؛ نہ کہ محض چند افراد پر منحصر کوئی خارجی مظہر یا مادی طاقت: (“إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ”. سورة الحجرات، آيت، ١٣)-

اگر اس نقطہء نظر سے غور کریں؛ تو آپ سراپا عجز و نیاز بن کر اپنے خالق و مالک کی حمد و ثناء اور احسان مندی کے والہانہ احساسات میں ڈوب جائیں گے؛ کیونکہ آپ دیکھیں گے کہ اس وقت دنیا میں آپ جس جگہ اور جس حالت میں بھی اپنی زندگی گزار رہے ہیں؛ وہ ایک انمول ربانی عطیہ ہے؛ جو آپ کو ہر آنے جانے والی سانس کے ساتھ یہ بیش قیمت موقع فراہم کر رہا ہے کہ آپ اس زمین پر اپنے مقررہ رول (عبادت) کو ربانی معیار(تقوی) کے مطابق ادا کرنے کی اپنے بس بھر مخلصانہ سعی کریں، اور اس کے عوض خدا آپ کو جنت کے ابدی نعمت کدہ میں انبیاء و صدِّیقین اور شہداء و صالحین کے ساتھ رہائش کا شرف بخش دے(سورہ النساء، آیت ۶۹)۔

ایسی حالت میں یہ کیسی عجیب ہلاکت خیز نادانی ہے کہ اکثر انسان اپنی ساری “زندگی” خود “زندگی” کو بدلنے کی سعئِ لا حاصل میں گنوا ديتے ہیں؛ جبکہ جو چیز اصلاً انھیں بدلنی تھی اور جس کو وہ بدل سکتے تھے وہ “زندگی” نہیں بلکہ “زندگی” کے بارے میں ان کا تصور اور عملی روش تھی۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعہ- ۲۴ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

قرآن: انسانیت کے لئے شفاء اور رحمت

آج سے ساٹھ برس قبل جون 1956 میں امریکی ماہرِ نفسیات مائک گورمین (Mike Gorman) کی ایک معرکۃ الآراء کتاب چھپ کر شائع ہوئی۔ جس کا نام تھا: “ہر دوسرا بستر= Every Other Bed”۔ اس کتاب میں طویل ریسرچ کے بعد اعداد و شمار کی روشنی میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ ‘سائنسی، صنعتی، اقتصادی اور عسکری، ہر اعتبار سے دنیا کے سب سے زیادہ طاقتور، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کے اسپتالوں میں ہر دوسرے بستر پر ایک ایسا شخص لیٹا ہوا ہے جسے کوئی حقیقی بیماری نہیں؛ بلکہ وہ محض ایک نفسیاتی مریض (psychiatric patient) ہے’۔

گزشتہ ساٹھ برسوں کے دوران، نہ صرف امریکہ، بلکہ دنیا کے تمام ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ملکوں میں ذہنی و نفسیاتی مریضوں کی تعداد نیز ان کے درمیان خود کشی کرنے والے افراد کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے؛ چنانچہ اس کے تدارک اور علاج کے پروگراموں کو، اقوام متحدہ کے تحت منظور شدہ بین اقوامی منصوبۂ “پائیدار ترقی ۲۰۳۰” کے سترہ اہم ترجیحی مقاصد میں شامل کیا گیا ہے (تفصیلات کے لئے دیکھئے: ۲۰۱۵ میں پیش کردہ عالمی تنظیمِ صحت (WHO) کی رپورٹ: بعنوان “صحتِ دماغی کا اٹلس” (Mental Health Atlas)۔

مال و دولت کی فراوانی اور اسبابِ عیش عشرت کی بہتات کے باوجود، جديد تہذيب نے انسان کو “ذہنی سکون” (peace of mind) کم، اور “ذہنی تناؤ”(mental stress) زیادہ دیا ہے؛ جسے بیشتر نفسیاتی عوارض اور جسمانی بیماریوں کا بنیادی سبب بتایا جاتا ہے۔ اسی مسئلہ (ذہنی تناؤ) کے حل کی تلاش میں گزشتہ چند دہائیوں کے دوران عالمی سطح پر بالخصوص یورپ اور امریکہ میں روحانیت (spirituality)، گیان دھیان (meditation)، یوگا، اور دیگر “مذاہب و أسفار شرقیہ” (Oriental Faiths & Scriptures)، بشمول قرآن مجید، کے مطالعے اور ان پر عملی تجربات کو زبردست فروغ ملا ہے۔

اس موضوع پر آج غور کرتے ہوئے مجھے خیال آیا کہ قرآن کی صرف تین مختصر سورتوں میں آج کی “بے چین انسانیت” کے لئے شفاء اور رحمت کا پورا سامان موجود ہے:

۱-سورہ التکاثر، جس میں انسان اور انسانیت کے اصل روگ (زیادہ سے زیادہ کی حرص)کی صحیح تشخیص کی گئی ہے۔

۲-سورہ العصر، جس میں انسان اور انسانیت کے اصل روگ کا حتمی علاج بیان کیا گیا ہے؛ جو انفرادی اور اجتماعی دونوں سطح پر قابلِ استعمال اور کار آمد ہے۔

۳- سورہ الفاتحہ، جو دعائیہ انداز میں گویا زیرِ علاج انسان اور انسانیت کو اپنے”شافئ حقیقی—رب العالمین” سے مسلسل رابطہ (round the clock in touch) میں رکھنے کا وسیلہ ہے تاکہ کسی بھی متوقع یا غیر متوقع صورتِ حال میں وہ اس کی رحیمانہ عنایت (compassionate care) کو طلب کر سکے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز سنیچر- ۲۵ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

“استرجاع”: ایک “زندگی بخش” کلمہ

آج صبح ایک قریبی رشتہ دار کی خبرِ وفات ملی اور بے ساختہ زبان سے “إنّا لله وإنّا إليهِ رَاجعُون” نکلا۔

جیسا کہ معلوم ہے، قرآن (البقرة، آیت، ۱۵۶) اور حدیث، دونوں میں اہلِ ایمان کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب بھی وہ کسی کی موت کی خبر سنیں یا بذاتِ خود کسی قسم کی ناگہانی مصیبت یا حادثہ یا مالی نقصان وغیرہ سے دوچار ہوں؛ تو مذکورہ کلمہ کہیں، جس کا مطلب ہے:”ہم اللہ کی مِلکیت ہیں اور اللہ ہی کے پاس ہمیں لوٹ کر جانا ہے”۔ اسے اسلامی اصطلاح میں “استرجاع” کہتے ہیں۔ صحیح مسلم کی روایت میں، اس پر اس دعائیہ جملے کا اضافہ ہے:” أللہم اجرنی فی مصیبتی وأخلف لی خیرًا منہا” یعنی ‘اے اللہ، مجھے اس مصیبت کا اجر دے اور اس کی جگہ اس سے بہتر عطا کر’۔

یہ’استرجاع’ (یعنی”إنّا لله وإنّا إليهِ رَاجعُون” کہنا) بظاہر ایک کلمہ ہے جو زندگی کے منفی اور تکلیف دہ واقعات (موت، مصیبت، حادثہ، خسارہ وغیرہ) سے دوچار ہونے پر کہا جاتا ہے؛ مگر عام انسانی رجحان اور سماجی رواج کے بالکل بر عکس؛ اس میں حسرت و افسوس یا رنج و ملال کے احساسات کا اظہار مطلق نہیں۔ بلکہ وہ حد درجہ ‘زندگی بخش’، ‘امید افزا’ اور ‘حوصلہ آفرین’ ایمانی تصورات پر مبنی عبارت ہے۔ اسی لئے قرآن نے اسے سچے ایمان والے “صابرین” کا شعار بتایا ہے اور پیغمبر کی زبانی انھیں خدائی رحمتوں اور برکتوں کی خوشخبری دی ہے (البقرة، آیت، ۱۵۵۔۱۵۷)۔ دوسری طرف حدیث میں کسی کی موت پر نوحہ و ماتم کرنے یا کسی المناک حادثہ پر واویلا مچانے کی سخت مذمت کی گئی ہے اور اسے ‘عملِ جاہلیت’ قرار دیا گیا ہے۔

جب ایک شخص گہرے شعور و اذعان کے ساتھ “استرجاع” کرتا ہے تو وہ گویا یہ اعلان کرتا ہے کہ:

۱- اللہ ساری کائنات کا خالق و مالک ہے اور میں اور میری ہر شئے اسی کی علی الاطلاق ملکیت کا حصہ ہیں۔ اس لئے اس تکلیف دہ واقعہ یا نقصان کو میں اپنے مالک کی مشیئت جان کر اسے بلا اعتراض تسلیم کرتا ہوں۔ (یہ اقرار دل و دماغ کو بیک وقت سکینت واطمینان اور حوصلہ و امید سے بھر دیتا ہے)۔

۲- جو شخص یا چیز بھی مجھ سے جدا ہوئی یا چھن گئی ؛وہ حقیقتاً اپنے اصلی مالک (اللہ) کے حکم سے اس کے پاس واپس چلی گئی اور ٹھیک اسی طرح ہم سب کو بالآخر لوٹ کر اسی کے پاس جانا ہے۔ لہذا مجھے اس واقعہ کو “رب العالمین سے ملاقات کی یاد دہانی” سمجھنا چاہئے اور اسی فیصلہ کن گھڑی کی تیاری کے لئے اب پوری سنجیدگی اور مستعدی سے یکسو ہو جانا چاہئے۔

بنا بریں، کسی جانی یا مالی خسارہ کے بعد ایک صاحبِ ایمان کے لئے غور طلب بات یہ نہیں کہ ایسا کیوں ہوا اور اگر یہ نہ ہوتا تو ایسا نہ ہوتا- اس قسم کی بات کہنا یا سوچنا نہ صرف استرجاع کی اسپرٹ کے خلاف ہے، بلکہ نہایت غیر حقیقت پسندانہ ذہنیت کی دلیل ہے؛ جو نفسیاتی اور عملی ہر اعتبار سے انسان کے لئے سخت تباہ کن ہے۔ یہ ‘جاہلانہ رجحان’ اصل خسارہ پر مزید نا قابلِ تلافی نقصانات کا اضافہ کرنا ہے۔ باشعور اور مخلصانہ استرجاع کا لازمی تقاضہ یہ ہے کہ انسان کسی موت یا صدمہ کے بعد اپنی بقیہ زندگی اور اپنے پاس باقی ماندہ متاع نیز اہل و عیال کی نسبت سے مزید حساس اور ذمہ دار ہو جائے، وہ اپنے وقت اور وسائل کو زیادہ منظم اور با معنی طور پر اس طرح استعمال کرے کہ جلد یا بدیر جب وہ اپنے مالکِ حقیقی کے پاس واپس جائے تو وہ اس کے اعلی معیارِ کمال و جمال کے مطابق ‘قابلِ قبول’ ٹہرے؛ یا کم از کم وہ اپنی غیر ذمہ دارانہ روش کے نتیجہ میں اتنا فاسد اور ناکارہ نہ ہو چکا ہو کہ خدا اسے جہنم کے سوا کسی اور جگہ کے لائق نہ سمجھے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز اتوار- ۲۶ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

قرآن کیسے سمجھیں؟

قرآن سمجھنے کے لئے سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ انسانی عقل کی محدودیت کی بنا پر، بعض قرآنی آیات کو پوری طرح سمجھنا ممکن نہیں۔ ان کا تعلق زیادہ تر غیبی معاملات سے ہے؛ اس لئے ان کے بارے میں اجمالی فہم پر قناعت کرنا ہوگا۔ البتہ بیشتر قرآنی آیات کا تعلق انسان کی عملی صلاح اور اخروی فلاح کے بنیادی تقاضوں سے ہے جو نہایت واضح لفظوں میں ہیں اور ان کو مکمل طور پر سمجھا اور روزمرہ زندگی میں ان کے مطابق اپنے فکر و عمل کو ڈھالا جا سکتا ہے۔ یہی قرآن کا اصل مدعا ہے۔

اس کی مثال ایسی ہے جیسے ہماری کائنات کے فطری قوانین۔ ان کے بارے میں دنیا بھر کے بڑے بڑے عبقری سائنسداں مل کر بھی ایک فیصد سے زیادہ کچھ بولنے یا سمجھنے اور سمجھانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں- البتہ ان قوانین کے بالواسطہ عملی استعمالات یا تکنیکی اثرات کو وسیع پیمانہ پر مشاہدے اور تجربے کا موضوع بنا کر انسانی زندگی میں ان سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

اب اس اصول کو منطبق کرتے ہوئے سورہ التکویر اور سورہ الانفطار پر غور کیجئے۔ دونوں سورتوں کا کم و بیش ایک تہائی حصہ قیامت کے مختلف ہولناک مراحل کی تصویر کشی پر مشتمل ہے، جن کا بر حق ہونا ہمیں ایسے ہی مان لینا ہے جیسے ہم ننانوے فیصد کائناتی “حقائق” کو براہِ راست دیکھے اور جانے بغیر انھیں مسلمات کی طرح مانے ہوئے ہیں اور اسے عین عقل و دانش کا تقاضہ سمجھتے ہیں۔

دونوں سورتوں کی بقیہ آیات کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ قیامت کے بعد انسان کی ابدی کامیابی یا ابدی بربادی کا دار و مدار اس پر ہے کہ وہ اپنی موجودہ زندگی “ابرار” کی طرح جیتا ہے یا “فجار” کی طرح۔ گویا موجودہ دنیا وہ ‘کارخانہ’ ہے جس میں ہر انسان یا تو اپنی قیامت کے بعد کی لا زوال زندگی کو کامیاب اور پُر مسرت بنا رہا ہے یا ناکام اور حسرت آمیز۔ چنانچہ قیامت آتے ہی ہر نفس کو فردًا فردًا اس کی اپنی عمر بھر کی کارگزاری اور اس کے آخری نتیجہ سے آگاہ کر دیا جائے گا، جیسا کہ ارشاد ہوا:”علمت نفس ما أحضرت”(التکویر، آیت ۱۴) اور “علمت نفس ما قدمت وأخرت”(الانفطار، آیت،۵)۔

ان سورتوں کا پیغام مختصرًا یہ ہے___اس سے پہلے کہ قیامت کا طوفان آکر نظامِ کائنات کو تہ و بالا کردے؛ موجودہ زندگی کے ہر لمحے کی قدر کیجئے۔ یہ لمحے اگرچہ فانی ہیں؛ مگر انہیں لمحوں کے درست یا نا درست استعمال سے آپ اپنی آنے والی لا فانی زندگی کو آباد یا برباد کر رہے ہیں۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز پیر- ۳۷ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

لیلة القدر—”روحِ اسلام” کا کائناتی مظاہرہ

اسلام کی اصل روح، “تسلیم و رضا”(Surrender & Acceptance) ہے، یعنی زندگی کے ہر معاملہ میں ذہنی سوچ سے لے کر قلبی جذبات و واردات، ارادی اقوال و افعال اور غیر ارادی حرکات و سکنات تک کو بلا مزاحمت رب العالمین کی مشیئت کے تابع اور اس سے ہم آہنگ کر لینا؛ یا کم از کم اس ہم آہنگی کی مسلسل شعوری کوشش کرنا۔ “تسلیم و رضا” کے اصول کو برتنے کی اس سنجیدہ شعوری کوشش کا نام قرآنی اصطلاح میں تزکیہ ہے اور اسی کوشش میں کامیابی کے تسلسل اور تناسب کے بقدر وہ نادر اور بیش قیمت روحانی تجربہ حاصل ہوتا ہے جسے “ربانی معرفت” کہتے ہیں؛ جو حکمت و بصیرت اور اعلی اخلاق کا سر چشمہ ہے۔

اس اعتبار سے “تسلیم و رضا”، عینِ عبدیت اور بندگی ہے۔ نماز، روزہ، زکاة، حج اور دیگر عبادات و شعائر کا مقصود “اسلام” کی اسی روح یا جوہر کو نمایاں اور راسخ کرنا ہے۔ کیونکہ اس کے بغیر تمام اسلامی اعمال، عبادات اور دینی سرگرمیاں، اپنی ظاہری خوشنمائی کے باوجود، ایسے ہی بے جان اور بے اثر ہیں جیسے کاغذ کے خوش رنگ پھول۔

خدا کے تمام نبیوں اور رسولوں نے اسی “روحِ اسلام” کا عملی نمونہ پیش کیا، جس کا آخری مستند ترین مظاہرہ پیغمبرِ اسلام کے اسوۂ حسنہ کی شکل میں ہوا۔ اس پہلو سے قرآن میں ابو الانبیاء حضرت ابراہیم (۴) کی تحسین کرتے ہوئے ارشاد ہوا ہے:”جب اس کے رب نے اس سے کہا کہ تابع ہو جا؛ تو اس نے کہا کہ میں رب العالمین کا تابع بن گیا (یعنی سراپا تسلیم و رضا بن کر اس کی مشیئت کے ساتھ ہم آہنگ ہو گیا)۔﴿ إِذْ قَالَ لَهُ رَبُّهُ أَسْلِمْ قَالَ أَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ (سورة البقرة، آيت، 131) ﴾ اس کے بعد کی آیات (البقرة 132-137) میں مزید بتایا گیا ہے کہ تسلیم ورضا کے اسی اسوۂ ابراہیمی کو اختیار کرنا؛ اسی پر جینا اور اسی پر مرنا، بلا استثناء سارے انبیاء اور صلحاء کا نصب العین رہا ہے اور وہی ہر مسلمان سے ہر جگہ اور ہر زمانے میں مطلوب ہے۔

در حقیقت ساری کائنات کا نظام اتنے محکم اور پُر امن طور پر اسی لئے چل رہا ہے کہ وہ ‘روحِ اسلام’ پر قائم یعنی اپنے خالق و مالک کی مشیئت کے ساتھ کلی طور پر ہم آہنگ ہے۔ ٹھیک اسی طرح انسان کی ذاتی اور اجتماعی زندگی بھی سکینت اور سلامتی سے بھرپور اور ہر قسم کے فساد اور بد نظمی سے خالی ہو سکتی ہے؛ اگر وہ اس “روحِ اسلام” کو اپنا لے جس کو بیان کرنے کے لئے لیلة القدر میں قرآن اتارا گیا اور خود لیلة القدر کو فرشتوں اور جبریل کے ذریعہ اسی روحِ اسلام کا کائناتی مظاہرہ بنا دیا گیا- گویا ایک صاحبِ ایمان اپنے وجود کو شعوری سطح پر “تسلیم و رضا” کے سانچے میں مسلسل ڈھالنے کا جس قدر حوصلہ اور سعی کرے گا؛ کم و بیش اسی تناسب سے اس کے اندر قرآن اور لیلة القدر کی ربانی تجلیات کو محسوس کرنے، دیکھنے اور ان سے فیض یاب ہونے کی صلاحیت بیدار ہو گی۔ ان شاء اللہ العزیز۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز منگل- ۲۸ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

تزکیۂ نفس کیا ہے؟ (۲/۱)

‘تزکیہ’ کا لفظ ‘زکاة’ سے بنا ہے، جس کے معنی میں بیک وقت پاکیزگی (purity) اور نشو و نما (development & progress) دونوں پہلو سبب اور نتیجہ کے طور پر شامل ہیں؛ گویا ایک کے بغیر دوسرے کا حصول ممکن نہیں۔ جس طرح ایک عمدہ فصل یا پھل دار درخت کی بھر پور نشو و نما کے لئے صرف یہ کافی نہیں کہ آپ اچھی (زرخیز) مٹی، اچھے بیج اور اچھی کھاد اور پانی وغیرہ کا انتظام کریں؛ بلکہ یہ بھی انتہائی ضروری ہے کہ آپ اس کے گرد و پیش کو کیڑے مکوڑوں، خود رو پودوں اور آندھی اور طوفان وغیرہ کی زد سے مسلسل محفوظ رکھنے کی تدابیر کرتے رہیں؛ ورنہ خدشہ ہے کہ آپ کی ساری محنت آپ کی فصل اور درخت کے پھلنے پھولنے سے پہلے ہی اکارت ہو جائے گی۔ ٹھیک یہی معاملہ نفس کے تزکیہ کا ہے۔

عربی گرامر کی رو سے ‘تزکیہ’ میں شدتِ اھتمام (intensive care) اور تسلسل (consistency) کا مفہوم پایا جاتا ہے، یعنی نفس کی پاکیزگی اور نشو و نما کا یہ عمل، کوئی موسمی (occasional) سرگرمی یا رسم نہیں؛ جس کو محض ایک یا چند مخصوص اوقات میں کر دینا کافی ہو؛ بلکہ وہ ایک تا عمر جاری رہنے والا عمل (life-long process) ہے۔ اس اعتبار سے روحانی اور اخلاقی سطح پر ‘تزکیۂ نفس’ وہی چیز ہے جسے آج کل عالمی ماہرین، کامیاب تجارت اور معیاری تعلیم کا سب سے بڑا راز بتاتے ہیں اور اسے تا حیات سیکھتے رہنا (life-long learning)؛ ذاتی قدر پیمائی (Self Evaluation) اور مسلسل عملی ارتقاء (CPD) وغیرہ ناموں سے تعبیر کرتے ہیں۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز بدھ- ۲۹ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

تزکیۂ نفس کیا ہے؟ (۲/۲)

تزکیہ کتنا اہم دینی عمل ہے، اس کے لئے یہ جاننا کافی ہے کہ قرآن نے اسے پیغمبر اسلام (صلعم) کی بعثت کے بنیادی مقاصد میں شمار کیا ہے۔ ملاحظہ ہو: (سورہ البقرة، آیت ۱۲۹ اور ۱۵۱؛ سورہ آل عمران، ۱۶۴؛ سورہ الجمعة، آیت، ۲)۔ پھر جنت کے ابدی باغات کو ان لوگوں کی جزا قرار دیا ہے ‘جنہوں نے اپنا تزکیہ کیا’ (سورة طه، آيت، ٧٦)۔ سورہ الأعلی (آیت، ۱۴) میں یہی بات مزید تاکید کے ساتھ یوں بیان ہوئی ہے:”قَدْ أَفْلَحَ مَن تَزَكَّىٰ” یعنی ‘یقیناً اس نے فلاح پا لی؛ جس نے اپنا تزکیہ کیا’۔

تاہم قرآن (سورہ البقرة، آیت، ۱۷۴؛ سورہ آل عمران، آیت، ۷۷) سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ‘تزکیۂ نفس’ کے عمل کی تکمیل آخرت میں براہِ راست خدا کرے گا۔ گویا اس دنیا میں پیغمبر کے ذریعہ یا پیغمبرانہ اسوۂ حسنہ کے مطابق ایک صاحبِ ایمان صرف تا عمر اپنے نفس کے تزکیہ کی پیہم سعی و کوشش کر سکتا ہے، یہ سعی و کوشش جس حد تک رضائے الہی سے ہم آہنگ ہو گی؛ اسی حد تک وہ آخرت میں خدا کے نزدیک قابلِ قبول اور کامل ٹہرے گی۔

اب سوال یہ ہے کہ تزکیہ کے عمل کی اصل نوعیت کیا ہے؟ بالفاظ دیگر، نفس کی وہ کیا کمزوری یا منفی صفت ہے جس سے اسے “پاکیزہ” بنانے کی ہمیں فکر و کوشش کرنی ہے تاکہ اس کے اندر موجود اعلی روحانی صفات اور ربانی امکانات ضائع نہ ہوں اور انھیں بھرپور نشو و نما کا موقع ملتا رہے۔

تزکیۂ نفس کا عمل در حقیقت اپنے آپ کو اس بھرم اور خوش فہمی سے بچانا ہے کہ میں ‘برگزیدہ’ اور ‘پاکیزہ’ ہوں۔ “احساسِ برگزیدگی” یا اپنی پاکیزگی کا زُعم، خواہ کسی درجہ میں ہو، وہ سب سے بڑا مہلک نفسیاتی روگ ہے؛ جو انسان کی حقیقی روحانی پاکیزگی اور اخلاقی ارتقاء کے تمام فطری امکانات کو کھا جاتا ہے۔ اس کے نتیجہ میں وہ، شعوری یا غیر شعوری طور پر، خود فریبی، خود نمائی اور خود ستائی کے شیطانی جال میں اس طرح پھنس جاتا ہے کہ پھر اسے اپنا عیب بھی ہنر اور اپنے نقائص بھی کمالات دکھائی دیتے ہیں؛ چنانچہ وہ نہ صرف یہ کہ اپنی تہذیب واصلاح کی مطلق ضرورت محسوس نہیں کرتا بلکہ اپنے ناصح اور مصلح کو، اپنا سب سے بڑا دشمن اور بدخواہ خیال کرنے لگتا ہے۔ ظاہر ہے اس مزاج کے زیرِ اثر، وہ روحانی شعور اور فکر و کردار کی سطح پر جہاں اور جس حالت میں ہوتا ہے؛ اس سے نکلنے یا اسے بدلنے پر کبھی آمادہ نہیں ہو سکتا-

میں سمجھتا ہوں پیغمبرِ اسلام (صلعم) نے قرآن کے ذریعہ صحابۂ کرام (رض) کی جو بے مثال ربانی نسل تیار کی اس کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ انہوں نے اپنے اندر سے “برگزیدگی” اور “پاکیزگی” کے ہر احساس اور بھرم کو شعوری طور پر کھرچ کر نکال دیا تھا اور اس کی جگہ خدا کے سامنے “جوابدہی” کے احساس کو اپنے اندرون کی گہرائیوں میں اتار لیا تھا۔ اس لئے ان کے درمیان تزکیۂ نفس کا عمل بلا انقطاع جاری رہا۔ اس سلسلہ میں ان کے فکر و نظر کا معیار یہ قرآنی آیت تھی: “أَلَمْ تَرَ إِلَى الَّذِينَ يُزَكُّونَ أَنفُسَهُم ۚ بَلِ اللَّهُ يُزَكِّي مَن يَشَاءُ” (سورہ النساء، آیت، 49) یعنی ‘کیا تم نے ان کو دیکھا جو اپنے آپ کو پاکیزہ کہتے ہیں، نہیں، بلکہ اللہ جسے چاہتا ہے پاکیزگی عطا کرتا ہے’۔

اس قرآنی مزاج کا اثر صحابہ کے بعد مزید دو نسلوں تابعین اور تبع تابعین کے اوپر بھی غالب رہا- اسی لئے ان کا شمار “خیر القرون” میں ہوتا ہے۔ اس کی وضاحت کے لئے یہاں چند حوالے درج کئے جاتے ہیں:

۱-صحیح البخاری میں ایک باب کا بہت با معنی اور فکر انگیز عنوان یہ ہے: “باب خوف المؤمن من أن یحبط عمله وھو لا یشعر” یعنی مؤمن کا اس بات سے ڈرتے رہنا کہ اس کا نیک عمل رائیگاں ہو جائے اور اس کو احساس تک نہ ہو’۔

۲-حسن بصری کا قول ہے کہ: “مؤمن کو جب بھی دیکھو وہ ہمیشہ اپنے تئیں ملامت کرتا ہوا نظر آئے گا، مثلا وہ کہے گا: میں نے ایسا کیوں کیا؟ اس سے میرا ارادہ کیا تھا؟ اس عمل سے کہیں بہتر کرنے کا کام تو یہ تھا، وغیرہ”۔ نیز وہ کہا کرتے تھے کہ “مؤمن کی پہچان یہ ہے کہ وہ ہمیشہ نفاق میں مبتلا ہونے سے ڈرتا رہتا ہے؛ جبکہ منافق وہ ہے جو اس پہلو سے بالکل مطمئن ہوتا ہے”۔

۳-ابن أبي مليكة کہتے ہیں: “میں نے نبي صلى الله عليه وسلم کے تیس صحابیوں کا زمانہ پایا ہے ان میں ہر کوئی اپنے اوپر نفاق کا خطرہ محسوس کرتا تھا اور ان میں کسی کو یہ دعوی نہیں تھا کہ اس کا ایمان جبريل وميكآئیل کے درجہ کا ایمان ہے”۔

خلاصہ یہ کہ تزکیۂ نفس کا عمل از اول تا آخر یہ ہے کہ آپ اپنی زندگی کا ہر لمحہ ‘احساسِ جوابدہی’ (sense of accountability) کے تحت خود احتسابی کرتے ہوئے گزاریں اور اپنے اندر کبھی احساسِ برگزیدگی (sense of chosen-ness) یا زُعمٰ پاکیزگی نہ پیدا ہونے دیں۔ اسی عمل نے “خیر القرون” کو خیر القرون بنایا اور اسی کے فقدان نے بعد کے دور کو شر القرون بنا دیا ۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعرات- ۳۰ جون ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

قرآن: آپ کے حق میں یا آپ کے خلاف!

امام مسلم نے کتاب الطہارة کے ذیل میں پانچ لفظوں پر مشتمل ایک حدیث یوں نقل کی ہے:”القرآن حجة لك أو عليك”…یعنی: ‘قرآن یا تو تمہارے حق میں ایک حجت ہے یا تمہارے خلاف’۔

اس وقت جبکہ تمام مسلم دنیا؛ خصوصاً برِّ صغیر کے مسلمانوں میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر “ختمِ قرآن” کی سرگرمی پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے(جیسا کہ ہر سال رمضان المبارک میں ہوتا ہے)؛ مذکورہ حدیث ہمیں ایک سنجیدہ دعوتِ فکر بھی دیتی ہے اور اسی کے ساتھ ایک نہایت سنگین وارننگ بھی۔ غالباً اسی حدیث کے پیشِ نظر، جلیل القدر فقیہ صحابی عبد اللہ بن مسعود (رض) اکثر کہا کرتے تھے کہ: “إن أقواماً يقرؤون القرآن ولا يجاوز تراقيهم”؛ (‘بہت سے لوگ ہیں جو قرآن تو پڑھتے ہیں مگر وہ ان کے حلق سے آگے نہیں جاتا’)۔

مذکورہ حدیثِ رسول اور قولِ صحابی کی روشنی میں میں نے کچھ طالبِ علموں کو نصیحت کرتے ہوئے ایک بار کہا کہ: قرآن کا سچا قاری وہ ہے، جو قرآن پڑھنے کے بعد ‘دوسروں’ سے پہلے خود ‘اپنے’ خلاف ‘اعلانِ جنگ’ کردے۔ جب ایسا ہو تو گویا فی الواقع قرآن آپ کے حلق سے گزر کر آپ کے دل و دماغ کی گہرائیوں میں اتر گیا اور آپ کے فکر و عمل کی انقلابی تشکیلِ نو کرنے لگا۔ اس وقت بلا شبہ حدیث کے مطابق قرآن آپ کے حق میں حجت ہے۔ اس کے بر عکس اگر قرآن پڑھ کر آپ پہلے جہاں اور جس حالت میں تھے؛ وہیں اور اسی حالت میں پڑے رہیں یا اسے ‘دوسروں’ کے خلاف کسی خود ساختہ قسم کی بظاہر انقلابی یا اصلاحی مگر عملاً تخریبی کارروائی کی بنیاد بنا لیں؛ تو ایسی صورت میں وہ آپ کے خلاف حجت ہو گا۔ آپ اگرچہ اپنی اس تخریبی کارروائی کے جواز میں بعض قرآنی آیات کا حوالہ دیں گے مگر وہ حضرت امام علی (رض) کے اس مشہور حکیمانہ قول کا مصداق ہو گا کہ “بات تو حق کی ہے؛ مگر اس کا مدعا باطل ہے”( کلمة حق أرید بہا الباطل)

نزولِ قرآن سے پہلے محمد صلی اللہ علیہ وسلم اکثر غارِ حراء میں کئی کئی دن معتکف ہو کر غور و فکر کرتے تھے۔ مگر نزولِ قرآن کے بعد دوبارہ آپ نے کسی غار میں عزلت نشینی اختیار نہیں کی۔ اسی طرح نزولِ قرآن کا اولین تجربہ آپ کے لئے اتنا شدید اور پُر ہیبت تھا کہ اس کے اثر سے آپ چادر اور کمبل اوڑھ کر اپنے گھر میں پڑ گئے۔ مگر اللہ تعالی نے آپ کو آگاہ کیا کہ آخری آسمانی کتاب کا حامل بننے کے بعد آپ کا کام گھر میں بیٹھنا یا چادر اوڑھ کر لیٹ جانا نہیں بلکہ ہمہ تن سرگرمِ عمل ہو جانا ہے۔ چنانچہ حکم ہوتا ہے کہ آپ اٹھیں اور قرآن کے مطابق خود اپنے روحانی و اخلاقی جوہر کو آشکارا کرنے کے ساتھ ساتھ ساری انسانیت کے فکر و کردار کی تطہیر اور اس کی از سرِ نو تعمیر کے جاں فشاں کام کا بیڑہ اٹھائیں۔ جیسا کہ معلوم ہے یہ کام تیئیس سالہ انتہائی پُر مشقت داخلی اور خارجی جہاد اور بے پناہ قربانیوں کے بعد ایک عظیم الشان عالمگیر انقلاب کی شکل میں پایۂ تکمیل تک پہنچا، جس کی نظیر انسانی تاریخ میں نہ اس سے پہلے دیکھی گئی نہ اس کے بعد۔

قرآن کا مطلوب اس کے ہر قاری سے ہر جگہ اور ہر زمانے میں بنیادی طور پر وہی ہے جو اس کے پہلے قاری سے تھا۔ اگر اس کو پڑھ کر آپ کی سوچ، آپ کی عملی روش، آپ کا نظام الاوقات، آپ کے انسانی تعلقات، آپ کی ترجیحاتِ زندگی اور آپ کی پسند و نا پسند کے معیارات اس کے مطابق نہ بدلے؛ تو وہ آپ کے خلاف خدا کی حجت ہے، بظاہر ‘حاملِ قرآن’ اور ‘قارئِ قرآن’ ہو کر بھی آپ کا شمار ان لوگوں میں ہو گا جن کی شکایت خود پیغمبر نے اپنے رب کی عدالت میں اس طرح درج کرائی ہے:اور رسول نے کہا کہ اے میرے پروردگار، میری قوم نے اس قرآن کو ایک چھوڑی ہوئی چیز بنا رکھا ہے (وَقَالَ الرَّسُولُ يَا رَبِّ إِنَّ قَوْمِي اتَّخَذُوا هَٰذَا الْقُرْآنَ مَهْجُورًا (سورہ الفرقان ، آیت ۳۰)

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز جمعہ- یکم جولائی ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

دعائے ليلة القدر

سننِ ابن ماجة میں ہے کہ أم المؤمنين عائشة رضي الله عنها نے نبي صلى الله عليه وسلم سے پوچھا کہ اگر مجھے لیلة القدر مل جائے تو میں کیا دعاء کروں؟ آپ (صلعم) نے فرمایا کہ یوں کہو:”اللَّهُمَّ إِنَّكَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّي” (یعنی:اے اللہ، تو بہت عفو و در گزر کرنے والا ہے اور عفو و درگزر کو پسند کرتا ہے، لہذا میرے ساتھ عفو و در گزر کا معاملہ فرما”۔ جامع الترمذی کی روایت میں “کریم” بمعنی: “عالی ظرف، مہربان” کا اضافہ ہے اور دعاء یوں ہے:( اللهم إنك عفو كريم تحب العفو فاعف عني)

جیسا کہ قرآن سے ثابت ہے، لیلة القدر وہ رات ہے جس میں اللہ کے ‘تمام حکیمانہ فیصلوں کا تصفیہ ہوتا ہے ( سورہ الدخان، آیت،۴)۔اس میں طلوعِ فجر تک جبریل سمیت خدا کے خاص فرشتے اپنے رب کے احکامات لے کر اترتے رہتے ہیں اور اس کے اثر سے پوری کائنات امن و سلامتی کا گہوارہ بن جاتی ہے۔ ایسی ہی ایک رات میں قرآن مجید کا نزول شروع ہوا۔ اپنی استثنائی برکتوں اور فضیلتوں کی بنا پر یہ رات ‘ایک ہزار مہینے’ سے بہتر ہے (سورہ القدر)۔

اس اعتبار سے دیکھا جائے تو مذکورہ دعاء بظاہر ‘بہت کم’ معلوم ہوتی ہے۔ غالباً ایک عام آدمی یہ سوچے گا کہ جب موقع اتنا مبارک ہے اور دینے والا اس قدر فیاض؛ تو صرف ‘عفو در گزر’ کی ایک طلب پر اکتفاء کیوں؟ ہمیں تو ‘سب کچھ’ اور ‘بے حد و حساب’ مانگ لینا چاہئے!

اس میں کوئی حرج نہیں کہ ہر آدمی اپنے ذوق اور ضرورت اور امید اور حوصلہ کے لحاظ سے دین و دنیا سے متعلق کسی بھی جائز چیز کی دعاء کرے۔ مگر میں سمجھتا ہوں مذکورہ دعاۓ لیلة القدر کی شکل میں اہلِ ایمان کو ربانی معرفت کی وہ بنیادی کلید دی گئی ہے جس کا شعوری ادراک ہونے کے بعد “کچھ اور مانگنے” کی فکر کم بلکہ شاید بالکل ختم ہو جاتی ہے، اس کی جگہ یہ یقین بڑھ جاتا ہے کہ دینے والا در اصل ہمیں ہمارے حوصلے اور مانگ اور ضرورت سے کہیں بڑھ کر عملاً دے چکا ہے اور دیتا رہتا ہے نیز اپنے فضل و کرم سے مزید نوازنے کے لئے تیار ہے؛ مگر ہم خود اپنی بے شعوری اور غفلت سے اس کے ہر لحظہ برسنے والے فیض کی ناقدری کرتے ہیں اور اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے رہتے ہیں؛ جو گویا دانستہ یا نا دانستہ اس کی فیاضی اور مہربانی کی “تحقیر و اہانت” کے ہم معنی ہے؛ جس کو وہ رحمن و رحیم اگر نظر انداز نہ کرے، تو جو کچھ اس وقت ہمارے پاس ہے وہ بھی چھن جائے اور ہم سخت عذاب کی گرفت میں آجائیں۔اسی حقیقت کی طرف سورہ فاطر ( آیت، 45) میں اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خدا اگر انسانوں کی عام کمائی یا کار گزاری پر مواخذہ کرنے لگے تو روئے زمین پر کوئی چلتا پھرتا نہ بچے۔ چنانچہ لیلة القدر جیسے مبارک ترین موقع کی دعاء کا مرکز و محور اس سے بہتر کوئی نہیں ہو سکتا کہ بندہ اپنے رب سے کہے کہ: خدایا، میں سر تا پا تقصیر اور کوتاہی میں غرق ہوں۔ حتی کہ میری عبادت بھی بے شمار ‘نقائص’ سے پُر ہوتی ہے اور اس طرح وہ عبادت کے بجائے تیری “معصیت اور اہانت’ کہلانے کی مستحق ہے، لیکن تو سراپا عفو و درگزر ہے لہذا میں اس کے سوا کچھ نہیں مانگتا کہ تو میری معصیتوں اور ناقص عبادتوں، دونوں سے عفو و در گزر فرماتے ہوئے مجھے اپنے رحم و کرم کی آغوش میں پناہ دے دے۔ (آمین!)

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز سنیچر- ۲ جولائی ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

اگر آپ آگے نہیں بڑھ رہے؛ تو آپ پچھڑ رہے ہیں! (٢/١)

نزولِ قرآن کی ابتدا آج سے ٹھیک ساڑھے چودہ سو برس پہلے مکہ کے ایک دور افتادہ تاریک غار میں ہوئی۔ یہ پوری تاریخِ بشری کا نہایت استثنائی واقعہ ہے کہ چوتھائی صدی سے بھی کم مدت (صرف ۲۳ سال) میں اپنی تدریجی تکمیل کے ساتھ، قرآن نے، اپنے دعوے کے عین مطابق، انسانیت کو “تاریکیوں” سے نکال کر “روشنی” میں پہنچا دیا۔ اس “روشنی” کو پا کر جزیرۂ عرب کے “اُمّی لوگ” (illiterate people) دینی و دنیاوی، ہر معاملہ میں اپنے وقت کے “امام” (leaders) بن گئے۔ قرآن کی “روشنی” پر مبنی، حاملینِ قرآن کی یہ امامت یا قیادت کم و بیش ایک ہزار سال تک ساری آباد دنیا پر براہِ راست یا بالواسطہ قائم رہی۔

قرآن کے اولین قارئین کس طرح اس قابل ہوئے کہ ایسے ہمہ گیر آنفرادی اور اجتماعی انقلاب کے بانی اور عالمی قائد بن جائیں؟ میری نظر میں اس کا مختصر جواب چار لفظوں میں یہ ہے: خدا شناسی، خود شناسی، وقت شناسی اور آخرت شناسی۔ قرآن اپنے ہر سنجیدہ قاری کو یہی چہار گونہ حرکی ذہنیت(four dimensional dynamic mind-set) دیتا ہے، جو اگر صحیح معنوں میں پیدا ہو جائے تو پھر قرآن کا قاری وہ نہیں رہ جاتا؛ جو وہ پہلے تھا، نیز اپنے ساتھ ساتھ وہ اپنے گرد وپیش کی مادی اور انسانی دنیا کو بھی اس کی ‘موجودہ یا سابقہ” حالت سے ہر ممکن پہلو سے بہتر دیکھنے اور بہتر بنانے کے لئے بے قرار ہو جاتا ہے۔

خدا شناسی، خود شناسی، وقت شناسی اور آخرت شناسی پر مبنی قرآن کی یہ چہار گونہ حرکی ذہنیت جب کسی فرد یا مجموعۂ افراد میں ابھرتی ہے تو ان کی زندگی سے یک لخت سکون اور جمود اور ٹہراؤ کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ وہ ہر قسم کی سُستی اور کاہلی اور بے عملی اور تن آسانی کی غیر ذمہ دارانہ اور تباہ کن روش سے ایسے ہی بھاگتے اور خدا کی پناہ مانگتے ہیں جیسے کوئی صحت مند شخص کوڑھ اور سرطان جیسے امراضِ خبیثہ سے بھاگے اور خدا کی پناہ مانگے۔ زندگی کا، بلکہ زندگی کی ہر سانس کا پہلا اور آخری مصرف ان کی نظر میں صرف ایک ہو جاتا ہے اور وہ ہے: حسنِ عمل، اخلاصِ عمل، تنقیدِ عمل اور تحسینِ عمل کی مسلسل کاوش کرنا۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز اتوار- ۳ جولائی ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhab

اگر آپ آگے نہیں بڑھ رہے؛ تو آپ پچھڑ رہے ہیں! (۲/۲)

مذکورہ رجحان کے تحت، قرآن میں سنجیدہ تدبر کرنے والے قارئین و سامعین کے ذہنوں میں ہر وقت کچھ اس قسم کے خیالات و احساسات امنڈتے رہتے ہیں:

۱-ہماری کائنات معجزاتی حد تک با معنی اور حسین ہے۔ اس میں کہیں کوئی خلل یا بد نظمی نہیں۔ اس کی ہر شئے کا ایک مقصد ہے جس کی تکمیل کے لئے وہ ایک باقاعدہ نظام کی پابند ہو کر اپنے دائرۂ کار میں ہر وقت متحرک رہتی ہے۔ یہ گویا انسان کے لئے خالق کا ایک خاموش پیغام ہے کہ وہ اپنی تخلیق کے مقصدِ اعلی کو جانے اور اس تک پہنچنے کے لئے یکسوئی کے ساتھ ہمیشہ رواں دواں رہے۔

۲-یہاں جس طرح ہر کام کا ایک وقت ہے؛ اسی طرح ہر وقت کا ایک کام ہے۔ کسی کام کو اس کے مقرر وقت پر بحسن و خوبی وہی انجام دے سکتا ہے جو ہر وقت کے کام کو بر وقت جاننے اور اسے کما حقہ پورا کرنے کی سعی کرتا ہے۔

۳-اگر آپ آج وہاں نہیں ہیں؛ جہاں اپنی تخلیق کے مقصدِ اعلی کی نسبت سے آپ کو آج ہونا چاہئے تھا؛ تو گویا آپ کل تک وہاں تھے جہاں آپ کو کل نہیں ہونا چاہئے تھا۔ اگر آپ اپنے ہر دن، بلکہ اس کے ہر لمحے کو اپنے ہر کل اور اس کل کے ہر لمحے سے بہتر بنانے کی سنجیدہ اور پیہم کوشش میں مصروف نہیں؛ تو عملاً آپ اپنے آپ کو مسلسل کھونے کے عمل میں مصروف ہیں۔ ایسی حالت میں آپ آج وہ بھی نہیں ہو سکتے جو آپ گزشتہ کل تک تھے؛ اور آئندہ کل آپ وہ بھی نہ رہ سکیں گے جو آپ آج ہیں۔

۴-اگر آپ فکر و شعور اور کردار و عمل کی سطح پر مسلسل آگے کی سمت نہیں بڑھتے تو لازماً آپ ہر سطح پر مسلسل پچھڑٹے جارہے ہیں۔ اگر آپ لحظہ بہ لحظہ ‘سنورتے اور نکھرتے’ نہیں ؛ تو ہر گزرتی ہوئی ساعت کے ساتھ آپ ‘بگڑتے اور گدلاتے’ جاتے ہیں اور انجامِٰ کار آپ کا حال آپ کے ماضی سے اور آپ کا مستقبل آپ کے حال سے زیادہ تاریک اور بد تر ہوتا جاتا ہے۔

۵-آگے بڑھنے یا پیچھے ہٹنے، سنورنےاور نکھرنے یا بگڑنے اور گدلانے کی یہ دونوں ہی حالتیں آپ کی اپنی خود ارادیت پر مبنی ایک آزادانہ انتخاب ہے۔ آپ کے اسی آزادانہ انتخاب کی نوعیت سے یہ پتہ چلتا ہے کہ آپ کس حد تک خدا شناس، خود شناس، وقت شناس اور آخرت شناس ہیں؛ یا کس حد تک ان حقائق کی قدر و قیمت اور فیصلہ کن اہمیت سے نا آشنا یا ان کے منکر ہیں تاکہ بالآخر آپ کے اسی انتخاب کی بنیاد پر آپ کے ابدی انجام کا فیصلہ کیا جائے۔

اسی ذہنی رجحان کو ابھارنے اور پختہ کرنے کے لئے قرآن بار بار اپنے قاری کو دعوت دیتا ہے کہ وہ کائنات اور زندگی کے حیرتناک اور سبق آموز مظاہر میں غور و فکر کرے۔ مثلاً سورہ المدثر (آیات ۳۲-۳۸) میں چاند، ڈھلتی ہوئی رات اور ابھرتے ہوئے دن کو گواہ بنا کر کہا گیا ہے کہ یہ سب کچھ تمہارے لئے خالق نے مسخر کیا ہے تاکہ “تم میں جو چاہے آگے بڑھتا جائے اور جو چاہے پیچھے ہٹتا چلا جائے۔ ہر شخص اپنی کمائی سے بندھا ہوا ہے”(لِمَن شَاءَ مِنكُمْ أَن يَتَقَدَّمَ أَوْ يَتَأَخَّرَ؛ كُلُّ نَفْسٍ بِمَا كَسَبَتْ رَهِينَةٌ).

قرآن کے اولین قارئین کے ذہنوں پر یہ رجحان کس طرح چھایا ہوا تھا، اس کا اندازہ اس سے ہوتا ہے کہ حضرت ابو بکر (رض) نے موت کے وقت اپنے جانشیں حضرت عمر (رض) کو جو اہم وصیتیں کیں؛ ان کا پہلا جملہ یہ تھا:”اے عمر، اللہ سے ڈرو، اور جان لو کہ اللہ کو ایک عمل دن میں مطلوب ہے، جسے وہ رات میں قبول نہیں کرتا اور ایک عمل رات کو مطلوب ہے؛ جسے وہ دن میں قبول نہیں کرتا؛ اسی طرح اس کی نظر میں کوئی ‘نفلی عمل’ قابلِ قبول نہیں جب تک کہ اس سے پہلے فرض کی ادائیگی نہ ہو چکی ہو” ((لَمَّا حَضَرَ أَبَا بَكْرٍ الْمَوْتُ دَعَا عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ تَعَالَى عَنْهُمَا ، فَقَالَ لَهُ : ” اتَّقِ اللَّهَ يَا عُمَرُ ، وَاعْلَمْ أَنَّ لِلَّهِ عَزَّ وَجَلَّ عَمَلا بِالنَّهَارِ لا يَقْبَلُهُ بِاللَّيْلِ ، وَعَمَلا بِاللَّيْلِ لا يَقْبَلُهُ بِالنَّهَارِ ، وَأَنَّهُ لا يَقْبَلُ نَافِلَةً حَتَّى تُؤَدَّى الْفَرِيضَةُ)) (مسند أحمد)

اسی خدا شناس، خود شناس، وقت شناس اور آخرت شناس ذہنی رجحان نے کل کے حاملینِ قرآن کو انسانیت کا معمار اور قائد بنایا تھا اور اسی کے فقدان نے بعد کے حاملینِ قرآن کو انسانی قافلے کی گزر گاہ میں اڑنے والے غبار کی طرح بے وقعت اور بے اثر بنا دیا ہے۔

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز پیر- ۴ جولائی ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

رمضان کب اور کس کے لئے “مبارک” ہے؟

سورہ البقرہ (آیت ۱۸۴) میں رمضان کے روزے کا حکم دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسی مہینہ میں قرآن نازل کیا گیا؛ جو پوری انسانیت کے لئے “ہدایت، نیز اس ہدایت کے واضح دلائل اور حق و باطل میں فرق کا معیار” فراہم کرتا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ “رمضان کے روزے” اور “قرآنی ہدایت” میں بہت گہرا تعلق ہے۔

در اصل قرآن ایک عملی ہدایت نامہ ہے۔اس سے رہنمائی پانے کے لئے صرف اسے زبان سے پڑھ لینا یا کان سے سن لینا کافی نہیں۔ بلکہ اس کے قاری اور سامع کے اندر حقیقت پسندی اور سنجیدگی کا مزاج ہونا لازمی ہے؛ جس کا نام دینی اصطلاح میں ‘تقوی’ ہے۔ چنانچہ قرآن کے بالکل آغاز (سورہ البقرہ، آیت، ۲) میں ہی یہ بتا دیا گیا کہ اس سے وہی لوگ ہدایت پائیں گے جو “تقوی والے ہیں” (ھدیً للمتقین)۔

اسی تقوی کے رجحان کو مزید ابھارنے اور تقویت پہنچانے کے لئے رمضان کے روزے فرض کئے گئے(سورہ البقرہ، آیت، ۱۸۳)۔ اس طرح گویا خدا کی آخری کتاب کے نزول کے ساتھ ساتھ اس بات کا خصوصی انتظام کیا گیا کہ اس سے استفادہ کی لازمی صفت (تقوی) کو ہر سال اس کے حاملین کے اندر ری چارج (recharge) کر دیا جائے تاکہ وہ اس ربانی ہدایت نامہ سے اپنے عملی تعلق کی مسلسل شعوری تجدید کرتے رہیں اور اسے تاعمر زندہ اور بار آور رکھ سکیں۔

بنا بریں، ‘رمضان’ اسی وقت آپ کے لئے ‘مبارک’ ہے، جب اس کی سالانہ تربیت سے آپ کے اندر موجود تقوی کی فطری صفت، خوابیدہ حالت (dormant state) سے نکل کر فعال اور نتیجہ خیز شکل (active & productive mode) اختیار کر لے؛ تاکہ قرآنی ہدایت سے آپ کا رشتہ محض لسانی تلاوت اور سلبی سماعت (passive listening) تک محدود نہ رہے؛ بلکہ اس سے آگے بڑھ کر وہ آپ کے فکر و کردار کی انقلابی تشکیلِ نو کا محرک اور نگراں بن جائے۔

رمضان آپ کے لئے کتنا “مبارک” ثابت ہوا؟ یہ جاننے کے لئے آپ کو یہ دیکھنا ہو گا کہ اس کے ذریعہ خدا کی رضا اور جنت کی خاطر، کتنا ضبطِ نفس (self discipline)؛ صبر-شکر (patience-gratitude) اور وقت شناسی (time-consciousness) کے رجحانات آپ کے شعور کی سطح پر ابھرے، گہرے ہوئے اور وہ آپ کی شخصیت اور روز مرہ عملی زندگی کا نمایاں حصہ بن گئے۔

آپ کا مقصدِ اعلی چاہے اس دنیا کی فانی زندگی کو اپنے “ارمانوں کی جنت” بنانا ہو؛ یا آخرت کی لا فانی دنیا میں “خدا کی ابدی جنت” کو پانا ہو؛ دونوں ہی کی خاطر آپ کو مذکورہ معنوں میں ایک “متقیانہ” زندگی گزارنی ہو گی۔ یعنی اپنے مطلوب “مقصدِ اعلی” کے لئے یکسو ہو کر ایک طرف اپنی ساری پونجی، سارا وقت اور ساری توانائی بلا بحث صَرف کرنی ہوگی تو دوسری طرف بہت سی جائز خواہشات اور ذاتی تقاضوں سے بلا شکایت دست بردار ہونا پڑے گا- آپ دین کا سودا کریں یا دنیا کا، دونوں کو پانے کی “قیمت” یہی ایک ہے؛ جس کو ادا کئے بغیر نہ دنیا آپ کے ہاتھ آئے گی نہ دین۔

رمضان اس وقت آپ کے لئے “مبارک” ہے؛ جب وہ آپ کی بصیرت کو اتنا روشن اور آپ کی ہمت کو اتنا بلند کر دے کہ آپ یہ شعوری فیصلہ کر سکیں کہ جب بہر حال “متقی” بن کر جینا اور مرنا ہی ہے؛ تو پھر “دنیوی جنت” کے بجائے “اخروی جنت” کے لئے متقی کیوں نہ بنا جائے؟ اس قسم کے شعوری فیصلہ کے بعد آپ کی سوچ اور عملی روش خود بخود قرآن کے ربانی سانچے میں ڈھلنا شروع ہو جائے گی، آپ کو ‘قربِ خداوندی’ کا لطیف تجربہ ہو گا، آپ والہانہ دعاؤں کی شکل میں خدا سے اپنی محبت اور حاجت کا اظہار کریں گے اور وہ قدم قدم پر آپ کی دستگیری اور رہنمائی فرمائے گا (سورہ البقرہ، آیت، ۱۸۶)۔

خدایا، اپنے فضل و کرم سے “رمضان المبارک” کو حاملینِ قرآن کے لئے ہر اعتبار سے “مبارک” بنا دے۔ (آمین!)

—————

رمضان ڈائری (جون-جولائی 2016)

بروز منگل- ۵ جولائی ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

نفع بخش بنئے یا بے ضرر بن کر جینا سیکھئے

‏(Be Useful to All OR Harmful to None)

آج سے تیس (۳۰) سال پہلے, مالیگاؤں، محلہ ہزار کھولی کی ایک مسجد میں میں مسلم نوجوانوں کی ذہن سازی کے لئے ایک شبینہ عربی مدرسہ چلاتا تھا۔ اس سلسلے میں غالباً بروز سنیچر، ۵ جولائی، 1986 کو عشاء بعد میں نے سورہ البقرہ کی آیت “ھدیً للمتقین” پر ایک درسِ قرآن دیا۔ آخر میں حسبِ معمول اس کا تحریری خلاصہ املاء کرایا؛ جس میں میری کوشش یہ ہوتی تھی کہ وہ طبعی قوانین (physical laws) کی طرح ایک یا چند جامع، معنی خیز اور فکر انگیز جملوں پر مشتمل ہو۔ میری یاد داشت کے مطابق، مذکورہ درس کی تلخیص کا پہلا جملہ یہ تھا:

“عالمِ خارجی پر ہمارا تصرف، عالمِ داخلی پر ہمارے تصرف کے متناسب ہوتا ہے”۔

میں سمجھتا ہوں، اس جملہ کی معنویت (relevance) آج بھی باقی ہے اور میں اسے اس “رمضان ڈائری-۲۰۱۶” کے اختتامی خلاصے کے طور پر یہاں نقل کر رہا ہوں؛ جس کا ہر یومیہ گویا میرے گزشتہ ۳۰ سالہ مطالعے، مشاہدے اور تجربات کی روشنی میں اسی اصول یا قانون کے کسی تطبیقی پہلو (applied aspect) کی تشریح کرتا ہے۔

اس قانون کی رو سے، زندگی نام ہے: ‘اثر پذیری’ اور ‘اثر اندازی’ کے دو طرفہ تعامُل کا۔ ایک زندہ وجود (پودا، جانور، انسان وغیرہ) ہر وقت اپنے گرد وپیش (ماحول) سے کوئی منفی یا مثبت اثر لیتا بھی ہے اور اس کے اوپر اپنا منفی یا مثبت اثر ڈالتا بھی ہے۔ کسی شئے اور اس کے ماحول کے ما بین تاثیر اور تاثر کے اس تبادلہ کا ختم ہو جانا، اس بات کی علامت ہے کہ وہ شئے اب زندہ نہیں رہی، اس پر ‘موت’ واقع ہو چکی۔

انسان، استثنائی طور پر، ذی عقل و ارادہ مخلوق ہے؛ جس کی بنا پر وہ، نباتات اور دیگر جانداروں کے بر عکس، اپنے گرد و پیش کے ساتھ ہونے والے اس تبادلۂ تاثیر و تاثر (exchange of mutual influence) کا شعوری ادراک رکھتا ہے اور بڑی حد تک اس کی مثبت اور منفی نوعیت کا آزادانہ انتخاب کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی جسمانی صحت سے لے کر اخلاقی رویہ تک کے بارے میں اپنے ضمیر اور سماج اور بالآخر اپنے خالق و مالک کے سامنے جوابدہ ہے۔

مثلاً جب آپ بیمار ہوتے ہیں، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے جسم نے، کھانے پینے اور رہن سہن کے بعض معمولات کی وجہ سے عارضی یا دائمی طور پر اپنی یہ داخلی صلاحیت کھو دی ہے کہ اپنے خارجی ماحول کے “صحت بخش عوامل” سے فیض یاب ہو اور “بیمار کُن عوامل” کی زد سے اپنا تحفظ کر سکے۔ ایسی حالت میں خود آپ کا ‘بیمار وجود’ بھی اپنے ماحول کی آلودگی اور کثافت میں اضافہ کرکے اس پر منفی اثر ڈالتا ہے۔ دوا، علاج اور پرہیز وغیرہ کے ذریعہ جسم کی اسی اندرونی صلاحیت (immune system) کو بحال کیا جاتا ہے تاکہ وہ از سرِ نو اپنے ماحول کے ساتھ مثبت تاثیر و تاثر کا رشتہ استوار کر لے۔

ٹھیک یہی معاملہ آپ کی شخصیت کے روحانی، اخلاقی اور سماجی پہلووں کا ہے۔ اپنی داخلی دنیا (یعنی آپ کے خیالات، جذبات، ذہنی صلاحیتوں اور عملی روش وغیرہ) میں آپ کا تصرف (برتاؤ) جس قدر مثبت، صحت مند اور ذمہ دارانہ، یا اس کے الٹا ہو گا؛ اسی قدر آپ اپنی خارجی دنیا اور اس سے ملی ہوئی چیزوں یا اس میں پیش آنے والے واقعات و حوادث سے منفی یا مثبت اثر قبول کریں گے نیز اسی تناسب سے ان کے اوپر اپنا منفی یا مثبت اثر ڈالیں گے۔ لہذا “خارجی دنیا” سے “فائدہ” اٹھانے یا اس کے “ضرر” سے بچنے کے لئے انسان کو اپنی “داخلی دنیا” میں صحیح اور ذمہ دارانہ برتاؤ اختیار کرنا پڑے گا۔

انسان اور مسلمان ہونے کا کم سے کم تقاضہ یہ ہے کہ آپ اپنے گرد وپیش کی دنیا کے لئے نفع بخش نہیں بن سکتے تو اس کے لئے بے ضرر بن کر رہیں (Be Useful to All Or Harmful to None)۔ اگر آپ اپنے ماحول پر کوئی ‘مثبت اثر’ نہیں ڈالتے تو اس کے منفی اثر سے خود بچئے اور اسے اپنے منفی اثرات سے بچائیے۔ بصورتِ دیگر، سخت اندیشہ ہے کہ اپنے خالق و مالک کی نظر میں شاید آپ کی گنتی نہ انسانوں میں ہو اور نہ مسلمانوں میں۔۔۔!!

عید مبارک (ابو صالح انیس لقمان ندوی۔ ابو ظبی)

_________

بروز بدھ- ۶ جولائی ، ۲۰۱۶

‏ASAL Nadwi-Abu Dhabi

عید کا گلدستہ___ ‘رمضان’ (ر م ض ا+ن)

یہ ایک ‘فکری یا معنوی گلدستہ’ (A Bouquet of Thoughts) ہے؛ جس کو میں درد اور دعا میں ڈوبی ہوئی اپنی نیک خواہشات کے ساتھ، عید الفطر (2016) کے موقع پر اپنے اہل و عیال، احباب نیز وسیع تر اسلامی اور انسانی برادری کو از راہِ تہنیت پیش کرتا ہوں۔

عام نقطۂ نظر سے مذکورہ عنوان کو بر عکس طور پر یوں ہونا چاہئے تھا کہ ‘عید الفطر’، رمضان کا تحفہ یا گلدستہ ہے نہ کہ ‘رمضان’، عید کا گلدستہ۔

مگر یہاں ‘رمضان’ سے مراد ھجری کیلنڈر کا وہ مہینہ نہیں جو ابھی ابھی گزرا اور وہ اب گیارہ مہینوں بعد ہی لوٹ کر آئے گا۔ بلکہ یہاں ‘رمضان’ سے میری مراد ایک ‘چار نکاتی منصوبۂ کردار سازی’ (Four Point Character-building Program) ہے، جسے ایک صاحبِ ایمان کی روز مرہ زندگی کا اٹوٹ حصہ ہونا چاہئے۔اگر آپ پوری سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ اس ‘رمضان’ منصوبے کو اپنا لیں؛ تو مجھے یقین ہے کہ، خدا کی توفیق سے، آپ کے اندر قرآن کی مطلوب ‘ربانی شخصیت’ پروان چڑھے گی؛ اس کا ہمہ جہتی روحانی و اخلاقی ارتقاء تا عمر بلا انقطاع جاری رہے گا؛ اور جو بالآخر ‘نفسِ مطمئنہ’ کے درجۂ کمال تک جا پہنچے گی؛ جس کی ابدی رہائش گاہ وہ ‘پُر سکینت گھر’ (“دار السلام”، سورہ یونس، آیت، ۲۵) ہے، جو خالقِ کائنات کا لا ثانی شاه کار ہے۔ یہاں یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ رمضان کے روزے کی فرضیت اور اس میں نزولِ قرآن کا اصل مقصد بھی بلا شبہ یہی ہے کہ ہر انسان کو ربانی سانچے میں ڈھال کر اسے ‘دار السلام’ کی رہائش کے قابل بنایا جائے ۔

بہ آسانی سمجھنے اور ذہن نشین کرنے کے لئے اس عملی منصوبۂ کردار سازی کے چاروں کلیدی نکات کو لفظِ ‘رمضان’ کے حروف سے اخذ کیا گیا ہے تاکہ جب بھی آپ یہ لفظ بولیں یا سنیں تو وہ ان کی یاد دہانی بن جائے۔ وہ چار نکات حسبِ ذیل ہیں: ر=رحمت؛ م=مغفرت؛ ض=ضمانت؛ (ا+ن)=اللہ/اسلام کی نصرت۔

اس منصوبہ کو موثر طور پر نافذ کرنے کا رہنما اصول یہ ہے___ اگر آپ “رب کی نوازش پانے والے” بننا چاہتے ہیں؛ تو آپ “رب کی نوازش بانٹنے والے” بن جائیے۔ یعنی جب آپ ماہِ رمضان کے روزہ و عبادت اور اس میں نازل ہونے والے قرآن کی تلاوت اور تعمیل سے یہ امید رکھتے ہیں کہ اپنے رب کی رحمت اور مغفرت اور اس کی جنت کی ضمانت پا سکیں؛ تو آپ کو عملاً دوسروں کے لئے اسی رحمت اور مغفرت اور جنت کی ضمانت کا مظہر اور ذریعہ بن کر اس دنیا میں رہنا ہو گا۔

اس رہنما اصول کے مطابق، ‘رمضان’ منصوبے کے چاروں نکات کی مختصر تشریح یوں ہو گی:

1- ر= رحمت___ترمذی کی مشہور روایت ہے کہ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا :” الرَّاحِمُونَ يَرْحَمُهُمُ الرَّحْمَنُ , ارْحَمُوا مَنْ فِي الأَرْضِ يَرْحَمْكُمْ مَنْ فِي السَّمَاءِ” (جو رحم کرنے والے ہیں؛ انہیں پر رحمان بھی رحم کرتا ہے۔ تم زمین والوں پر مہربانی کرو؛ ‘آسمان والا’ تم پر مہربان ہو گا)۔اللہ رب العالمین کی نمایاں ترین صفت اس کی رحمت ہے، اسی طرح دینِ اسلام کی امتیازی خصوصیت اس کا دینِ رحمت ہونا ہے اور پیغمبرِ اسلام کا سب سے بڑا لقب “رحمة للعالمین” ہے۔ ظاہر ہے اگر آپ کی اپنی ذات و صفات اس رحمت کی آئینہ دار نہ ہو؛ تو گویا آپ کا کوئی بھی شعوری تعلق نہ دینِ رحمت سے ہے، نہ اس کے لانے والے رسولِ رحمت (صلعم) سے اور نہ ہی ان کو بھیجنے والے خدائے رحمان و رحیم سے۔ پھر آپ خود فیصلہ کیجئے کہ ایسی حالت میں آپ دنیا یا آخرت میں کسی قسم کی رحمت کے امیدوار یا حقدار کیسے ہو سکتے ہیں؟!

2- م= مغفرت___آخرت میں اپنے گناہوں کی بخشش کو یقینی بنانے اور ابدی نجات پانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اس دنیا میں دوسروں کی لغزشوں، کوتاہیوں بلکہ ایذاء رسانیوں کو بخش دیں (سورہ آل عمران، آیت، ۱۳۴؛ سورہ الجاثیہ، آیت، ۱۴-۱۵؛ سورہ الشوری، آیت، ۴۳، وغیرہ)۔ قرآن کے علاوہ پیغمبرِ اسلام (صلعم) کی حدیثوں میں بار بار اس کی ترغیب دی گئی ہے اور آپ (صلعم) کی پوری زندگی اس کا بہترین عملی نمونہ پیش کرتی ہے۔

3- ض= ضمانت___یعنی “جهنم سے امان اور جنت میں داخلے کی ضمانت”۔ اس کے لئے آپ کو اس زمین پر دوسروں کا بے لوث خیر خواہ اور ان کے لئے بالکل بے ضرر بن کر جینا ہو گا۔ “مومن اور مسلم” کے لغوی معنی ہیں: ‘ امن اور سلامتی دینے والا’۔ اسی بنا پر احادیث میں بڑی کثرت اور شدت سے یہ بات کہی گئی ہے کہ وہ شخص صاحبِ ایمان اور صاحبِ اسلام نہیں ہو سکتا جس کی شر انگیزی یا فتنہ پردازی سے دوسرے لوگ امن و امان میں نہیں۔ صحیح مسلم کی ایک روایت میں آپ (صلعم) نے خدا کی قسم کھا کر فرمایا کہ جنت میں داخلے کے لئے ایمان شرطِ لازم ہے اور ایمان کے لئے باہمی محبت شرطِ لازم اور باہمی محبت کی شرطِ لازم ہے: آپس میں امن اور سلامتی کی فضا قائم کرنا۔

4-(ا+ن)= اللہ/اسلام کی نصرت___ اللہ کی نصرت کا مطلب اس کے دین یعنی اسلام کی نصرت بذریعۂ دعوت ہے اور اس کی خاطر حسبِ ضرورت اپنے جان و مال اور وقت کی قربانی دینا ہے۔ ایسا کرنے والوں کو قرآن میں “انصار اللہ”( خدا کے مددگار) کہا گیا ہے [سورہ الصف، آیت، 14] اور خدا نے ان کی مدد کا پختہ وعدہ کیا ہے(سورة محمد، آيت، 7) یہ نکتہ “رمضان” منصوبے کا واحد خارجی نشانہ ہے جس کا نفاذ داخلی استعداد اور خارجی حالات کی حقیقت پسندانہ رعایت سے انفرادی اور اجتماعی دونوں سطح پر کیا جائے گا؛ جبکہ اوّل الذکر تین نکات اس کے داخلی نشانے ہیں جو ہر صاحبِ ایمان سے ہر جگہ اور ہر حالت میں فردًا فردًا مطلوب ہیں۔

دعا گو، طالبٰ دعا:

ابو صالح انیس لقمان ندوی ، ابو ظبی

اختلاف کے مسئلہ کا واحد حل

اختلاف کے مسئلہ کا واحد حل

فکر و نظر یا ذوق و عمل میں اختلاف بذات خود کوئی مسئلہ نہیں۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے، جب اس قسم کے باہمی “اختلاف” کو ایک دوسرے کی “مخالفت” کا ذریعہ بنا دیا جائے۔ 

تاہم بعض اختلافات ایسے ہوتے ہیں، جو ڈائیلاگ یا ڈسکشن سے نہ رفع ہو سکیں نہ اس حد تک کم ہو سکیں کہ آپ ان کے باوجود فریق ثانی کے ساتھ اپنا اتحاد قائم رکھیں۔ ایسی حالت میں اسلام اور دانشمندی دونوں کا تقاضہ یہ ہے کہ آپ اختلاف کو “گوارا” کریں۔ اس کی بنیاد پر دوسرے فریق کی مخالفت میں کوئی تحریک یا ہنگامہ نہ برپا کریں-اسی کا نام رواداری (tolerance) ہے جس کا اعلان اور عملی مظاہرہ، ایک برتر معاشرتی اور بین اقوامی اصول کی حیثیت سے تاریخ میں سب سے زیادہ نمایاں طور پر اسلام نے کیا۔ قرآن مجید میں اسی کو لا اکراہ فی الدین اور لکم دینکم ولی دین وغیرہ سے تعبیر کیا گیا ہے۔ جبکہ آج اقوام متحدہ کے عالمی منشور کے تحت یہ اصول، بالاتفاق، انسانی تہذیب کی سب سے اعلی قدر کی حیثیت اختیا کر چکا ہے۔

‘رواداری’، خدا کا ایک آفاقی قانون ہے جس پر اس کائنات کی ہر شئے کا وجود اور اس کی بقا کا دار مدار ہے۔ رواداری کا مطلب ہے اپنے گرد و پیش میں موجود فطری یا فکری اختلافات سے نہ ٹکرانا اور ان کے درمیان یا اطراف سے اپنی مطلوبہ منزل کی سمت یکسوئی کے ساتھ رواں دواں رہنا۔ کائنات کی چھوٹی بڑی ہر چیز رواداری کے اس قانون پر بلا شرط اور بلا بحث پابندی سے عمل کرتی ہے اس لئے کائنات کا پورا نظام نہایت معیاری شکل میں پُر امن طور پر چل رہا ہے۔ یہ صرف انسان ہے جو رواداری کے اس آفاقی اصول کو اپنی انانیت اور گھمنڈ کی بنا پر توڑتا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انسانی دنیا کے فطری اور فکری اختلافات کہیں نظری مخالفت، کہیں اشتعال انگیز بحث و تکرار اور کہیں پر تشدد اور ہولناک جنگ کی صورت اختیار کر لیتے ہیں جن سے صرف بد امنی عام ہوتی ہے اور انسانی مسائل میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

اختلاف کا مسئلہ خواہ ایک مذہب یا فرقے کے مختلف مسلکوں کے ما بین پیدا ہو، یا دو قوموں اور مذہبوں یا ملکوں کے درمیان ظاہر ہو، اس کا واحد آفاقی حل روداری ہے جس کا سبق کائناتی اسکرین پر عالم بالا کی کہکشاؤں سے لے کر زمین کے حشرات تک، ہر شئے کی زبان سے ہر وقت دیا جارہا ہے، مگر بہت کم انسان ہیں جو اس کائناتی سبق کو دھیان سے سنیں اور اس پر عمل کریں۔ 

انیس لقمان ندوی۔ ابو ظبی۔ ۳۰ دسمبر ۲۰۱۵